کولون کے نواح میں انٹرسٹی ٹرین مزدوروں پر چڑھ گئی، دو ہلاک
4 مئی 2023
جرمن شہر کولون کے نواح میں ایک انٹرسٹی ٹرین پٹری کے پاس ہی کام کرنے والے مزدوروں کے ایک گروپ پر چڑھ گئی اور اس واقعے میں کم از کم دو مزدور ہلاک ہو گئے۔ وفاقی جرمن پولیس کے مطابق یہ حادثہ شہر ہیُؤرتھ میں پیش آیا۔
اشتہار
کولون سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق یہ حادثہ جمعرات چار مئی کے روز قبل از دوپہر ساڑھے گیارہ بچے پیش آیا اور کم از کم دو انسانی اموات کی وجہ بننے والی انٹرسٹی ٹرین کولون سے کوبلینز جا رہی تھی۔
وفاقی جرمن پولیس کے کولون میں قائم دفتر کی ترجمان نے میڈیا کے بتایا کہ اس حادثے میں پانچ مزدور زخمی بھی ہو گئے۔ فوری طور پر ہلاک شدگان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
دوسری طرف رائن اَیرفٹ کاؤنٹی میں، جہاں ہیُؤرتھ (Hürth) نامی شہر واقع ہے، پولیس کے مرکزی دفتر کی طرف سے بتایا گیا کہ کوبلینز کی طرف سفر کے دوران جب یہ مسافر ریل گاڑی ہیُؤرتھ کے شہری علاقے سے گزر رہی تھی، تو وہاں کام کرنے والے مزدوروں کا ایک گروپ اس ٹرین کی زد میں آ گیا۔
ٹرین پٹری سے نہیں اتری تھی
یہ مزدور وہاں جرمنی کی سب سے بڑی ریلوے کمپنی ڈوئچے بان کے ایک منصوبے پر کام کرنے والے تعمیراتی مزدور تھے۔
یہ تصدیق نہیں کی گئی کہ یہ مسافر ٹرین پٹڑی سے اتر بھی گئی تھی۔
وہاں کام کرنے والے مزدوروں کے گروپ کا اس ریل گاڑی کی زد میں آ جانا یہ ظاہر کرتا ہے کہ تب یہ مزدور شاید قریب سے گزرنے والے مسافر ٹرین سے کافی اور محفوظ فاصلے پر نہیں تھے۔
جرمنی میں پورا ریلوے نیٹ ورک اور تمام ریلوے اسٹیشن سلامتی کے معاملات کے حوالے سے وفاقی جرمن پولیس کی عمل داری میں آتے ہیں۔ فیڈرل پولیس نے جمعرات کی سہ پہر تک بس یہی کہا کہ اس حادثے کی حقیقی وجوہات کے تعین کے لیے چھان بین جاری ہے۔
ٹرین میں یورپ کا مفت سفر
02:11
حادثے کے وقت انٹرسٹی ٹرین میں بہت سے مسافر سوار تھے، جو سب کے سب محفوظ رہے۔ اس حادثے کو تاہم ریلوے ٹریک کے پاس سے کئی عینی شاہدین نے بھی دیکھا۔
کولون، ڈسلڈورف اور بون کی طرح ہیُؤرتھ کا قدرے چھوٹا شہر بھی سب سے زیادہ آبادی والے جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا ہی میں واقع ہے۔ حادثے کے فوری بعد کئی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی تھیں۔
زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال پہنچا دیا گیا تھا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ امدادی کارکنوں کے مطابق کسی بھی زخمی کی جان خطرے میں نہیں تھی۔
م م / ع ا (ڈی پی اے، اے پی، اے ایف پی)
جرمن ریل گاڑیوں کے بارے میں دس بنیادی حقائق
جرمنی کے ریلوے نظام کے بارے میں مقامی لوگ دس بنیادی معلومات کو ازبر کیے ہوئے ہیں۔ کئی دیگر ملکوں کی طرح اس نظام کی بنیاد بھی ٹکٹوں کے حصول، نشستوں کے تحفظ اور مختلف ریل گاڑیوں کی شناخت پر مبنی ہے۔
تصویر: Deutsche Bahn AG
اسٹیشن پر ہونے والے اعلانات
جرمنی کے ریلوے اسٹیشنوں پر ریل گاڑیوں کی آمد کے اعلانات کو کئی لوگ سمجھنے سے قاصر ہوتے ہیں۔ اس کی بنیادی وجہ لاؤڈ اسپیکروں کے غیر معیاری ہونے کو قرار دیا جاتا ہے۔ اگر آپ کو اعلان سمجھ میں نہیں آیا تو کوئی بات نہیں، ایک جرمن زبان کا ایک محاورہ ہے: ’مجھے تو صرف ٹرین اسٹیشن ہی سمجھ میں آیا‘ جس کا مطلب ہے کہ ’مجھے کچھ سمجھ نہیں آیا‘۔
تصویر: picture-alliance/dpa
مختلف قسم کی ٹرینوں کی پہچان
جرمن اسکولوں کے بچے بھی ٹرینوں کی قسام سے واقف ہوتے ہیں۔ ایک انٹرسٹی ایکسپریس ہے، دوسری انٹر سٹی اور تیسری ریجنل ایکسپریس ہے۔ ان کے علاوہ چھوٹے شہروں کے درمیان چلنے والے ریل گاڑیاں بھی ہیں۔ انٹرسٹی ایکسپریس تین سو کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی رفتار سے سفر کر سکتی ہے۔ انٹرسٹی ایکسپریس اور انٹرسٹی ریل گاڑیاں سفید اور سرخ رنگوں کی حامل ہوتی ہیں۔ ریجنل ایکسپریس اور لوکل ٹرینوں کا رنگ عام طور پر سرخ ہوتا ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Woitas
ہر ریل گاڑی بروقت نہیں پہنچتی
جرمن ریل گاڑیاں کبھی بروقت منزل پر پہنچنے کے حوالے سے جانی جاتی تھیں لیکن اس تاثر میں بتدریج کمی ہوتی جا رہی ہے۔ اب مسافر عموماً ریل گاڑیوں کے منزل پر تاخیر سے پہنچنے کا رونا روتے دکھائی دیتے ہیں۔ پھر بھی جرمن ریل گاڑیوں کے ادارے ڈوئچے بان کے مطابق سن 2018 میں پچھتر فیصد انٹرسٹی ریل گاڑیاں پانچ منٹ تک کی تاخیر سے اپنی منزل پر پہنچی تھیں۔
تصویر: picture-alliance/dpa/F. Tschauner
ٹکٹ خریدنا بہت ضروری ہے
جرمنی میں ریل گاڑی میں سفر کرنے کے حوالے سے عام لوگ یہ احساس رکھتے ہیں کہ پہلے ٹکٹ حاصل کرنا ضروری ہے۔ انٹرسٹی ریل گاڑیوں میں سوار ہونے کے بعد ٹکٹ حاصل کرنے کی سہولت موجود ہوتی ہے۔ ان کے علاوہ دیگر گاڑیوں پر بغیر ٹکٹ سفر کرنے پر جرمانے کا قوی امکان موجود ہوتا ہے۔
تصویر: Deutsche Bahn AG/P. Castagnola
گروپ میں اکھٹے سفر کریں، پیسے بچائیں
پانچ یا اس سے زیادہ افراد کے لیے علاقائی ریل گاڑیوں پر مختلف قسم کی تفریحی پیکج دستیاب ہوتے ہیں۔ بعض اوقات ایک ٹکٹ پر دو افراد بھی سفر کر سکتے ہیں۔ اس طرح گروپ میں سفر کرنے سے پیسے بچانے کی ترغیب دی جاتی ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Kalaene
بائیسکل اور جرمن ریل گاڑیاں
انٹر سٹی ایکسپریس ٹرین پر طے کر کے بند کی جانے والی بائیسکل اگر مقررہ مقام پر رکھی جائے تو درست، بصورت دیگر سفر جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔ دیگر ریل گاڑیوں میں بائیسکلوں کے لیے مخصوص بوگیاں ہوتی ہیں۔ سفر کے دوران سائیکل کے لیے بھی اضافی ٹکٹ ضروری ہے۔ جرمنی میں موسم گرما میں سائیکلنگ ایک دلچسپ مشغلہ ہے لہذا سفر شروع کرنے سے قبل ضروری اقدامات پریشانی سے بچا سکتا ہے۔
تصویر: DW/Elizabeth Grenier
’معذرت، یہ جگہ میری ہے!‘
ریل گاڑی کا ٹکٹ خریدنے پر نشست خودبخود تفویض نہیں ہو جاتی بلکہ ’سیٹ ریزرو‘ کرنے کے لیے اضافی رقم ادا کرنا پڑتی ہے۔ عموماً لمبے سفر کے لیے نشستیں محفوظ کرانے کو اہم سمجھا جاتا ہے۔ ہر سیٹ کے محفوظ ہونے کی اطلاع اُس کے اوپر نصب اسکرین پر دیکھی جا سکتی ہے۔ نشست ریزرو ہونے کی صورت میں، اُس پر اگر کوئی بیٹھ جائے تو سیٹ کے حامل مسافر کے لیے اُسے اٹھنا پڑتا ہے۔
تصویر: Deutsche Bahn AG/O. Lang
ریل گاڑی کے مخصوص بوگی کا مناسب جگہ پر انتظار
جرمن ریل گاڑیاں عموماً ہر اسٹیشن پر ایک مخصوص مقام پر کھڑی ہوتی ہیں اور اس طرح مسافروں کو اپنے ڈبے میں داخل ہونے کے لیے آگے پیچھے بھاگنا نہیں پڑتا۔ یہ ڈبہ نشست محفوظ کرانے پر مخصوص کیا جاتا ہے۔ ہر ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر یہ معلومات دستیاب ہوتی ہے کہ ریل گاڑی کے کس نمبر کا ڈبہ کس جگہ ہو گا۔
تصویر: DW/Elizabeth Grenier
ریل گاڑی کے اندر شور مچانا مناسب نہیں
جرمن ریل گاڑیوں میں اپنی پسند کی نشست محفوظ کرائی جا سکتی ہے۔ کھڑکی کے ساتھ بیٹھنا چاہیں یا ڈبے کے اندرونی راستے کی جانب، اسی طرح ایسی سیٹیں بھی دستیاب ہوتی ہیں، جہاں خاموشی سے بیٹھنا لازمی ہوتا ہے۔ ایسی سیٹوں پر موبائل فون تک استعمال کرنے سے اجتناب کیا جاتا ہے۔ ویسے ریل گاڑی کے کسی بھی ڈبے میں شور مچانے کی اجازت نہیں ہوتی۔
تصویر: picture alliance/dpa/N. Schmidt
بچوں کے لیے بھی خصوصی سہولت
بچوں کے ساتھ سفر کرنے والے والدین کے لیے بعض مخصوص نشستیں دستیاب ہوتی ہیں۔ انٹرسٹی ٹرین پر بچوں کے ساتھ سفر کرنے والے والدین کو مخصوص ڈبے کی سہولت دستیاب ہوتی ہے لیکن عام طور پر اس میں زیادہ جگہ نہیں ہوتی۔ کسی بالغ شخص کے ساتھ سفر کرنے پر پندرہ برس تک کی عمر کے بچے بھی ڈوئچے بان کی ریل گاڑی پر بغیر کرائے کے سفر کر سکتے ہیں۔ خاندان کے لیے نشستوں کے تحفظ میں خاص رعایت دی جاتی ہے۔