1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انڈونیشیا میں خواتین سے متعلق متنازعہ فیصلے

5 ستمبر 2018

آچے کی ایک ڈسٹرکٹ میں خواتین سے متعلق نئے متنازعہ ضوابط پر تنقید کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ حکم جاری کیا گیا تھا کہ ریستوران رات نو بجے کے بعد ایسی خواتین کے لیے خدمات ادا نہ کریں، جو رشتہ دار مردوں کے بغیر باہر نکلتی ہیں۔

Indonesien - Scharia Polizei
تصویر: picture-alliance/dpa/H. Simanjuntak

خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے بتایا ہے کہ انڈونیشیا کے آچے صوبے کی ڈسٹرکٹ بیریاوان کی مقامی انتظامیہ نے ہوٹلوں اور ریستورانوں کے مالکان سے کہا ہے کہ وہ رات نو بجے کے بعد ایسی خواتین کو داخلے کی اجازت نہ دیں، جو رشتہ دار مردوں کے بغیر ہوتی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ نئے قواعد و ضوابط تیس اگست کو جاری کیے گئے۔ تاہم منگل کے دن اس خبر کے سوشل میڈیا پر عام ہونے کے بعد سے مقامی لوگ بھی ان نئے قواعد پر تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں۔

آچے میں اسلامی قوانین نافذ ہیں اور اس صوبے میں جوا، شراب کی خریدو فروخت یا استعمال اور شادی سے باہر کسی بھی قسم کے جنسی روابط پر کوڑے مارے جانے کی سزا دی جا سکتی ہے۔ آچے انڈونیشیا کا وہ واحد صوبہ ہے، جہاں اسلامی قوانین کا نفاذ کیا گیا ہے۔ جکارتہ کی مرکزی حکومت آچے کو علیحدہ ہونے سے روکنا چاہتی ہے اور اسی لیے اس صوبے کے ان مطالبات کو تسلیم کیا گیا ہے۔

مقامی حکام نے بتایا ہے کہ نئے اسلامی قواعد کے مطابق ہوٹلوں اور ریستورانوں کے مالکان کو یہ ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں کہ وہ ہم جنس پرست افراد اور ٹرانس جینڈرز کو اپنے ہاں ملازمت پر مت رکھیں۔ مزید یہ کہ ایسے مقامات پر ’نامحرم‘ مردوں کے ہمراہ آنے والی خواتین کو سروسز فراہم نہ کی جائیں اور رات نو بجے کے بعد اکیلی خواتین کو ریستواروں اور کیفے میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔

بیریاوان سے آچے کی قانون ساز کونسل کے رکن کاٹسور یُس کے مطابق، ’’اس قسم کے قواعد سے معاشرے میں خواتین کی آزادانہ نقل و حرکت کو پابند بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘‘ انہوں نے ڈی پی اے سے گفتگو میں مزید کہا، ’’بیریاوان کے نمائندہ ہونے پر مجھے افسوس ہے کہ یہ کثیر الثقافتی علاقہ قدامت پسندی کی طرف راغب ہوتا جا رہا ہے۔‘‘

تاہم بیریاوان کے شریعہ دفتر کے سربراہ جوفیوان نے نئے ضوابط کا دفاع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’اکیلی خاتون کا کسی کیفے میں جانا، غلط تاثرات کو جنم دے سکتا ہے‘۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’بیریاوان کی حکومت اتنی سخت نہیں کہ ان ریگولیشنز کو فوری طور پر بھروپور طریقے سے نافذ کر دیا جائے بلکہ ہم ان قواعد و ضوابط کو لاگو کرنے میں تمام فریقین سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھیں گے‘۔

ع ب / ا ا / خبر رساں ادارے

’ڈیٹ‘ پر جانے کی سزا کوڑے

02:36

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں