انڈونیشیا میں جنوب مشرقی ایشیا کی تیز ترین ٹرین کا افتتاح
2 اکتوبر 2023
انڈونیشیا میں جنوب مشرقی ایشیا کے تیز ترین ٹرین روٹ کا باضابطہ طور پر افتتاح کر دیا گیا ہے۔ بُلٹ ٹرین کا یہ پروجیکٹ چین کے ’بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے‘ کے تحت مکمل کیا گیا ہے۔
اشتہار
انڈونیشیا سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق یہ ٹرین دارالحکومت جکارتہ کو مغربی صوبے جاوا کے شہر بنڈونگ سے ملائے گی۔ اس ٹرین کی رفتار 350 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور دونوں شہروں کے درمیان فاصلہ اب تین گھنٹوں کی بجائے چالیس منٹ میں طے ہو گا۔
اس منصوبے کے لیے زیادہ تر فنڈز چین نے فراہم کیے ہیں اور اس کی لاگت تقریباً 7.3 بلین ڈالر رہی۔ اس ٹرین کا نام 'وہوش‘ رکھا گیا ہے جبکہ یہ منصوبہ تاخیر سے پایہ تکمیل پہنچا ہے، جس کی وجہ سے اس کی لاگت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
قبل ازیں 142 کلومیٹر طویل اس ریلوے لائن کا افتتاح سن 2019 میں کیا جانا تھا۔
صدر نے ٹرین کا افتتاح کیا
زیادہ لاگت کی وجہ سے تنقید اور اس کے تجارتی فوائد کے حوالے سے شکوک و شبہات کے باوجود انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو نے اس منصوبے کو آگے بڑھایا۔ انڈونیشی صدر کا افتتاح کے موقع پر کہنا تھا، ''یہ تیز رفتار ٹرین ہمارے جدید کاری کے اُس منصوبے کا حصہ ہے، جس کا مقصد نقل و حرکت کے نظام کو ماحول دوست بنانا ہے۔‘‘
انڈونیشیا کے کوآرڈینیٹنگ وزیر برائے سرمایہ کاری لوہوت بنسار پنڈجیتن کا اس موقع پر کہنا تھا کہ چائنا ریلوے نے اپنی ٹیکنالوجی انڈونیشیا منتقل کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے تاکہ ایسی تیز رفتار ٹرینیں مقامی طور پر تیار کی جا سکیں۔
چینی ساختہ بلٹ ٹرین
یہ منصوبہ 'پی ٹی کیریٹا سیپٹا انڈونیشیا چائنا‘ نامی ادارے نے مکمل کیا ہے، جسے 'پی ٹی کے سی آئی سی‘ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ انڈونیشیا کی چار سرکاری کمپنیوں کے کنسورشیم اور چائنا ریلوے انٹرنیشنل کمپنی لمیٹڈ کے درمیان ایک مشترکہ منصوبہ ہے۔ اس ریل معاہدے پر اکتوبر 2015 میں دستخط کیے گئے تھے، جب انڈونیشیا نے 'بولی کے ایک زبردست مقابلے‘ کے بعد جاپان پر چین کو ترجیح دی تھی۔
اس منصوبے کے لیے چائنا ڈیویلپمنٹ بینک نے 75 فیصد سرمایہ فراہم کیا ہے جبکہ بقیہ 25 پچیس فیصد رقم کنسورشیم نے اپنے فنڈز سے استعمال کی ہے۔ اس منصوبے کو زمین کی خریداری لے کر کرونا وبا جیسے متعدد مسائل کا سامنا رہا، جس کی وجہ یہ تاخیر سے پایہ تکمیل پہنچا ہے۔
ا ا / ع ا (روئٹرز، اے پی)
600 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار، دنیا کی تیز ترین ریل گاڑیاں
حال ہی میں جاپان نے دنیا کی تیز ترین ریل گاڑی کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔ میگلیو ٹرین نامی یہ ریل گاڑی چھ سو کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے دوڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ دنیا کی تیز ترین ریل گاڑیوں پر ایک نظر۔
تصویر: picture-alliance/AP/Yomiuri Shimbun
بے مثل اور تیز ترین
میگلیو کا مطلب ’مقناطیسی پرواز‘ ہے۔ مقناطیسی طاقت کی وجہ سے ٹرین اپنے ٹریک پر تیرتے ہوئے آگے کی طرف سفر کرتی ہے۔ اگر دیکھا جائے تو یہ ٹرین ہوا میں معلق رہتی ہے اور رگڑ نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے۔
تصویر: picture-alliance/AP/Yomiuri Shimbun
جیسے ہوائی جہاز
ریل گاڑی پر سوار مسافروں کا کہنا تھا کہ اس ٹرین میں بیٹھ کر سفر ہوائی جہاز جیسا معلوم ہوتا ہے۔ اس ٹرین پر صرف مخصوص لوگوں کو سفر کی اجازت تھی۔ عوام کے لیے یہ ٹرین سن 2027ء میں ٹوکیو اور ناگویا کے درمیان چلائی جائے گی۔ ان دونوں شہروں کے مابین پانچ سو کلومیٹر کا فاصلہ ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa
ٹرانس ریپیڈ شنگھائی
دنیا کی دوسری تیز ترین آپریٹنگ ٹرین چین کی ’ٹرانس ریپیڈ شنگھائی‘ نامی ٹرین ہے۔ اس ریل گاڑی تیاری میں بھی وہی مقناطیسی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، جواب جاپان نے میگلیو کے لیے کی ہے۔ یہ ٹرین مسافروں کو شنگھائی ایئر پورٹ تک لے کر آتی ہے۔ تیس کلومیٹر کا فاصلہ صرف آٹھ منٹ میں طے کیا جاتا ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa
فرانسیسی ریسر
فلیش بیک: اس ٹرین نے سن 1998ء میں تیز رفتار ریل گاڑیوں کی دنیا میں انقلاب کی بنیاد رکھی تھی۔ فرانسیسی ٹرین ٹی جی وی تجارتی بنیادوں پر چلائی جانے والی وہ پہلی ریل گاڑی تھی، جس کی رفتار 250 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔ اسی ٹرین کے جدید ماڈل نے سن 2007ء میں 574 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ساتھ ایک ورلڈ ریکارڈ قائم کیا تھا تاہم اب اسے 320 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز نہیں چلایا جاتا۔
تصویر: AP
تیز رفتار ٹرین کا طویل ترین ٹریک
دنیا کی چوتھی تیز ترین ٹرین بھی 340 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چین ہی میں بیجنگ سے شنگھائی تک چلتی ہے۔ اس کے علاوہ تیز رفتار ٹرین کا طویل ترین ٹریک بھی چین ہی میں ہے۔ یہ ٹرین مسافروں کو شہر گوانگ ژو سے محض آٹھ گھنٹوں میں دارالحکومت بیجنگ تک پہنچاتی ہے۔ ان دونوں شہروں کا درمیانی فاصلہ قریب تین ہزار کلومیٹر ہے اور اب سے پہلے یہ سفر 22 گھنٹوں میں طے کیا جاتا تھا۔
تصویر: imago/UPI Photo
انٹر سٹی ایکسپریس
جرمنی میں تیز رفتار ٹرین کا نام آئی سی ای یعنی انٹرسٹی ایکسپریس ہے۔ یہ ٹرین ماضی میں 406 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ریکارڈ قائم کر چکی ہے۔ مخصوص سرخ پٹی والی یہ ٹرینیں سن 1991ء سے ٹریک پر ہیں۔ ان ٹرینوں کے موجودہ ماڈل ICE 3 کی اوسطاﹰ رفتار 280 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
تصویر: imago/imagebroker
تھالیس
اس ریل گاڑی کا شمار بھی یورپ کی تیز رفتار ٹرینوں میں ہوتا ہے۔ اس کا آغاز سن 1997ء میں کیا گیا تھا اور تکنیکی طور پر اس کو فرانسیسی ٹرین TGV کے ماڈل پر بنایا گیا ہے اور اس کی اوسطا رفتار 300 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ یہ ٹرینیں جرمنی سے فرانس اور پولینڈ سے فرانس تک جاتی ہیں۔
تصویر: AFP/Getty Images
ایکسلریشن ایکسپریس
تیز رفتار ٹرینوں کی دنیا میں امریکا نے نسبتاﹰ دیر سے قدم رکھا۔ Acela Express کو سن 1999ء میں بوسٹن، نیویارک اور واشنگٹن کے درمیان چلایا گیا۔ شمالی امریکا میں چلنے والی یہ واحد تیز رفتار ٹرین ہے۔
تصویر: AFP/Getty Images
شینکانسن
اس ریل گاڑی کا شمار بھی جاپان کی تیز ترین ٹرینوں میں ہوتا ہے۔ اس کا آغاز سن 1964ء میں کیا گیا تھا۔ اس کے پرانے ماڈلز کی اوسطا رفتار 200 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی لیکن اس کے موجودہ ماڈل کی رفتار 300 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔