1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انا ہزارے نے بھوک ہڑتال ختم کر دی

28 اگست 2011

بھارت کے دونوں ایوانوں نے سماجی لیڈر انا ہزارے کی کرپشن کے خلاف جاری تحریک اور بھوک ہڑتال کے تناظر میں ان کے مطالبات کی حمایت کردی ہے، جس کے بعد انا ہزارے نے بھوک ہڑتال ختم کر دی ہے۔

تصویر: dapd

بھارتی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں راجیہ سبھا اور لوک سبھا میں حکمران کانگریس اور اپوزیشن بھارتیہ جنتا پارٹی نے انا ہزارے کے مطالبات کی حمایت کردی ہے۔ بھارتی میڈیا نے اس پیش رفت کو تاریخی قرار دیتے ہوئے اسے انا ہزارے کی شاندار فتح سے تعبیر کیا ہے۔

بارہ روز تک بھوک ہڑتال جاری رکھنے کے بعد دارالحکومت نئی دہلی کے ایک میدان میں قائم ان کے کیمپ میں شریک ہزاروں افراد انتہائی پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔ بارشوں سے میدان میں ہر طرف کیچڑ پھیل چکا ہے لیکن انا اور ان کے ساتھیوں کے حوصلے بلند رہے۔ ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بارہ روز سے لوگ ان کے ساتھ اس میدان میں موجود ہیں اور ملک بھر میں بھی لوگ ان کے ساتھ دل ملائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ  بھارتی پارلیمنٹ کی جانب سے جو اعلان سامنے آیا ہے وہ بھارتی عوام کی جیت کا عکاس ہے۔

بارہ روز کے دوران ان کے وزن میں ساڑھے سات کلو گرام کی کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے اپنی بھوک ہڑتال ختم کرنے کے اعلان میں یہ بھی واضح کیا کہ وہ اپنے مطالبات کے حق میں تا دم مرگ بھوک ہڑتال کا عہد کیے ہوئے تھے۔ بھارتی پارلیمنٹ نے ان کے تین مطالبات کو انسداد کرپشن کے مسودہٴ قانون میں شامل کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

انا ہزارے کا وزن ساڑھے سات کلو گرام کم ہو چکا ہےتصویر: dapd

ان مطالبات کے تحت بھارت کی تمام بیوروکریسی اینٹی کرپشن اتھارٹی کے سامنے جوابدہ ہو گی۔ یہ اینٹی کرپشن اتھارٹی ایک آزاد اور با اختیار ادارہ ہو گا۔ اس کے علاوہ تمام صوبوں میں محتسب کا ادارہ بھی قائم کیا جائے گا۔ ان کا تیسرا مطالبہ شہریوں کے حقوق سے متعلق ہے اور شہری حقوق کا چارٹر ہر سرکاری دفتر میں آویزاں کیا جائے گا۔

 ہفتہ کے روز بھارتی پارلیمنٹ میں اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے حکومتی اور اپوزیشن رہنماؤں کے درمیان بات چیت کا عمل جاری رہا۔ اس مناسبت سے اراکین میں متفقہ لائحہ عمل قائم ہونے کا اعلان وزیر خزانہ پرنب مکھرجی نے کیا۔ نئے مسودہ قانون کی نئی ترش خراش پارلیمانی کمیٹی نئی سوچ کے تحت کرے گی۔

تازہ صورت حال کے بعد بھارتی دارالحکومت میں جاری سیاسی افراتفری کا خاتمہ ممکن ہو گیا ہے۔ ہزارے کی تحریک سے عوامی سوچ میں تیزی سے تبدیلی پیدا ہو رہی تھی۔ عام آدمی کے لیے انا ہزارے ایک نئے عوامی ہیرو کا روپ دھار کر سامنے آئے ہیں۔ میڈیا اور دانشوروں کا متفقہ خیال ہے کہ انا ہزارے وہ پہلے رہنما ہیں جنہوں نے بڑی تیزی سے عوامی شعور اور سوچ میں مثبت تبدیلی پیدا کی ہے۔

 

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:  ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں