1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انڈین پریمیئر لیگ: گلیمر کے بغیر

17 ستمبر 2020

انڈین پریمیئر کرکٹ لیگ ہفتے سے شروع ہو گی۔ اس کا انعقاد متحدہ عرب امارات میں ہو رہا ہے۔ کورونا وبا کی وجہ سے یہ ٹورنامنٹ گلیمر کے بغیر تاخیر سے شروع ہو رہا ہے۔

تصویر: AP

انڈین پریمیئر لیگ اپنے گلیمر کی وجہ سے خاص شہرت رکھتی ہے ۔ یہ ٹورنامنٹ بھارتی کرکٹ بورڈ کی زیر نگرانی انیس ستمبر سے شروع ہو رہا ہے۔

میزبانی خلیجی ریاست کے حوالے

انڈین پریمیئر لیگ یا آئی پی ایل (IPL) کو بھارت سے خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس کا پہلا میچ انیس ستمبر کو ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا۔ ان مقابلوں کا آغاز نہایت سادگی سے ہو گا اور روایتی انداز کا گلیمرس اور رنگین افتتاحی تقریب کا اہتمام نہیں کیا گیا ہے۔

تصویر: AP

اس کے علاوہ آئی پی ایل کے میچوں کے دوران چوکے اور چھکوں پر رقص کر کے شائقین کا لطف دوبالا کرنے والی نوجوان لڑکیاں یا چیئر لیڈرز بھی موجود نہیں ہوں گی۔ اسی طرح کھلاڑیوں کو سخت سکیورٹی میں ہوٹل سے اسٹیڈیم اور واپس لے جایا جائے گا۔ اس دوران کھلاڑیوں اور آفیشلز کے بیس ہزار کے قریب کورونا ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔

طویل انتظار

 شائقین کئی ہفتوں سے اس کے انعقاد کا انتظار کر رہے تھے۔ رواں برس مارچ میں اس لیگ کے میچز کھیلے جانے تھے لیکن کورونا وائرس کی پھیلتی وبا کو دیکھتے ہوئے اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ اس مہلک وبا کی وجہ سے بھارت کے ساتھ ساتھ دنیا کے تقریباً سبھی ممالک میں ہونے والے کھیلوں کے مقابلے ملتوی یا منسوخ کر دیے گئے تھے۔ بھارت میں اس وقت بھی کورونا وائرس کی وبا پر کنٹرول نہیں کیا جا سکا ہے اور متاثرین کی تعداد پانچ ملین سے تجاوز کر چکی ہے۔

 

امیر ترین ٹورنامنٹ

یہ امر اہم ہے کہ آئی پی ایل کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا سب سے امیر ٹورنامنٹ قرار دیا جاتا ہے۔ رواں برس کے ٹورنامنٹ میں شائقین کو میدان میں آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ اس کے تمام چھپن میچز متحدہ عرب امارات کے تین مقامات پر منعقد کیے جائیں گے۔ پہلا میچ چنئی سپر کنگز اور دفاعی چیمپیئن ممبئی انڈینز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

تصویر: AP

لیگ کے تمام میچز اس وقت کھیلے جائیں گے جب بھارت میں شام ڈھل چکی ہو گی تا کہ لوگ اطمینان کے ساتھ ٹیلی وژن پر سنسنی خیز کھیل کا لطف اٹھا سکیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی کو یقین ہے کہ اس لیگ کے انعقاد سے بھارت میں ٹیلی وژن کے ناظرین کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہو گا۔

بغیر تماشائیوں کے کرکٹ لیگ

سارو گنگولی نے وبا کو دور میں شائقین کے بغیر میچوں کو ایک مثبت عمل قرار دیا ہے۔ ان کے بقول اس کا امکان ہے کہ آخری چار میچوں میں گراؤنڈز میں تماشائیوں کو آنے کی اجازت دے دی جائے۔ یہ دو سیمی فائنل، تیسری پوزیشن اور فائنل میچز ہو سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے گراؤنڈ میں سوشل ڈسٹینسنگ کے ضابطے کو بھی مدِنظر رکھا جائے گا اور اندازاً تیس فیصد تماشائی آخری میچوں کو دیکھ سکیں گے۔ ابھی یہ نہیں واضح کیا گیا کہ ان میچوں کی ٹکٹوں کی فروخت کس تاریخ سے شروع کی جائے گی۔

انڈین پریمیئر لیگ کا اختتام دس نومبر کو ہو گا۔ اس کرکٹ لیگ کا پہلی بار انعقاد سن 2008 میں ہوا تھا اور اسی وقت سے یہ ایک انتہائی مقبول ٹورنامنٹ خیال کیا جاتا ہے۔ اس دوران سن 2013 میں لیگ کی دو ٹیموں پر میچ فکسنگ کے الزامات بھی سامنے آئے تھے۔

 

ع ح، ع ا  (اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں