انڈونیشیا: آتش فشاں پھٹنے سے متعدد افراد ہلاک
4 نومبر 2024مشرقی انڈونیشیا کے مشہور سیاحتی جزیرے فلورس میں ماؤنٹ لیوتوبی لکی-لاکی پر واقع ایک 1,703 میٹر جڑواں آتش فشاں آدھی رات کے قریب پھٹ پڑا۔ اس کی وجہ سے آس پاس کے دیہاتوں پر آگ کے گولے برسنے لگے اور فضا میں راکھ کے بادل چھا گئے۔ حکام کو کئی دیہات خالی کرانے پر مجبور ہونا پڑا۔ انہوں نے پیر کو بتایا کہ الرٹ کی صورت حال بلند ترین سطح پر کر دی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کو موصول ہونے والی فوٹیج میں آتش فشاں کے قریب مکانات کو راکھ کی موٹی تہہ سے ڈھکا ہوا دیکھا جا سکتا ہے، جب کہ کچھ علاقوں میں آگ لگی ہوئی ہے۔
بعض آتش فشاں ہر وقت لاوا کیوں اگلتے رہتے ہیں؟
آتش فشاں کے مقام کے قریب اے ایف پی کے ایک صحافی نے بتایا کہ پانچ دیہاتوں کو خالی کرا لیا گیا ہے جس سے ہزاروں افراد کو دوسری جگہوں پر پناہ لینے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔ کچھ گھروں میں لکڑی کے متعدد مکانات میں آگ لگ گئی، اور زمین پر پگھلی ہوئی چٹانوں کی وجہ سے سوراخوں کے نشان بن گئے ہیں۔
ہزاروں افراد متاثر
ملک کی قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے (بی این پی بی) کے ترجمان عبدالمہری نے ایک پریس کانفرنس میں ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے مزید کہا کہ آتش فشاں پھٹنے سے 10,295 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد کا ابھی بھی حساب لگایا جا رہا ہے۔
ایسٹ فلورس ڈسٹرکٹ کے ایمرجنسی رسپانس اور لاجسٹکس کے سربراہ ایوی منگوٹا ہالان نے جرمنی کی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ امدادی ٹیمیں اب بھی منہدم مکانوں کے ملبے تلے پھنسے ممکنہ متاثرین کی تلاش کر رہی ہیں۔
آتش فشاں کی نگرانی کرنے والے ادارے کے ایک اہلکار فرمان یوسف نے بتایا کہ کئی مکانات جل گئے جن میں کیتھولک راہباؤں کا ایک کانونٹ بھی شامل ہے۔
ہنگامی حالت کا اعلان
ہالان نے کہا کہ حکومت نے متاثرہ علاقوں میں 31 دسمبر تک ہنگامی حالت کا اعلان کیا ہے۔
انڈونیشیا کی آتش فشاں ایجنسی نے الرٹ کی سطح کو اپنے بلند ترین نشان تک بڑھا دیا ہے۔
اس نے مقامی لوگوں اور سیاحوں سے کہا کہ وہ متاثرہ علاقے کے سات کلومیٹر کے دائرے میں نہ جائیں۔
اس نے ایک پریس ریلیز میں کہا، "ماؤنٹ لیوتوبی لکی لاکی پر آتش فشاں کی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔"
اس نے خبردار کیا کہ لاوے کے سیلاب کا امکان ہے اور مقامی لوگوں سے کہا کہ وہ آتش فشاں کی راکھ کے اثرات سے بچنے کے لیے ماسک پہنیں۔
انڈونیشیا کے فلورس جزیرے پر واقع پہاڑ پر جنوری میں کئی بڑے دھماکے ہوئے تھے، جس سے حکام کو الرٹ کی صورتحال کو اپنی بلند ترین سطح پر لے جانے اور کم از کم 2,000 رہائشیوں کو نکالنے پر مجبور ہونا پڑا۔
انڈونیشیا کو بار بار پھٹنے والے آتش فشاں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ بحرالکاہل کے "رنگ آف فائر" کے علاقے کا حصہ ہے، جہاں آتش فشاں اور زلزلہ کی شدید سرگرمیاں نظر آتی ہیں۔
مئی میں، روانگ آتش فشاں پھٹنے کے بعد شمالی سولاویسی کے سانگیہ جزیرے پر ہزاروں افراد کو نقل مکانی کرنی پڑی تھی۔
ج ا ⁄ ص ز ( اے ایف پی، اے پی، ڈی پی اے)