1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انتخابات ملتوی نہیں ہوں گے، سوڈانی الیکشن کمیشن

4 اپریل 2010

سوڈان کے قومی الیکشن کمیشن نے انتخابات التواء کو مسترد کر دیا ہے۔ ملک کی اہم اپوزیشن جماعت اُمہ نے ان انتخابات کو چار ہفتوں تک ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور بائیکاٹ کی دھمکی دی تھی۔

عمر البشیر صدارتی انتخابات کے لئے نام درج کرواتے ہوئےتصویر: picture alliance/dpa

اپوزیشن جماعت اور 1986ء میں ہونے والے آخری انتخابات میں فتح حاصل کرنے والی امہ پارٹی نے اپنے مطالبات میں کہا تھا کہ انتخابات کو چار ہفتوں کے لئے ملتوی کیا جائے اور الیکشن کمیشن کے لئے نئی باڈی ترتیب جائے تاکہ انتخابات صاف اور شفاف طریقے سے منعقد ہوں۔ سوڈان کے لئے امریکی مندوب کے مطابق امریکہ کو امید ہے کہ یہ انتخابات اپنے وقت پر منعقد ہوں گے اور ہر طرح سے صاف اور شفاف ہوں گے۔

اپوزیشن کی کئی جماعتیں انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر چکی ہیں جبکہ کئی جماعتوں نے بائیکاٹ کی دھمکی دے رکھی ہے۔

ہفتے کے روز اپنے ایک بیان میں الیکشن کمیشن کے ترجمان عبداللہ احمد عبداللہ نے کہا کہ انتخابات اپنے اعلان کردہ وقت اورتاریخ کے مطابق گیارہ تا تیرہ اپریل کو منعقد ہوں گے۔

سوڈان پیپلز لیبریشن موومنٹ نے انتخابات سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا ہےتصویر: AP

سوڈان کے لئے امریکی مندوب سکاٹ گراشن نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے نمائندوں سے ان کی ملاقاتوں میں انہیں یقین دلایا گیا ہے کہ انتخابات تمام ممکنہ حد تک شفاف ہوں گے۔

اس سے قبل سب سے بڑی اپوزیشن جماعت امُہ پارٹی نے الیکشن کمیشن پر صدر عمرالبشیر کی جماعت نیشنل کانگریس پارٹی کی حمایت کا الزام عائد کیا تھا۔ اُمہ پارٹی نے سلامتی اقدامات کی آڑ میں آزاد میڈیا کی انتخابی عمل کی جانچ پڑتال پر پابندیوں پر بھی کڑی تنقید کی تھی۔ اُمہ پارٹی نے کہا ہے کہ وہ انتخابات میں شریک ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے حتمی فیصلہ منگل کے روز کرے گی۔ تاہم مبصرین کا خیال ہے کہ انتخابات کے التواء کا اعلان نہ کیا گیا تو اس جماعت کی انتخابات میں شمولیت خاصی مشکل دکھائی دیتی ہے۔

صدر عمر البشیر کے حکومتی اتحاد کا حصہ جنوبی سوڈان کی جماعت سوڈان پیپلز لیبریشن موومنٹ نے بھی انتخابات سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔ صدر البشیر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر SPLM نے اپنا فیصلہ واپس نہ لیا تو وہ جنوری میں جنوبی سوڈان کی آزادی کے لئے اعلان کردہ ریفرینڈم کے فیصلے کو منسوخ کردیں گے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : کشورمصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں