1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انتخابی مہم کے دوران یوسف رضا گیلانی کا بیٹا اغوا کر لیا گیا

9 مئی 2013

صوبہ پنجاب کے جنوبی شہر ملتان کے ایک نواحی علاقے میں نامعلوم حملہ آوروں نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو اغوا کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں ان کا ایک ساتھی مارا بھی گیا۔

تصویر: picture-alliance/dpa

نیوز ایجنسی اے ایف پی نے ملتان پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ اغوا کی اس واردات کے بعد شہر کے مختلف مقامات پر ناکے لگا دیے گئے ہیں اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق علی حیدر کو بازیاب کرانے کے لیے فوری کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ ابھی تک اس واردات کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔

صوبائی اسمبلی حلقہ نمبر 200 سے سابق حکمران سیاسی جماعت پیپلز پارٹی کے امیدوار علی حیدر گیلانی کو جمعرات کے دن اس وقت اغوا کر لیا گیا، جب وہ ایک انتخابی مہم کے دوران ملتان کے نواحی علاقے میں گئے ہوئے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار دو افراد نے علی حیدر گیلانی پر اچانک فائرنگ کر دی اور بعد ازاں انہیں سیاہ رنگ کی ہنڈا کار میں لے کر فرار ہو گئے۔

فائرنگ کے نتیجے میں علی حیدر گیلانی کا ایک ساتھی ہلاک جبکہ دیگر پانچ زخمی ہو گئے۔ اعلیٰ پولیس اہلکار خرم شکور نے اے ایف پی کو بتایا، ’’ ہم نے شہر سے باہر جانے والے راستوں پر ناکے لگا دیے ہیں اور سرچ آپریشن جاری ہے۔‘‘ ایک اور پولیس اہلکار عبدالقیوم کے بقول حملہ آوروں کے حملے میں علی حیدر گیلانی کے سیکرٹری غلام محی الدین مارے گئے جبکہ ان کے ایک محافظ سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔

’انتخابات نہیں ہوں گے‘

پیپلز پارٹی کے امیدوار علی حیدر گیلانی کو انتخابی مہم کے دوران اغوا کیا گیاتصویر: picture-alliance/ dpa

علی حیدر گیلانی کے بڑے بھائی علی موسی گیلانی نے پر نم آنکھوں کے ساتھ مقامی میڈیا کو بتایا، ’’ہم آج رات ہی اپنے بھائی کو واپس چاہتے ہیں۔ اگر انہیں بازیاب نہیں کرایا جاتا تو اس علاقے میں انتخابات نہیں ہوں گے۔‘‘

عینی شاہدین نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ حملہ آور پہلے موٹر سائیکل اور گاڑی اس مقام کے قریب لائے، جہاں علی حیدر گیلانی اپنے حامیوں کے ساتھ ملاقات میں مصروف تھے۔ ان کے بقول جب علی حیدر گیلانی اس عمارت سے باہر نکلے تو دو افراد نے فائرنگ شروع کر دی۔ اس انتخابی مہم میں شریک عینی شاہد شہریار علی نے بتایا، ’’ ایک حملہ آور نے علی حیدر کو پکڑ کر گاڑی میں بیٹھا لیا۔‘‘

سابق وزیر اعظم پاکستان اور پیپلز پارٹی کے اہم رکن یوسف رضا گیلانی کے سب سے چھوٹے بیٹے علی حیدر گیلانی کو پارلیمانی انتخابات سے قبل انتخابی مہم کے آخری دن اغوا کیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق یوسف رضا گیلانی نے اپنے بیٹے کی بازیابی کے لیے نگران حکومت اور فوج کی اعلیٰ قیادت سے رابطے کیے ہیں۔

گیارہ مئی کو ہونے والے تاریخی انتخابات میں علی حیدر گیلانی صوبائی نشست پر جبکہ ان کے دو بھائی عبدالقادر گیلانی اور علی موسی گیلانی قومی اسمبلی کی نشستوں پر انتخابات لڑ رہیں ہیں۔

ab/ia (AFP, AP, Reuters)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں