انگیلا میرکل کی تصنیف جرمنی میں اس سال کی کامیاب ترین کتاب
5 دسمبر 2024
سابق جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی یادداشتوں پر مشتمل تصنیف جرمنی میں اب تک سال رواں کی کامیاب ترین کتاب ثابت ہوئی ہے۔ مارکیٹ میں آنے کے بعد صرف پہلے ہفتے کے دوران ہی اس کتاب کی دو لاکھ سے زائد کاپیاں فروخت ہو چکی تھیں۔
اشتہار
جرمن دارالحکومت برلن سے جمعرات پانچ دسمبر کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق میرکل کی اس کتاب کے عام صارفین اور قارئین کی طرف سے یوں ہاتھوں ہاتھ لیے جانے کی تفصیلات جرمنی میں بک انڈسٹری کی ایک کمپنی کی طرف سے جاری کی گئیں۔
تقریباﹰ 16 سال تک جرمن سربراہ حکومت کے منصب پر فائز رہنے اور دائیں بازو کی طرف جھکاؤ کی حامل قدامت پسند سیاسی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین (سی ڈی یو) سے تعلق رکھنے والی ریٹائرڈ سیاست دان انگیلا میرکل کی یہ ضخیم تصنیف 736 صفحات پر مشتمل ہے۔
میرکل نے، جو جرمنی کی پہلی اور اب تک کی واحد خاتون چانسلر تھیں، اپنی یادداشتوں پر مشتمل اس کتاب کو ''آزادی: یادیں 1654 تا 2021‘‘ کا عنوان دیا ہے۔
بیسٹ سیلر لسٹ میں سب سے اوپر
یورپی یونین کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک جرمنی میں کتابوں کی فروخت پر کاروباری حوالے سے نظر رکھنے اور کتب بینی کے رجحان کا تجزیہ کرنے والی کمپنی 'میڈیا کنٹرول‘ نے جمعرات کے روز اپنا جو تازہ ترین تجزیہ شائع کیا، اس کے مطابق اس کتاب کی حال ہی میں بک سٹوروں پر آنے کے بعد صرف پہلے ہفتے کے دوران ہی دو لاکھ سے زائد کاپیاں فروخت ہو گئی تھیں۔
اشتہار
'میڈیا کنٹرول‘ نامی کمپنی وہی ہے، جو معروف جرمن ہفت روزہ جریدے 'اشپیگل‘ کے لیے ملک میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتابوں کی بیسٹ سیلر لسٹ بھی ترتیب دیتی ہے۔
اس کمپنی کی مینیجنگ ڈائریکٹر اُلریکے آلٹِگ نے برلن میں بتایا، ''اس سال چھپ کر مارکیٹ میں آنے والی کتابوں میں سے کسی بھی دوسری کتاب کے لیے رواں سال اتنا شاندار نہیں رہا، جتنا کہ انگیلا میرکل کی کتاب کے لیے۔‘‘
اُلریکے آلٹِگ نے کہا کہ اپنی اشاعت کے چند روز کے اندر اندر ہی میرکل کی تصنیف 'فریڈمﺍ نے انتہائی کامیاب کتابوں کی متعدد بیسٹ سیلر لسٹوں میں اپنی جگہ بنا لی تھی۔ سابق چانسلر میرکل نے یہ کتاب اپنی ایک دیرینہ معتمد بیاٹے باؤمن کے ساتھ مل کر لکھی ہے۔
کتاب کی قیمت بیالیس یورو
اس وقت 70 سالہ میرکل نے اس کتاب میں اپنی زندگی کے آج سے تین سال پہلے تک کے 67 برسوں کو پلٹ کر دیکھنے کی کوشش کی ہے۔ جرمنی میں اس مجلد کتاب کی قیمت 42 یورو ہے۔
اس قیمت میں سے مصنفہ کے طور پر انگیلا میرکل کو کتنی رقم کا دیا جانا قانونی طور پر طے ہوا تھا، اس بارے میں کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
کتاب کے ناشر ادارے نے اس سلسلے میں ایک بیان میں کہا، ''ہم اس کتاب کی اشاعت سے قبل طے پانے والے معاہدے یا اپنے پبلشنگ ہاؤس کے اندرونی معاملات کی کوئی تفصیلات جاری نہیں کر سکتے۔‘‘
کئی جرمن میڈیا اداروں نے اس بارے میں حال ہی میں لکھا تھا کہ اس کتاب کے لیے مشترکہ مصنفین کے طور پر متعلقہ پبلشنگ ہاؤس نے انگیلا میرکل اور بیاٹے باؤمان کو کئی ملین یورو کی پیشگی ادائیگی کی۔
م م / ش ر (ڈی پی اے)
سابق جرمن چانسلر میرکل کی 70 ویں سالگرہ
ایک عام سی لڑکی سے پہلی جرمن چانسلر تک کا سفر! آج سابق جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی 70 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ تین برس قبل سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی میرکل کو آج بھی سیاست میں ایک عملی نمونہ سمجھا جاتا ہے۔
تصویر: Jens Büttner/dpa/picture alliance
ایک پادری کی بیٹی
انگیلا میرکل ایک پادری کی بیٹی ہیں اور اُس دور میں پروان چڑھیں جب یورپ میں سابقہ سوویت یونین کے حلیف ممالک آہنی پردے کے پیچھے تھے۔ وہ سیاسی میدان میں اُس وقت بھرپور انداز میں سرگرم ہوئیں جب دیوارِ برلن کے انہدام کے بعد اُس وقت کی مشرقی جرمن حکومت کے خلاف اپوزیشن انتہائی زیادہ متحرک تھی۔
تصویر: picture-alliance/dpa/R. Vennenbernd
روایت شکن رہنما
انگیلا میرکل نے جرمنی کے سیاسی منظرنامے کی کئی روایات توڑ ڈالیں۔ مشرقی جرمنی سے تعلق رکھنے والی خاتون، جنہیں ’سیاست کے داؤ پیچ‘ بھی معلوم نہیں تھے، قدامت پسند جماعت کی سربراہ مقرر ہوئیں اورچار مرتبہ چانسلر بھی منتخب ہو چکی ہیں۔ جرمن مصنفہ یولی سہ نے انگلیلا میرکل ہی کو ایک تھیٹر ڈرامے ’مُٹی‘ یا ’ماں‘ میں موضوع بنایا ہے۔
تصویر: Reuters/K. Pfaffenbach
تین برس پہلے تک دنیا کی سب سے بااختیار خاتون
کون جانتا تھا کہ انگیلا ڈوروتھیا کیزنر ایک دن دنیا کی سب سے طاقتور خاتون بن جائیں گی۔ ’مستقل مزاج‘، ’غیرجانبدار‘، ’خاکسار‘ اور ’غیرجذباتی‘ جیسے القابات ایک پروٹیسٹنٹ پادری کی اس بیٹی کو ملے، جو برانڈنبرگ کے علاقے ٹیمپلِن میں پلی بڑھی۔
تصویر: imago
ایک پولستانی گھرانہ
انگیلا کی دادی گیٹا اور دادا لُڈوِگ اپنے بیٹے ہورسٹ کے ہمراہ پوزن سے برلن منتقل ہوئے۔ سن 1930ء میں اس خاندان نے اپنے پولستانی نام Kazmierczak کو کیزنر میں تبدیل کیا۔ انگیلا میرکل کی پولستانی جڑوں کی بابت سن 2013ء میں معلومات سامنے آئی تھی، جس پر پولینڈ کے میڈیا پر خصوصی گفتگو بھی کی گئی۔
تصویر: picture-alliance/dpa
مشرقی جرمنی میں تعلیمی سفر
انگیلا میرکل نے برنڈنبرگ کے ایک اسکول جانا شروع کیا۔ سن 1973ء میں میرکل نے امتیازی نمبروں سے اپنی گریجویشن مکمل کی۔ انگیلا ریاضی اور روسی زبان پر عبور رکھتی ہیں۔ اپنے اسکول کے برسوں میں وہ سوشلسٹ یوتھ آرگنائزیشن FDJ میں سرگرم رہیں۔ وہ پہلی جرمن سربراہ حکومت ہیں، جن کا تعلق سابقہ مشرقی جرمنی سے ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa
70 کی دہائی، راک اینڈ رول کے بجائے سائنس
میرکل نے جرمن شہر لائپزگ میں اپنی اعلیٰ تعلیم کی ابتدا طبعیات سے کی ۔ اس کے بعد وہ سابقہ مشرقی جرمنی کی اکیڈمی آف سائنس کے علمِ کیمیا کے شعبے سے منسلک ہو گئیں۔ یہیں ان کی ملاقات اپنے پہلے شوہر اُلرش میرکل سے ہوئی۔
تصویر: picture-alliance/dpa
میرکل کی سیاسی ابتدا
میرکل نے سیاست کا آغاز کیا اور پھر قدامت پسند جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین سے منسلک ہو گئیں۔ یہیں وہ اپنے ’سیاسی استاد‘ اور پارٹی لیڈر ہیلمُٹ کوہل سے ملیں۔
تصویر: Reuters
متحدہ جرمنی کی پارلیمان میں
سن 1990ء میں میرکل جرمن پارلیمان کی رکن منتخب ہوئی۔ سابقہ مشرقی جرمنی میں رہنے والی میرکل کی معلومات یورپی یونین کی بابت زیادہ نہیں تھیں، نہ ہی انہیں مغربی جرمنی کی سیاست کی گہرائیوں کیا زیادہ علم تھا، تاہم چانسلر ہیلمُٹ کوہل نے انہیں خواتین اور نوجوانوں کی وزارت کا قلمدان سونپ دیا۔ چار برس بعد وہ ماحولیات کی وزیر بنیں۔
تصویر: Reuters
خوبصورت قہقہے کی مالک
سیاست کا میدان، جس پر ہمیشہ سے مردوں کی گرفت رہی ہے، تاہم میرکل کسی جگہ کمزور دکھائی نہ دیں۔ جب یورپی یونین کو مالیاتی بحران کا سامنا تھا، تو میرکل جرمنی کے مفادات کے تحفظ کے لیے یورپی یونین میں ایک مضبوط آواز کی حامل دکھائی دیں۔ تاہم جرمنی میں ان کے ناقد ان پر یہ تنقید کرتے ہیں کہ وہ کچھ معاملات پر واضح اور سخت الفاظ کا استعمال نہیں کرتیں۔
تصویر: Reuters
روسی سے تعلقات میں کشیدگی
مارچ میں یوکرائنی علاقے کریمیا پر روسی قبضے سے قبل میرکل اور پوٹن کے درمیان تعلقات ماضی کے مقابلے میں خاصے بہتر رہے۔ پوٹن میرکل کی انتہائی عزت کرتے ہیں۔ ایک طرف پوٹن جرمن اور دوسری طرف میرکل روسی زبان پر عبور رکھتی ہیں۔
تصویر: picture-alliance/dpa
عام سا طرزِ زندگی
امریکا اپنے صدر کی شاندار رہائش گاہ وائٹ ہاؤس اور فرانسیسی ایلیزے پیرس کو جانتے ہیں، مگر برلن کے وسط میں میرکل اور ساؤر ایک اپارٹمنٹ میں رہتے ہیں۔ وہ علاقے کے لوگوں سے عموماﹰ سپرمارکیٹ میں ملتے دکھائی دیتے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/dpa
میرکل کی سیاحت
میرکل اپنی چھٹیاں گزارنے اطالوی جزیرے اِشیا کا رخ کرتی ہیں، جہاں وہ اپنے شوہریوآخم ساؤور کے ہمراہ سوئمنگ اور ہائکنگ کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
تصویر: picture-alliance/dpa/T. Hase
جرمنی کی کامیابی کا سفر
قومی ٹیم کے اہم میچز میں بھی اپنے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے میرکل اسٹیڈیم کا رخ کرتی ہیں۔ برازیل میں ہونے والے حالیہ ورلڈ کپ مقابلوں میں جب جرمنی نے اپنا پہلا میچ کھیلا تو میرکل یہ میچ دیکھنے برازیل پہنچیں اور پھر فائنل کے موقع پر بھی میرکل اپنے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے یہ مقابلہ دیکھنے ریو ڈی جنیرو گئیں۔
تصویر: Reuters
سیاست سے کنارہ کشی
انگیلا میرکل نے اپنی صحت کی وجہ سے تین برس قبل جرمن سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔ دو ہزار چوبیس کی ہنگامہ خیز دنیا میں بہت سے لوگ میرکل کی پرسکون موجودگی کو یاد کرتے ہیں۔