انجلینا جولی: ملکہ قلوپطرہ بننے کا امکان
13 جون 2010امریکہ کی مشہور ادیبہ اور کالم نگار سٹیسی میڈلین شیف نہایت عرق ریزی کے ساتھ لیجنڈری مصری ملکہ قلوپطرہ کی سوانح عمری ترتیب دے رہی ہیں۔ ان کی یہ کتاب اس سال نومبر میں شائع ہو گی۔ امریکی ادبی حلقوں میں اِس سوانح عمری کا بے چینی سے انتظار کیا جا رہا ہے۔ اس کتاب کا نام ہے: Queen Of The Nile, Cleopatra: A Life یا نیل کی ملکہ: قلوپطرہ، ایک زندگی۔
اس سوانح عمری پر فلم بنانے کے حقوق مشہور فلم ساز سکاٹ روڈن نے حاصل کر لئے ہیں۔ سکاٹ روڈن کو سن 2008ء میں کارمک میکارتھی کے ناول’ نو کنٹری فار اولڈ مین‘ پر بنائی گئی فلم پر بہترین فلم کا آسکر ایوارڈ دیا جا چکا ہے۔ وہ کئی دوسری مشہور فلموں کے فلمساز ہیں۔ اس فلم کے ہدایت کار سٹیون سوڈربرگ ہوں گے۔ سوڈر برگ اکیڈمی ایوارڈ یافتہ ہدایت کار ہیں اور ان کے کریڈٹ پر اور بھی کئی معرکۃ الآرا فلمیں ہیں۔ وہ جدید دور میں فلمی ہدایتکاروں میں ایک خاص اور معتبر حوالہ رکھتے ہیں۔
مصری ملکہ کی سوانح عمری کی مصنفہ کا خیال ہے کہ فلم کے لئے انجلینا جولی سے بہتر کوئی اداکارہ اس دور میں موجود نہیں ہے۔ شیف کی یہ بھی خواہش ہے کہ فلم میں ملکہ کے رومی محبوب مارک انتھونی کا کردار انجلینا جولی کے شوہر بریڈ پِٹ ادا کریں۔ امریکی ادیبہ کو یقین ہے کہ حقیقی زندگی کا یہ جوڑا فلم میں قلوپطرہ اور مارک انتھونی کے کردار میں جان ڈال سکتا ہے اور اس پر وہ دونوں اکیڈمی ایوارڈ بھی یقینی طور پر جیت سکتے ہیں۔
ہالی وڈ نے مصری ملکہ قلوپطرہ پر کم از کم تین بڑی فلمیں بنائی ہیں۔ مصری ملکہ کی طرح لیجنڈ بننے والی ایک فلم کی ہیروئن الزبتھ ٹیلر تھیں اور مارک انتھونی کا کردار ان کے اس وقت کے شوہر رچرد برٹن نے ادا کیا تھا۔ یہ فلمی دنیا میں ایک لیجنڈری فلم کی شہرت رکھتی ہے۔ قلوپطرہ پر ہالی وڈ کے شہرہء آفاق ہدایتکار سیسل بی ڈی میلے نے سن 1934ء میں پہلی بار فلم بنائی تھی، اس میں کلوڈیا کولبرٹ نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ سن 1999ء میں بھی ایک فلم بنائی گئی تھی، جس میں ٹموتھی ڈالٹن نے مارک انتھونی کا کردار ادا کیا تھا اور قلوپطرہ کا کردار چلی کی مشہور ماڈل اور اداکارہ Leonor Varela Palma نے ادا کیا تھا۔ یہ فلم ہالی وڈ کی جانب سے ٹیلی وژن کے لئے بنائی گئی تھی۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: امجد علی