1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انگلینڈ ایشیز سیریز جیت سکتا ہے، فلنٹوف

22 نومبر 2010

انگلینڈ کے معروف سٹار کرکٹر اینڈریو فلنٹوف نے کہا ہے کہ انگلش ٹیم اس مرتبہ ایشیز سیریز میں کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔ ایشیز سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ جعمرات کو برسبین میں شروع ہو رہا ہے۔

ایشیز کا پہلا میچ جمعرات کو شروع ہوگاتصویر: AP

اس وقت یہ ٹائٹل انگلش ٹیم کے پاس ہے۔ ایشیز سیریز کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ دونوں ٹیموں کی طرف سے بیان بازی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اس سلسلے میں تازہ ترین بیان سابق انگلش آل راؤنڈر اینڈریو فلنٹوف کا ہے، جنہوں نے کہا کہ انگلینڈ اس سیریز میں کامیاب ہو جائے گا۔

پہلے ٹیسٹ میچ سے ایشیز سیریز کے دو مرتبہ کے انگلش ہیرو اینڈریو فلنٹوف نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ انگلش ٹیم پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک مرتبہ پھر جیت سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیمز اینڈرسن، گریم سوان اور کیون پیٹرسن انگلش ٹیم کے لئے اہم ہتھیار ثابت ہوں گے۔ معروف انگلش آل راؤنڈر نے تاہم کہا کہ رکی پونٹنگ کی ٹیم کو کمزور ہرگز نہیں سمجھا جا سکتا اور اینڈریو سٹراؤس کو محتاط حکمت عملی ترتیب دینی ہو گی۔

انگلش ٹیم اس مرتبہ ایشیز سیریز میں ایک مرتبہ پھر کامیابی حاصل کرنے کی جستجو رکھتی ہے

فلنٹوف کے مطابق اگرچہ آسٹریلوی ٹیم اس وقت کسی خاص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب نہیں ہو رہی ہے تاہم رکی پونٹنگ ایک ایسے کپتان ہیں، جو کسی بھی ٹیم کے ساتھ میچ جیت سکتے ہیں۔ انگلش ٹیم نے اٹھارہ سالوں کے طویل عرصے کے بعد سن 2005 میں ایشیز سیریز جیتی تھی۔ اپنے ہوم گراؤنڈ میں کامیابی حاصل کرنے والی انگلش ٹیم کی طرف سے تب اینڈریو فلنٹوف نے حیران کن کارکردگی دکھائی تھی۔ بعد ازاں انگلینڈ نے سن 2009 میں بھی یہ سیریز اپنے نام کی اوراس میں بھی یہی انگلش آل راؤنڈر نمایاں رہا تھا۔

ایشیز سیریز کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب انتیس مارچ سن 1882ء کو آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کو اسی کی سرزمین پر پہلی مرتبہ کسی ٹیسٹ میچ میں ہرایا تھا، جس کے بعد اپنی شکست کا بدلہ لینے کے لئے انگلش ٹیم نے آسٹریلیا کا دورہ کیا اور پھر ایشیز کی یہ داستان شروع ہوئی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں