1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سعودی عرب، بھارت دہشت گردی کے خلاف مل کر جنگ کے لیے پرعزم

جاوید اختر، نئی دہلی
20 فروری 2019

سعودی عرب اور بھارت نے دہشت گردی کوانسانیت اور آئندہ نسلوں کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے اس کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کا عزم ظاہر کیا ہے تا کہ دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جا سکے۔

بھارتی وزیر اعظم مودی نے نئی دہلی پہنچنے پر سعودی ولی عہد کا ذاتی طور پر استقبال کیاتصویر: Reuters/A. Abidi

دونوں ملکوں نے دہشت گردی کو ناکام بنانے اور اس خطرے سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے علاوہ دہشت گردی کی کسی بھی صورت میں حمایت کرنے والے ممالک پر ہر ممکن دباؤ ڈالنے پر بھی اتفاق کیا۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع پلوامہ میں گزشتہ ہفتہ کیے گئے دہشت گردانہ حملے کے پس منظر میں نئی دہلی کے دو روزہ دورے پر آئے ہوئے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلطان اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے باہمی تبادلہ خیال کے بعد بدھ بیس فروری کو ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب بھی کیا۔

پرنس محمد بن سلمان نے کہا، ’’جہاں تک دہشت گردی اور انتہا پسندی کا سوال ہے، یہ ہمارے دونوں ممالک کے لیے یکساں طور پر تشویش کا باعث ہے۔ ہم اپنے دوست بھارت کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہم اس سلسلے میں ہر طرح کا تعاون کریں گے، چاہے وہ خفیہ اطلاعات کا تبادلہ ہو یا دیگر اقدامات۔ ہم آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔‘‘ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کا کہنا تھا، ’’گزشتہ ہفتہ پلوامہ میں جو انسانیت سوز دہشت گردانہ حملہ کیا گیا، وہ دنیا کو لاحق اس انسانیت دشمن خطرے کا ایک اور ناقابل تردید ثبوت ہے۔‘‘

نریندر مودی ایئر پورٹ ہر محمد بن سلمان کو پھول پیش کرتے ہوئےتصویر: Reuters/A. Abidi


اس خطرے سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے مابین اس بات پر بھی اتفاق رائے ہو گیا کہ دہشت گردی کی کسی بھی صورت میں حمایت کرنے والے ممالک پر ہر ممکن دباؤ ڈالنے کی ضرورت ہے۔ بھارتی وزیر اعظم مودی نے پاکستان کا نام لیے بغیر مزید کہا، ’’انتہا پسندی کے خلاف تعاون اور اس کے لیے ایک مضبوط حکمت عملی کی بھی ضرورت ہے تاکہ تشدد اور دہشت گردی کی حامی طاقتیں ہمارے نوجوانوں کو گمراہ نہ کر سکیں۔ مجھے خوشی ہے کہ سعودی عرب اور بھارت اس بارے میں مشترکہ موقف رکھتے ہیں۔‘‘

اس مشترکہ پریس کانفرنس میں سعودی ولی عہد نے پلوامہ میں ہوئے دہشت گردانہ حملے یا بھارت کے دعوے کے مطابق اس میں پاکستان کی جانب سے دہشت گردوں کی مبینہ مدد کے بار ے میں کچھ بھی نہ کہا۔

وزیر اعظم مودی نے کل رات جس طرح پروٹوکول کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ہوائی اڈے پہنچ کر سعودی شہزادے کا خیر مقدم کیا تھا، اس کے بعد یہ امید کی جا رہی تھی کہ سعودی مہمان اس دہشت گردانہ حملے اور مبینہ طور پر پاکستان سے سرگرم دہشت گرد گروپوں کا ذکر ضرور کریں گے۔

پاکستان میں موجود مولانا مسعود اظہر کی قیادت والی ممنوعہ عسکری تنظیم جیش محمد پلوامہ حملے کی مبینہ طور پر ذمہ داری قبول کر چکی ہے۔ اس حملے میں بھارتی نیم فوجی دستوں کے 45 جوان مارے گئے تھے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق بھارت اور سعودی عرب کے مابین وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت میں بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے پلوامہ حملے سے متعلق جیش محمد نامی تنظیم کے بارے میں ایک ’ورچوئل ڈوزیئر‘ بھی پیش کیا۔ وزیر اعظم مودی نے مغربی ایشیا اور خلیجی ممالک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس علاقے میں بھارت کے ستائیس لاکھ باشندے رہتے ہیں۔ اس لیے وہاں امن و خوشحالی دونوں ممالک کے مشترکہ مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہم نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں، سمندری سکیورٹی اور سائبر سکیورٹی جیسے شعبوں میں مزید مضبوط دو طرفہ تعاون دونوں ممالک کے لیے سود مند ثابت ہو گا۔‘‘

بھارت جانے سے قبل محمد بن سمان نے پاکستان کا دورہ کیا تھا: سعودی ولی عہد اسلام آباد پہنچنے پر وزیر اعظم عمران خان سے گلے ملتے ہوئےتصویر: Reuters

دونوں ممالک نے سرمایہ کاری، سیاحت، رہائش اور ثقافت نیز میڈیا سے متعلق تعاون کے پانچ معاہدوں پر دستخط بھی کیے۔ بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے اپنے اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سعودی ولی عہد نے بھارت کے ساتھ اپنے ملک کے تعلقات میں گرمجوشی کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ’’سعودی عرب اور بھارت کے تعلقات تاریخ سے بھی قدیم ہیں۔ یہ رشتہ ہمارے خون میں پیوست ہے۔ بہت سے معاملات میں ہمارے مفادات مشترک ہیں۔ زراعت، توانائی، ٹیکنالوجی، سماجی ترقی وغیرہ جیسے موضوعات پر بھی ریاض اور نئی دہلی ایک مشترکہ حکمت عملی اور ایکشن پلان تیار کر سکتے ہیں۔‘‘

’مودی کی سفارت کاری ناکام‘

بھارت کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس پارٹی نے دہشت گردی کے حوالے سے مودی حکومت کی سفارت کاری کو ناکام قرار دیا ہے۔ پارٹی کے اعلیٰ ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے کئی ٹویٹس میں وزیر اعظم مودی کے سعودی ولی عہد سے گلے ملنے پر طنز کرتے ہوئے اسے ’Hug-plomacy‘ کا نام دیا۔

سرجے والا کا کہنا تھا، ’’قومی مفاد بمقابلہ مودی جی کی ہگپلومیسی۔ پروٹوکول کو نظر انداز کر کے سعودی شہزادے کا شاندار خیر مقدم ، جنہوں نے دہشت گردی میں معاونت کرنے والے پاکستان کو بیس بلین ڈالر کا تحفہ دیا اور اس کے ’دہشت گردی کے خلاف‘ اقدامات کی تعریف کی۔ کیا آپ اسی طریقے سے پلوامہ کے بہادر شہیدوں کو یاد کرتے ہیں؟‘‘

ایک دوسری ٹویٹ میں کانگریس کے ترجمان سرجے والا نے وزیر اعظم مودی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا، ’’کیا وزیر اعظم میں ہمت ہے کہ وہ سعودی عرب کو پاکستان کے ساتھ جاری کیے گئے مشترکہ بیان کو واپس لینے کا مطالبہ کریں؟‘‘

خیال رہے کہ دو روز قبل شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے اختتام پر جاری کردہ مشترکہ بیان میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا گیا تھا۔ دریں اثناء سعودی ولی عہد کا آج بدھ بیس فروری کو نئی دہلی کے صدارتی محل میں روایتی خیرمقدم کیا گیا۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے صدر رام ناتھ کووند اور دیگر اہم رہنماؤں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں