1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انگلش قومی فٹ بال ٹیم کے منیجر فابیو کاپیلو مستعفی

9 فروری 2012

انگلش قومی فٹ بال ٹیم کے منیجر فابیو کاپیلو نے برٹش فٹ بال ایسوسی ایشن سے مبینہ اختلافات کے باعث اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔ وہ 2007ء سے انگلش ٹیم کے منیجر کے فرائض سر انجام دے رہے تھے۔

فابیو کاپیلوتصویر: AP

خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے بتایا ہے کہ 65 سالہ اطالوی شہری کاپیلو نے دعویٰ کیا ہے کہ فٹ بال ایسوسی ایشن نے جان ٹیری کو انگلش فٹ بال ٹیم کی کپتان سے ہٹا کر ان کے اختیارات کا احترام نہیں کیا ہے۔ اطالوی ذرائع ابلاغ نے کاپیلو کے حوالے سے کہا ہے، ’ انہوں نے میری بے عزتی کرنے کے علاوہ میری اتھارٹی میں مداخلت کی‘۔

منجھے ہوئے کوچ کاپیلو اور فٹ بال ایسوسی ایشن کے مابین اس وقت اختلافات پیدا ہو گئے تھے، جب فٹ بال ایسوسی ایشن نے جان ٹیری پر نسل پرستی کا الزام عائد ہونے کے بعد انہیں قومی ٹیم کی کپتانی کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

فٹ بال ایسوسی ایشن کے اس فیصلے کے بعد فابیلو کاپیلو نے اپنے ایک انٹرویو میں اس فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے کہا تھا کہ جان ٹیری کو کپتانی کے عہدے سے فارغ کرنا درست نہیں تھا۔ کاپیلو کے مطابق جب تک ٹیری پرعائد الزامات ثابت نہیں ہو جاتے تب تک فٹ بال ایسوسی ایشن کو انہیں کوئی سزا نہیں دینی چاہیے تھی۔

جان ٹیری نے اپنے اوپر الزامات کی تردید کی ہےتصویر: dapd

بدھ کی رات کاپیلو اور فٹ بال ایسوسی ایشن کے چیئر مین ڈیوڈ بیرنسٹائن اور جنرل سیکرٹری ایلکس ہورن سے ملاقات کی۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق ویملبے اسٹیڈیم میں ہونے والی اس ملاقات کے بعد فٹ بال ایسوسی ایشن نے کاپیلو کے فوری طور پر مستعفی ہونے کی خبر کی تصدیق کر دی، ’ ایک گھنٹے سے زائد وقت تک ہونے والی اس ملاقات میں فابیو کاپیلو کا استعفی منظور کر لیا گیا ہے۔ وہ انگلش قومی فٹ بال ٹیم کے منیجر کا عہدہ فوری طور پر چھوڑ رہے ہیں‘۔ فٹ بال ایسوسی ایشن نے فابیو کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ فٹ بال ایسوسی ایشن جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق دن بارہ بجے ایک پریس کانفرنس میں مزید تفصیلات عام کرے گی۔

انگلش کلب چیلسی کی نمائندگی کرنے والے اسٹار فٹ بالر جان ٹیری پر الزام ہے کہ انہوں نے گزشتہ برس اکتوبر میں پریمیئر لیگ کے ایک میچ کے دوران اپنے حریف کھلاڑی اینٹون فیرڈیننڈ کے خلاف نسل پرستانہ جملے استعمال کیے تھے۔ یورو کپ کے بعد جولائی میں جان ٹیری کے خلاف عدالتی کارروائی شروع کی جائے گی۔ جان ٹیری نے اپنے اوپر الزامات کی تردید کی ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں