1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امکانات روشن ہیں، محمد عمران

عاطف بلوچ27 جون 2015

پاکستان اور بھارت کے مابین کھیلا گیا میچ دو دو گول سے برابر ہونے کے باوجود پاکستانی قومی ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عمران کا کہنا ہے کہ وہ پُرامید ہیں کہ پاکستانی ٹیم ریو اولمپک 2016ء کے لیے کوالیفائی کر لے گی۔

تصویر: DW/A. Baloch

بیلجیم کے شہر اینٹورپ میں جاری ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنلز کے سلسلے میں جمعے کے دن کھیلے گئے ایک پول میچ بھارت کے خلاف دو گول کرنے والے پاکستانی کپتان محمد عمران کہتے ہیں، ’’اگرچہ بھارت کے خلاف کھیلا گیا یہ میچ برابر ہو گیا ہے لیکن مجھے خوشی ہے کہ کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی دیکھائی۔ ہم یہ میچ جیت بھی سکتے تھے۔‘‘

کپتان عمران نے مزید کہا کہ اس پول میچ کی غلطیوں سے سکیھتے ہوئے وہ آئندہ میچوں کے لیے بہتر تیاری کریں گے۔ عمران کے بقول اس ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے وہ پاکستانی عوام کو ایک تحفہ دیں گے۔

پاکستانی ٹیم اٹھائیس جون کو فرانس کے خلاف اپنے پول میچ کے لیے میدان میں اترے گیتصویر: DW/A. Baloch

عمران کے مطابق وہ اپنے کھلاڑیوں کی کارکردگی سے بھی مطمئن ہیں، ’’مجھے خوشی ہے کہ بھارت کے خلاف میں نے دو گول کیے۔ اس میچ سے میرے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور میری کوشش ہو گی کہ میں مزید بہتر کھیل پیش کروں۔‘‘

بھارتی کپتان سردار سنگھ نے بھی کہا کہ دونوں ٹیموں نے ایک انتہائی اچھا میچ کھیلا، جس کی بدولت اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے بھی انجوائے کیا، ’’پاکستان کے خلاف کھیلنا ایک اچھا تجربہ ہوتا ہے۔ دونوں ٹیموں نے اچھا کھیل پیش کیا۔ ہم خوش قسمت رہے کہ ہم نے یہ میچ برابر کر دیا۔‘‘

پاکستانی ٹیم اٹھائیس جون کو فرانس کے خلاف اپنے پول میچ کے لیے میدان میں اترے گی۔ عمران کے مطابق انہیں امید ہے کہ وہ اس میچ میں کامیابی حاصل کر کے تین پوائنٹس حاصل کر لیں گے۔ اس وقت پول اے میں بھارت کی ٹیم پہلے نمبر پر ہے، اور اس کے پوائنٹس کی تعداد سات ہے جبکہ پاکستانی ٹیم کے پوائنٹس چار بنتے ہیں۔

بیلجیئم کے شہر اینٹورپ میں جاری ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنلز کے سلسلے میں جمعے کے دن کھیلے گئے ایک پول میچ بھارت اور پاکستان کے مابین دو دو سے برابر رہا تھا۔ اس میچ میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور اسٹیڈیم میں موجود پاکستانی اور بھارتی شائقین نے کھلاڑیوں کو دل کھول کر داد دی۔

اس وقت پول اے میں بھارت کی ٹیم پہلے نمبر پر ہےتصویر: DW/A. Baloch

اس میچ کو دیکھنے کے لیے یورپ بھر میں مقیم پاکستانی اور بھارتی شائقین کی ایک بڑی تعداد نے اسٹیڈیم کا رخ کیا۔ بیس جون سے شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ کا یہ پہلا میچ تھا، جس میں تماشائیوں کی سب سے زیادہ تعداد موجود تھی۔ پاکستانی کوچ شہناز شیخ کے بقول یہ میچ ابھی تک ٹورنامنٹ کا سب سے زیادہ جاندار اور بہترین میچ تھا۔

یہ امر اہم ہے کہ پاکستانی ٹیم کا ریو اولمپک مقابلوں کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے اس ٹورنامنٹ میں وکٹری اسٹینڈ پر آنا انتہائی ضروری ہے۔ پہلے میچ میں پولینڈ کو شکست دینے کے بعد پاکستانی ٹیم اپنے دوسرے میچ میں آسٹریلیا سے چھ ایک سے ہار گئی تھی۔ تاہم بھارت کے ساتھ میچ ڈرا کرنے کے بعد امکانات موجود ہیں کہ پاکستانی ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا مطلوبہ ہدف حاصل کر لے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں