1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہانڈونیشیا

انڈونیشیا کا یوم آزادی، نامکمل نوسنتارا میں تقریب

17 اگست 2024

جلد اپنی مدت پوری کرنے والے صدر جوکو ویدودو نے نومنتخب صدر سوبیانتو کے ساتھ مل کر انڈونیشیا کا 79 واں یوم آزادی مستقبل کے مگر نامکمل دارالحکومت نوسنتارا میں منایا۔

نوسنتارا میں انڈونیشیا کی یوم آزادی کی تقریب
تصویر: Willy Kurniawan/REUTERS

انڈونیشیا نے اپنے 79 ویں یوم آزادی کے موقع پر آج ہفتہ 17 اگست کو اپنے مستقبل کے مگر ابھی تک نامکمل دارالحکومت نوسانتارا میں پرچم کشائی کی ایک تقریب منعقد کی۔

انڈونیشیا کے جزیرے بورنیو کے مشرقی حصے میں واقع اس نئے شہر کو جکارتہ کے گنجان آباد اور ڈوبتے ہوئے شہر کے ایک پائیدار اور ہائی ٹیک متبادل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

انڈونیشیا 2024ء کے انتخابات

انڈونیشی جزیرے بالی پر سیاحتی ٹیکس متعارف

صدر جوکو ودودو نے، جنہیں جوکووی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ملک کے نومنتخب صدر پرابووو سوبیانتو کے ساتھ تقریب کی قیادت کی۔

سوبیانتو اکتوبر میں عہدہ سنبھالنے والے ہیں۔

یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کے لیے 8,000  مہمانوں کو مدعو کیا جانا تھا، لیکن مناسب بنیادی ڈھانچے کی تکمیل میں تاخیر کی وجہ سے، یہ تعداد کم کرکے 1,300 کردی گئی۔تصویر: Willy Kurniawan/REUTERS

پرچم کشائی کی تقریب نئے صدارتی محل میں، جس کے پس منظر میں کرینیں اور دیگر تعمیرات دیکھی جا سکتی تھیں، منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں دعا کے علاوہ فوجی پریڈ بھی شامل تھی، تاہم سبکدوش ہونے والے صدر کی طرف سے کوئی خطاب نہیں کیا گیا۔

ویدودو نے قبل ازیں کہا تھا کہ اس تقریب میں شرکت کے لیے 8,000  مہمانوں کو مدعو کیا جائے گا، لیکن مناسب بنیادی ڈھانچے کی تکمیل میں تاخیر کی وجہ سے، یہ تعداد کم کرکے 1,300 کردی گئی تھی۔

دریں اثنا نائب صدر معروف امین اور ان کے بعد یہ عہدہ سنھبالنے والے جبران راکابومنگ راکا نے انڈونیشیا کے موجودہ دارالحکومت جکارتہ میں ہونے والی تقریب کی سربراہی کی۔

متنازعہ نوسنتارا

اگرچہ سرکاری عمارتیں تو تقریباﹰ مکمل ہو چکی ہیں، لیکن ضروری بنیادی ڈھانچے سے متعلق اہم منصوبے ابھی تک ادھورے ہیں یا ابھی تک شروع بھی نہیں ہوئے ہیں۔

نئے دارالحکومت کی تعمیر سبکدوش ہونے والے صدر ویدودو کا منصوبہ ہے۔ ان کے ایک دہائی پر محیط اقتدار میں، دنیا کے چوتھے سب سے زیادہ آبادی والے اس ملک میں بنیادی ڈھانچے کے بڑے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا۔ تاہم نوسانتارا اب تک کا سب سے زیادہ متنازعہ منصوبہ رہا ہے۔

35 بلین ڈالر کے اس منصوبے کو اب تک متعدد مرتبہ تاخیر، زمین کے حصول کے مسائل اور نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس سے 80 فیصد فنڈ جمع کیے جانے کی توقع ہے۔

اس کے علاوہ، ماہرین ماحولیات نے اس حوالے سے بھی خبردار اور تنقید کی ہے کہ نیا دارالحکومت دنیا کے سب سے بڑے جنگلات میں سے ایک میں تعمیر کیا جا رہا ہے، جو انسان نما بندر اورنگ اوتان، لمبی ناک والے بندر اور مقامی چیتے کی نسل کے علاوہ کئی دیگر اقسام کے جانوروں کا مسکن ہے۔

انڈونیشیا کی ہائی اسپیڈ ٹرین 'دی ووش'

02:54

This browser does not support the video element.

ا ب ا/ع ب (اے ایف پی، ڈی پی اے)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں