انجلینا جولی بمقابلہ لینارڈوڈی کیپریو
26 جولائی 2010اتوار کے دن سنیما گھروں کی طرف سے جاری کردہ اندازوں کے مطابق ’انسیپشن‘ Inception نے 43.5 ملین ڈالر کا بزنس کیا جبکہ ’سالٹ‘ Salt نے 36.5 ملین ڈالر کا۔ یہ دونوں فلمیں ہی جمعہ کے روز نمائش کے لئے پیش کی گئی تھیں۔
عالمی سطح پر انسیپشن ،56.7 ملین ڈالر کا بزنس کر چکی ہے اور یہ فلم ’ٹوائے سٹوری تھری‘ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ ٹوائے سٹوری تھری نے 43 ممالک میں ابھی تک 62 ملین ڈالر کا بزنس کیا ہے۔
فلم تجزیہ کاروں کا اندازہ ہے کہ انجیلنا جولی کی فلم ’سالٹ‘ صرف امریکہ اور کینیڈا میں ہی چالیس ملین ڈالر کا بزنس کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ دریں اثنا اس فلم کے ڈسٹربیوٹر کولمبیا پیکچرز نے کہا ہے کہ ان کی فلم توقعات کے مطابق لوگوں کو اپنی طرف کھینچنے میں کامیاب ہو رہی ہے۔
تھرلر فلم سالٹ کی تیاری پرایک سو ملین ڈالر کی لاگت آئی ہے۔ اس فلم میں آسٹریلوی ہدایتکار فلپ نوائس نے اپنے جوہر دکھائے ہیں جبکہ اس فلم کے دیگر اداکاروں میں Liev Schreiber اورChiwetel Ojiofor بھی شامل ہیں۔ اس بات کی توقع کی جا رہی ہے کہ ’سالٹ‘ غیر ممالک میں زیادہ کامیاب ہو گی۔ کولمبیا پکچرز کے مطابق بھارت اور تائیوان میں اس فلم نے ابھی تک بہت اچھی ستائش بٹوری ہے جبکہ آئندہ ہفتے اسے نمائش کے لئے جاپان، روس،جنوبی کوریا اور برازیل میں پیش کیا جائے گا۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: افسر اعوان