1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سائنسامریکہ

انسان پھر سے چاند کی جانب روانہ

عاطف توقیر ، اے ایف پی، ڈی پی اے کے ساتھ | ادارت | جاوید اختر
2 اپریل 2026

بدھ کے روز فلوریڈا سے چار خلا باز ناسا کے آرٹیمس ٹو مشن کے تحت روانہ ہوئے، جو چاند کے گرد ایک اہم اور حساس سفر ہے۔ اسے امریکہ اور چین کے درمیان خلائی دوڑ کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔

آرٹیمس ٹو راکٹ فضا میں بلند ہوتے ہوئے
آرٹیمس ٹو مشن چاند کے سفر پر روانگی کے موقع پرتصویر: Jim Watson/AFP

ناسا کا آرٹیمس ٹو مشن امریکہ کی جانب سے اس دہائی کے اختتام تک انسانوں کو دوبارہ چاند پر لے جانے کی کوششوں میں اب تک کا سب سے بڑا قدم سمجھا جا رہا ہے۔ تاہم اسے چین کے ساتھ جاری خلائی دوڑ کے تناظر میں بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

ناسا کا طاقتور اسپیس لانچ سسٹم (ایس ایل ایس) راکٹ، جس پر اورائن  عملے کا کیپسول نصب ہے، فلوریڈا کے کیپ کیناورل میں واقع کینیڈی اسپیس سینٹر سے بدھ کی شام روانہ ہوا۔

اس مشن میں چار خلا بازو شامل ہیں جن میں تین ریڈ وائزمین، وکٹر گلوور اور کرسٹینا کوچ، امریکی جبکہ جیریمی ہینسن کینیڈین ہیں۔

ناسا کے ایڈمنسٹریٹر جیرڈ آئزک مین کے مطابق یہ لانچ آئندہ مشنز کا آغاز ہے، جن میں چاند پر ایک مستقل بیس کی تعمیر بھی شامل ہوگی تاکہ وہاں انسانی موجودگی کو طویل مدت تک برقرار رکھا جا سکے۔

اگر مشن منصوبے کے مطابق جاری رہا تو خلا باز تقریباً دس دن کے دوران چاند کے گرد چکر لگا کر زمین پر واپس آئیں گے۔ اس دوران وہ خلائی جہاز کی کارکردگی کو مختلف آزمائشوں سے گزاریں گے اور انسانی تاریخ میں پہلے سے کہیں زیادہ ڈیپ اسپیس تک سفر کریں گے۔

اس مشن میں چار خلانورد شامل ہیںتصویر: John Raoux/AP Photo/picture alliance

یہ مشن آرٹیمس پروگرام کی پہلی انسان بردار آزمائشی پرواز ہے، جسے سرد جنگ کے دور کے اپالو پروگرام کا تسلسل بھی قرار دیا جا رہا ہے۔ گزشتہ 53 برسوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ انسان زمین کے مدار سے باہر چاند کے قریب جائے گا۔

یہ مشن دراصل چاند پر انسانی لینڈنگ کے لیے ایک اہم ''ڈریس ریہرسل‘‘ سمجھا جا رہا ہے۔ ناسا کا ہدف ہے کہ 2028 تک آرٹیمس فور مشن کے تحت چاند کے جنوبی قطب پر خلا بازوں کو اتارا جائے۔ یہ اہم ہے کہ چین دو ہزار تیس تک چاند کے اسی خطے میں اپنا مشن بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

واضح رہے کہ چاند پر آخری بار انسان 1972 میں اپالو مشن کے دوران گیا تھا، اور اب تک یہ کارنامہ صرف امریکہ نے ہی انجام دیا ہے۔

تقریباً تین سال کی تربیت کے بعد یہ عملہ آرٹیمس پروگرام کے تحت خلا میں جانے والا پہلا گروپ ہے۔ یہ پروگرام 2017 میں شروع کیا گیا تھا، جس کا مقصد چاند پر طویل مدتی امریکی موجودگی قائم کرنا اور مستقبل میں مریخ کے مشنز کی بنیاد رکھنا ہے۔

تاریخ کا طویل ترین انسانی خلائی سفر

آرٹیمس ٹو مشن کے تحت خلا باز تقریباً دو لاکھ باون ہزار میل یعنی چار لاکھ چھ ہزار کلومیٹر کا سفر کریں گے۔ یہ سفر انسانی تاریخ کا اب تک کا سب سے طویل خلائی سفر ہوگا۔

انسان کی 50 سال بعد چاند کو واپسی

03:17

This browser does not support the video element.

اس سے قبل یہ ریکارڈ 1970 کے اپالو 13 مشن کے پاس تھا، جس میں خلا باز تکنیکی خرابی کے باعث چاند پر اترنے میں ناکام رہے تھے۔

ناسا نے 2022 میں پہلا آرٹیمس مشن بغیر عملے کے کامیابی سے مکمل کیا تھا۔ آرٹیمس ٹو اس پروگرام کا اگلا اہم مرحلہ ہے، جس کی لاگت فی لانچ دو سے چار ارب ڈالر کے درمیان بتائی جاتی ہے۔

دوسری جانب ایلون مسک کی اسپیس ایکس اور جیف بیزوس کی بلیو اوریجن بھی ایسے خلائی لینڈرز تیار کرنے میں مصروف ہیں، جن کے ذریعے خلا بازوں کو چاند پر اتارا جائے گا۔

ابتدائی طور پر آرٹیمس تھری کو چاند پر انسانی لینڈنگ کے لیے ترتیب دیا گیا تھا لیکن ناسا کے نئے ایڈمنسٹریٹر جیرڈ آئزک مین نے اس منصوبے میں ایک اضافی آزمائشی مشن شامل کر دیا ہے تاکہ کامیابی کے امکانات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ یوں اب انسان کو چاند پر اتارنے والا مشن آرٹیمس فور ہو گا۔

 

کئی دہائیوں کے بعد چاند پر اترنے کے لیے امریکہ کا اولین مشن

02:11

This browser does not support the video element.

جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں