1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انگیلا میرکل جورجیا، آرمینیا اور آذربائیجان کے دورے پر

23 اگست 2018

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا آج سے شروع ہونے والا تین ملکی دورہ اقتصادیات، تجارت اور یورپی ترجیحات کے تناظر میں اہم ہے۔ وہ ان تینوں ملکوں میں قیام کے دوران دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر بھی ترجہ مرکوز کریں گی۔

Deutschland Bundeskanzlerin Angela Merkel
تصویر: picture-alliance/AP Images/J. Meyer

چانسلر انگیلا میرکل کے آج جمعرات سے شروع ہونے والے دورے کی پہلی منزل جنوبی قفقاذ کی یورپ کی جانب مائل ریاست جورجیا ہے۔ وہ اس ملک کے دارالحکومت تبلیسی پہنچ کر جورجیا کے صدر اور وزیراعظم کے ساتھ ملاقاتیں کریں گی۔

اس  بات چیت میں فوقیت یورپی یونین اور نیٹو میں جورجیا کی  شمولیت ہو سکتی ہے۔ جورجیا اپنے بڑے ہمسایہ ملک روس کے عسکری اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے مغربی دفاعی اتحاد میں شامل ہونا چاہتا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ جورجیا اور روس کے درمیان سن 2008 میں پانچ روزہ جنگ بھی ہو چکی ہے۔

مغربی اتحادی ممالک نے جورجیا کی یورپی یونین اور نیٹو میں شمولیت کی خواہش کے حوالے سے محتاط ردعمل ظاہر کیا ہے۔ اس کی وجہ روس کی جانب سے ممکنہ سخت رد عمل ہے۔ ماسکو حکومت نے یوکرائن کی ایسی ہی خواہش پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔کییف حکومت ابھی تک روس کے اُس سخت ردعمل کے اثرات سے باہر نکل نہیں پائی ہے۔

چانسلر انگیلا میرکے دورے کی پہلی منزل جنوبی قفقاذ کی یورپ کی جانب مائل ریاست جورجیا ہےتصویر: Getty Images/AFP/Z. Nikolaishvili

مبصرین کے مطابق یوکرائن میں بھی یورپی یونین اور نیٹو میں شمولیت کی کوششوں کے شروع کرنے پر وہاں کے روس نواز حلقے کییف حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے تھے۔ اس سیاسی انتشار میں کریمیا کا روس سے الحاق کی قرارداد کو پہلے منظور کیا گیا اور یہ علاقہ روسی سرزمین کا حصہ بنا دیا گیا۔ مشرقی یوکرائنی علاقوں میں ابھی تک خانہ جنگی کی صورت پیدا ہے۔

جرمن چانسلر میرکل آرمینیا کے دورے کے بعد پچیس اگست کو وسطی ایشیائی ریاست آذربائیجان پہنچیں گی۔ ان کی دارالحکومت باکو میں صدر الہام حیدر علیئیف کے ساتھ بات چیت میں توانائی کے معاملات پر خاص توجہ دی جائے گی۔ ان معاملات میں آذربائیجان سے ترکی کے راستے یورپ کو گیس کی فراہمی کی تجویز خصوصی اہمیت کی حامل ہو گی۔

جرمن حکومت کے ایک اعلیٰ اہلکار نے اپنا نام مخفی رکھتے ہوئے نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ روس سے گیس کی درآمد کا شمالی راستہ بھی اہم ہے تاہم برلن حکومت جنوبی کوریڈور کی تعمیر و ترقی میں بہت دلچسپی رکھتی ہے کیونکہ یہ یورپی یونین کی کثیرالجہتی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

ع ح ⁄ الف الف ⁄ ڈی پی اے

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں