1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انسانی حقوق کمیشن کی سیاسی پارٹیوں پر تنقید

28 مارچ 2023

پاکستان کے انسانی حقوق کمیشن نے مختلف سیاسی جماعتوں کو جمہوریت کو کمزور کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پاکستان اس وقت بدترین اقتصادی بحران کا شکار ہے۔

Pakistan Islamabad | Proteste Regierungsangestellte für Lohnerhöhungen
تصویر: Aamir QURESHI/AFP

شہباز شریف کی قیادت میں ایک کمزور اتحادی حکومت کو اپوزیشن رہنما عمران خان کی جانب سے شدید دباؤ کا سامنا ہے۔ ملک میں عام انتخابات رواں برس اکتوبر میں ہونا ہے تاہم عوامی سطح پر مقبول عمران خان انتخابات جلد از جلد کرانے پر زور دے رہے ہیں۔

اسی تناظر میں عمران خان اور پولیس کے درمیان متعدد مواقع پر جھڑپیں بھی ہو چکی ہیں، جب کہ عمران خان اس وقت متعدد مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔ عمران خان تاہم ان مقدمات کو سیاسی بنیادوں پر گھڑے گئے مقدمات قرار دیتے ہیں۔

انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان کی چیئرپرسن حنا جیلانی نے منگل کو ایک نیوزکانفرنس میں کہا، ''ہم اپوزیشن کی جانب سے انتہائی غیرذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ دیکھ رہے ہیں، جس کے جواب میں تشدد کا استعمال کیا گیا، پولیس کو تذلیل کی گئی اور امن عامہ کو نقصان پہنچایا گیا۔‘‘

ان کا تاہم کہنا تھا، ’’اس کے باوجود ہم حکومت اور ریاست سے انتقامی کارروائیوں سمیت کوئی بھی خراب رویے کی توقع نہیں کرتے ہیں۔‘‘

مجھے گرفتار کر لیا جائے گا، عمران خان

01:23

This browser does not support the video element.

یہ بات اہم ہے کہ عمران خان صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلی تحلیل کر چکے ہیں، اور ان کا مقصد شریف حکومت کو مسائل کا شکار کرنا تھا۔ پاکستانی دستور کے مطابق نئے انتخابات اسمبلی کی تحلیل کے نوے روز کے اندر منعقد ہونا ہیں، تاہم پاکستانی الیکشن کمیشن نے فوج کی جانب سے سکیورٹی کی ضمانت نہ دینے پر انتخابات کے انعقاد سے انکار کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے صوبائی انتخابات کے التوا کے اعلان کے بعد پاکستان میں ایک نئی آئینی بحث چھڑ گئی ہے۔ جیلانی کے مطابق، ’’میری رائے میں صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل ایک خطرناک اور غلط سیاسی راہ تھی اور اس کے پیچھے ایک ایجنڈہ تھا۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’اس کے باوجود ہم پاکستان میں انتخابنات کو انتہائی اہمیت کا حامل سمجھتے ہیں۔‘‘

یہ بات اہم ہے کہ عمران خان نے منگل کو اپنے سینیٹرز کو ایک بار پھر پارلیمان بھیج دیا۔ ایک برس قبل عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے کے بعد سے عمران خان کے حامی اراکین پارلیمان اسمبلیوں سے دور تھے۔

گزشتہ ایک برس کے دوران عمران خان کو بغاوت، کرپشن اور دہشت گردی سمیت متعدد مقدمات کا سامنا ہے۔چند روز قبل ایک عدالت کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کے وارنٹ بھی جاری کیے گئے تاہم عمران خان کے حامیوں اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپوں کے بعد وہ وارنٹ منسوخ کر دیے گئے تھے۔

ع ت/ ر ب (اے ایف پی)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں