1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انسٹا گرام کا کم عمر صارفین کے لیے ’ٹین اکاؤنٹس‘ کا اجرا

18 ستمبر 2024

سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے مطابق ٹین اکاؤنٹس کا مقصد کم عمر صارفین کے آن لائن تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ یہ اکاؤنٹس 18 سال سے کم عمر کے صارفین کو ایک نجی اکاؤنٹ کے طور پر فراہم کیے جائیں گے۔

Teen accounts für Instagram
تصویر: Michael Dwyer/AP/picture alliance

سوشل میڈیا ایپ انسٹا گرام نے اپنے آن لائن پلیٹ فارم کو ایک محفوظ جگہ بنانے کی کوششوں کے لیے نجی اکاؤنٹس کا اجراء کر دیا ہے۔ اس ضمن میں امریکہ، برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا میں کل منگل کے روز سے سائن اپ کرنے والے 18 سال سے کم عمر کے نئے صارفین کو محدود خصوصیات اور والدین کی زیادہ نگرانی کے ساتھ خصوصی ''ٹین اکاؤنٹس‘‘ دیے جا رہے ہیں۔

ان ممالک میں 18 سال سے کم عمر کے موجودہ انسٹا گرام صارفین کو بھی اگلے 60 دنوں میں  ٹین اکاؤنٹس پر منتقل کر دیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے مطابق ٹین اکاؤنٹس کا مقصد کم عمر صارفین کے آن لائن تحفظ کو یقینی بنانا ہےتصویر: Damian Dovarganes/AP

انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا میں مصنوعات کے شعبے کی سربراہ نومی گلیٹاس نے کہا، ''والدین کی جانب سے، جن تین خدشات کا اظہار ہم سنتے ہیں،  وہ یہ ہیں کہ ان کے نوعمر بچے ایسا مواد دیکھ رہے ہیں جسے وہ نہیں دیکھنا چاہتے ہیں یا یہ کہ ایسے لوگ ان سے رابطہ کر رہے ہیں، جن سے وہ رابطہ نہیں کرنا چاہتے ہیں یا وہ ایپ پر بہت زیادہ خرچ کر رہے ہیں۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا، ''لہٰذا ٹین اکاؤنٹس حقیقتاﹰ ان تینوں خدشات کو دور کرنے پر مرکوز ہیں۔‘‘

ٹین اکاؤنٹس کن فیچرز کو محدود کرتے ہیں؟

 بنیادی طور پر نجی اکاؤنٹس ہونے کے علاوہ ٹین اکاؤنٹس صرف ان لوگوں کے پیغامات ہی وصول کر سکتے ہیں، جن کو وہ فالوکرتے ہیں یا جن سے وہ پہلے سے جڑے ہوئے ہیں۔

یہ پلیٹ فارم ''حساس مواد‘‘ تک رسائی بھی محدود کر دے گا، جس میں تشدد اور خوبصورتی کے لیے مصنوعی طریقہ کار اپنانے کو فروغ دینے والی ویڈیوز شامل ہیں۔ اگر کوئی صارف 60 منٹ سے زیادہ آن لائن رہتا ہے تو انسٹاگرام ٹین اکاؤنٹس نوٹیفکیشن بھیجے گا۔

ایک ''سلیپ موڈ‘‘ رات دس بجے سے صبح سات بجے کے درمیان نوٹیفکیشنزکو خود بخود خاموش کر دے گا اور اس دوران آنے والے پیغامات کے خود کار طریقے سے جواب دے کر  لوگوں کو صارف کے ساتھ دن کے وقت رابطہ کرنے کا کہے گا۔ اس اکاؤنٹ کی سیٹنگز تک والدین کو بھی رسائی ہوگی تاکہ یہ مانیٹر کیا جا سکے کہ ان کے بچے آن لائن کن مشاغل میں مصروف ہیں۔

ٹین ایجر اکاؤنٹ کی سیٹنگز تک والدین کو بھی رسائی ہوگی تاکہ یہ مانیٹر کیا جا سکے کہ ان کے بچے آن لائن کن مشاغل میں مصروف ہیں۔تصویر: Aram Ekin Duran/DW

گلیٹ نے کہا، ''والدین فیملی سینٹر کے ذریعے دیکھ سکیں گے، کہ ان کے نوعمر بچوں کو کون پیغام بھیج رہا ہے اور  وہ اس بارے میں   اپنے بچوں کے ساتھ بات چیت  کر سکیں گے۔‘‘

"اگر کوئی آن لائن دھونس یا ہراسانی کا شکار ہو رہا ہے، تو والدین کو یہ معلوم ہوگا کہ ان کا نوعمر بچہ یا بچی  کس کو فالو کر رہا ہے اور کون ان کے بچوں کو فالو کر رہا ہے، ان کے ٹین ایجر نے گزشتہ سات دنوں میں کس کو میسج کیا ہے اور امید ہے کہ اس  گفتگو کی روشنی میں وہ  اپنے بچوں کو ان مشکل آن لائن حالات میں راستہ ڈھونڈنے میں مدد کریں گے۔‘‘

'ٹین اکاؤنٹس‘ کو ختم کیسے کیا جا سکتا ہے؟

18 سال سے کم عمر کے تمام صارفین کو ٹین اکاؤنٹس خود بخود دیے جائیں گے۔ 16 اور 17 سال کی عمر کے نوجوان سیٹنگز میں جا کر ان  پابندیوں کو غیر فعال کر سکتے ہیں۔ تاہمم پندرہ سال اور اس سے کم عمر کے بچوں کو ایسا کرنے کے لیے اپنے والدین کی اجازت درکار ہوگی۔

ش ر⁄ اب ا (اے پی، روئٹرز)

سوشل میڈیا کے منفی اثرات: نوجوانوں میں نا اُمیدی

07:54

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں