1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’اوباما ایک تباہ کُن ناکامی کے دہانے پر‘

Gero Schließ / کشور مصطفیٰ9 اکتوبر 2014

سی این این نے صدر باراک اوباما کے کئی قریبی سرکردہ اہلکاروں کا نام ظاہر کیے بغیر اُن کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی شام کے علاقے کوبانی پر دہشت گرد عسکریت پسند گروپ اسلامک اسٹیٹ کا قبضہ یقینی نظر آ رہا ہے۔

تصویر: Reuters

ان دنوں شام اور ترکی کی سرحد پر واقع شہر عین العرب، جسے کُرد زبان میں کوبانی کہتے ہیں، عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق جہادی گروپ اسلامک اسٹیٹ نے اس علاقے کے تیسرے شہر کو بھی اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ امریکی حکومت کے خیال میں کوبانی کو آئی ایس کے قبضے سے بچانا اب مزید ممکن نہیں رہا ہے۔ اگر درحقیقت یہی صورتِ حال ہے تو کیا اس سے واشنگٹن حکومت کی اس علاقے پر فضائی حملوں کی حکمت عملی کی ناکامی کی نشاندہی ہوتی ہے؟ اس بارے میں خود سابق امریکی صدر جمی کارٹر بھی باراک اوباما پر ڈھکی چھپی تنقید کر چُکے ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے صدر باراک اوباما کے کئی قریبی سرکردہ اہلکاروں کا نام ظاہر کیے بغیر اُن کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی شام کے علاقے کوبانی پر دہشت گرد عسکریت پسند گروپ اسلامک اسٹیٹ کا قبضہ یقینی نظر آ رہا ہے۔ یہاں تک کہ امریکی فوج کے جنرل مارٹن ڈمپسی امریکی ٹیلی وژن چینل اے بی سی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہہ چُکے ہیں کہ ’انہیں کوبانی کے سقوط کا خطرہ نظر آ رہا ہے"۔

شام میں امریکی فضائی حملے کامیاب ہوتے دکھائی نہیں دے رہےتصویر: picture alliance/dpa/Matthew Bruch

اُدھر امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بُدھ کو واضح الفاظ میں کہا تھا:’’کوبانی کا تحفظ امریکی حکمت عملی کا ہدف نہیں ہے"۔

کیری کا مزید کہنا تھا کہ کوبانی کے واقعات کتنے ہی خوفناک کیوں نہ ہوں، امریکا کا ٹارگٹ آئی ایس کا بنیادی ڈھانچہ اور اُس کے کمانڈوز کے مراکز ہیں۔ امریکا اور اُس کے اتحادیوں کی طرف سے کوبانی پر حالیہ مشترکہ فضائی حملوں میں واضح اضافے کے باوجود اس علاقے میں اسلامک اسٹیٹ کی پیشقدمی مسلسل جاری ہے۔ اخبار واشنگٹن پوسٹ اب تک سخت اور واضح الفاظ میں کہتا رہا ہے کہ ’امریکا ایک تباہ کُن شکست کے دھانے پر کھڑا ہے‘، ایک ایسی جنگ میں جسے اوباما نے غیر ضروری احتیاط، پابندیوں اور خود کو حد سے زیادہ محدود رکھتے ہوئے شروع کی تھی۔

غلط حکمت عملی

واشنگٹن پوسٹ کی تنقید کے برعکس امریکا میں قائم بروکنگز انسٹیٹیوٹ سے منسلک ایک ماہر، مائک او ہان لان کا کہنا ہے کہ کوبانی میں اب تک ہونے والے امریکی فضائی حملوں کے غیر مؤثر ہونے کو امریکی حکمت عملی کی ناکامی سے تعبیر کرنا غلط ہے۔ وہ کہتے ہیں، ’’سادہ سی حقیقت یہ ہے کہ ایک اور شہر کا سقوط نظر آ رہا ہے اور یہ امر کتنا ہی افسوسناک کیوں نہ ہو، امریکی حکمت عملی کے غلط ہونے کا ثبوت نہیں ہے‘‘۔

کوبانی میں آئی ایس کی دہشت گردانہ کارروائیوں کے سبب لاتعداد شہریوں کی حالت ناگفتہ بہ ہےتصویر: REUTERS/U. Bektas

واشنگٹن کے ایک قدامت پسند تھنک ٹینک ہیریٹیج فاؤنڈیشن سے تعلق رکھنے والے امور مشرق وسطیٰ کے ایک ماہر جِم فلپس کا کہنا ہے کہ کوبانی سے متعلق اوباما کی حکمت عملی ناکام ہوتی دکھائی دے رہی ہے تاہم آیا امریکی فضائی حملوں میں تیزی کے بعد اس کے واضح اثرات مرتب ہوں گے، اس بارے میں حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔ اس کے لیے کچھ انتظار کی ضرورت ہے۔

جِم فلپس کو تاہم اس امر کا مکمل ادراک ہے کہ محض امریکی فضائی حملے اسلامک اسٹیٹ کے خلاف جنگ اور اُسے تباہ کرنے کے لیے کافی نہیں ہیں۔ وہ کہتے ہیں، ’زمینی صورتحال کے بارے میں جب تک مکمل آگاہی نہیں ہوتی، تب تک فضائی حملے فیصلہ کُن اثرات مرتب نہیں کر سکتے‘۔

عراق کے برعکس شام میں امریکا اُن بنیادی شرائط کو پورا نہیں کر سکتا، جو اس ملک میں عسکری طور پر کسی کامیاب آپریشن کے لیے ضروری ہیں۔ جِم فلپس کہتے ہیں:’’شام اسٹرٹیجک اعتبار سے کہیں زیادہ پیچیدہ ملک ہے کیونکہ شام کی سرزمین پر امریکا کا کوئی حقیقی حلیف موجود نہیں ہے، جو فضائی حملوں کی تیاری اور آپریشن میں معاون اور مدد گار ثابت ہو۔‘‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں