انڈونیشیا کا سب سے زیادہ مطلوب دہشت گرد نوردین توپ ہلاک
8 اگست 2009تاہم انڈونیشی حکام کی طرف سے اب تک اس بارے میں تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔ گزشتہ روز یعنی جمعہ کی سہ پہر سے انڈونیشیا کی پولیس، انسداد دہشت گردی کے ادارے اورشدت پسندوں کے مابین شدید نوعیت کی مسلح جھڑپیں ہوئیں۔ اطلاعات کے مطابق پولیس نے مرکزی جاوا میں نورمحمد اوران کے ساتھیوں کے اُس گھر کا محاصرہ کررکھا تھا، جہاں یہ دہشت گرد چھپے ہوئے تھے۔ سترہ گھنٹوں تک جاری اس محاصرے اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد اسکائی ماسکس پہنے پولیس اہلکاروں نے جاوا کے فارم ہاؤس کو بھاری اسلحہ جات کا استعمال کرتے ہوئے مسمار کر دیا۔
انڈونیشی پولیس اورانسداد دہشت گردی کے یونٹ کے اس بڑے آپریشن کا اصل ہدف جنوبی مشرقی ایشیا کے سب سے زیادہ مطلوب شدت پسند، ملیشیاء سے تعلق رکھنے والے نورالدین محمد توپ تھے۔ ان پرسن 2002 کے بالی بم حملے، انڈونیشیا کی تاریخ کے بدترین اورسب سے زیادہ خونریزخود کش بم حملےکے بعد، انڈونیشیا کے لگژری ہوٹلوں اورجکارتہ میں قائم آسٹریلیا کے سفارت خانے پرحملوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد ہے۔
گزشتہ شب جاوا میں ہونے والے اس غیرمعمولی آپریشن کا اختتام آج ہفتے کی صبح ایک نہایت ڈرامائی انداز میں ہوا۔ اسے ہولی وؤڈ ایکشن فلم کے کسی سین سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔ تاہم اس ڈرامائی سین کے انجام تک پہنچنے میں کچھ دشواریاں سامنے آ رہی ہیں، کیونکہ انڈونیشی حکام نے ابھی تک میڈیا کے ذریعے منظر عام پرآنے والی اس خبر کی تصدیق نہیں کی ہے۔
رپورٹ : کشورمصطفیٰ
ادارت : عاطف توقیر