1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امپائر سے جھگڑا، پاکستان کپ سے یونس خان کا واک آوٹ

طارق سعید، فیصل آباد23 اپریل 2016

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سرکردہ بیٹسمین یونس خان امپائرز سے جھگڑے کے بعد پاکستان کپ سے واک آوٹ کر گئے ہیں۔ یونس خان صوبہ خیبر پختون خواہ کی ٹیم کے کپتان تھے۔

یونس خان اور شعیب ملکتصویر: DW/A. Baloch

تفصیلات کے مطابق یونس خان کو جو صوبہ خیبر پختون خواہ کے کپتان تھے، شعیب ملک کی تھرو پر جمعہ کو اس وقت رن آوٹ دیا گیا جب انکا بلا کریز میں لگنے کے بعد اٹھ گیا تھا۔ بعد ازاں پنجاب کے باولر عامر یامین کی ایک ہائی فل ٹاس کو نو بال نہ دینے پر یونس خان اور مشتعل ہو گئے۔ انہوں نے میچ کے بعد ناصرف انعامی تقریب میں اپنی ناگواری کا اظہار کیا بلکہ بعد ازاں ریزرو امپائر راشد ریاض سے جا کر جھگڑا بھی کیا۔

ذرائع کے مطابق یونس خان نے امپائر کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایسے فیصلے ہوتے رہے تو نقصان امپائرز کو ہوگا۔ غور طلب بات یہ ہے کرکٹ کے نئے قوانین کے مطابق یونس خان کو رن آوٹ دینے کا ٹیلی ویژن امپائر شاذب رضا کا فیصلہ درست تھا البتہ فیلڈ امپایر ریاض الدین اور ساجد آفریدی کے نو بال نہ دیے جانے نے جلتی پر تیل کا کام کیا۔

اس واقعہ کے بعد میچ ریفری عزیزالرحمن نے یونس خان کو پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت لیول ٹو کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا۔ جس پر احتجاج کرتے ہوے خان نے ہفتے کی صبح ٹورنامنٹ کا بایکاٹ کر دیا۔

\

پاکستان کپ میں سارے پاکستان کے اہم کھلاڑی مختلف ٹیمیوں میں شامل ہیںتصویر: DW/A. Baloch

یونس خان پاکستان کپ میں خیبر پختون خواہ کی قیادت کر رہے تھے اور انکی ٹیم اسلام آباد سے ہارنے کے بعد پنجاب کو دو رنز سے ہرا چکی ہے۔ کے پی کے ٹیم مینجر مختار حسین نے ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے اس بات کی تصدیق کی کی یونس خان فیصل آباد سے کراچی چلے گئے ہیں۔ مختار حسین کے مطابق یونس خان امپائرنگ کے معیار اور خود پر میچ فیس کے سوفیصد جرمانے کے فیصلوں سے خوش نہیں تھے۔ واضح رہے کہ یونس نے اسلام آباد کے خلاف میچ میں مصباح لاحق کو ایل بی ڈبلیو آوٹ نہ دینے پر بھی امپائر کو آڑھے ہاتھوں لیا تھا۔ دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ کی چارج شیٹ میں یونس پر الزام تھا کہ انہوں نے امپائر کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں ہیں۔

گز شتہ برس اڑتیس سالہ یونس خان نے پاکستان کی جانب سے جاوید میانداد کے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 8,832 رنز کا ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔ انہیں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ 31 ٹیسٹ سینچریاں بنانے کا بھی اعزاز ہے۔ یونس کا ٹورنامنٹ سے واک آوٹ کرنا پہلے سے دباو کا شکار پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ کے لیے مزید مشکلات کھڑا کر سکتا ہے۔

مختار حسین نے بتایا کہ یونس کی جگہ احمد شہزاد کو خیبر پختون خواہ کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جو اس سے پہلے نائب کپتان تھے۔ خیبر پختون خواہ اپنا اگلا میچ اتوار کو بلوچستان کے خلاف اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔ بلوچستان کی قیادت اظہرعلی کر رہے ہیں۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں