اوباما نے وزیر دفاع اور سی آئی اے کا نیا سربراہ چن لیا
8 جنوری 2013
پیر کے روز باراک اوباما کی طرف سے سابق سینیٹر اور ویتنام جنگ میں حصہ لینے والے چک ہیگل ( تصویر میں بائیں طرف) کو نئے وزیر دفاع اور امریکی انٹیلی جنس ایجنسی میں طویل عرصے تک کام کرنے والے جان برینن (دائیں طرف) کو سی آئی اے کے نئے سربراہ کے طور پر نامزد کیا گیا۔
جان برینن کون ہیں ؟
جان برینن کو صدر اوباما کا انتہائی قریبی اور بااعتماد ساتھی تصور کیا جاتا ہے۔ 57 سالہ برینن اوباما کے مشیر برائے انسداد دہشت گردی اور نیشنل سکیورٹی کونسل کے نائب سربراہ ہیں۔
برینن کئی دیگر امریکی اہلکاروں کے برعکس اوباما کے اس فیصلے کے حق میں تھے کہ پاکستان میں اسامہ بن لادن کے خلاف آپریشن کیا جانا چاہیے۔ گزشہ چار برسوں میں برینن باقاعدگی سے اوباما کے ساتھ میٹینگز کرتے رہے ہیں تاکہ انہیں اہم کارروائیوں سے آگاہ رکھا جا سکے۔
جان برینن کے 25 سالہ دور ملازمت میں ان کی سب سے بڑی کامیابی اسامہ بن لادن کی ہلاکت قرار دی جاتی ہے۔ نیوز ایجسنی ڈی پی اے کے مطابق پاکستان، صومالیہ اور یمن میں ہونے والے امریکی ڈرون حملوں میں بھی برینن کا مرکزی کردار رہا ہے۔
کہا جاتا ہے کہ سی آئی اے کے ایک پروگرام کے تحت امریکا پاکستان کے شمال مغربی قبائلی علاقوں میں سینکڑوں کی تعداد میں ڈروں حملے کر چکا ہے۔ گزشتہ برس برینن کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ڈرون حملے کرنا ’اخلاقی اور قانونی طور پر درست‘ ہے۔
سخت مؤقف رکھنے والے برینن پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ وہ سابق صدر جارج ڈبلیو بش کے دور میں ’سی آئی اے‘ کی جانب سے مشتبہ ملزمان سے تفتیش کے لیے اپنائے گئے ان طریقوں کا حصہ رہے ہیں، جنہیں متنازعہ اور انسانی حقوق کے خلاف تصور کیا جاتا ہے۔ برینن اب تک ان الزامات کی تردید کرتے آئے ہیں۔
برینن مشرق وسطیٰ امور کے ماہر ہونے کے ساتھ ساتھ عربی زبان بھی بول سکتے ہیں اور سعودی عرب میں سی آئی اے کے اسٹیشن ہیڈ رہ بھی چکے ہیں۔ سینیٹ سے منظوری کے بعد جان برینن اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جانے والے سی آئی اے کے سربراہ ڈیوڈ پیٹریاس کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
چک ہیگل
رپبلکن پارٹی کے سابق سینیٹر چک ہیگل کی عمر 66 برس ہے۔ صدر اوباما ہیگل کو لیون پنیٹا کی جگہ نیا وزیر دفاع بنانا چاہتے ہیں۔ ہیگل کے بارے میں اعلان کرتے ہوئے باراک اوباما کا کہنا تھا، ’امریکی فوجی ایسے ہی لیڈر کے مستحق ہیں‘۔
تاہم ہیگل کی بطور وزیر دفاع نامزدگی کی وجہ سے باراک اوباما کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ ہیگل کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اسرائیل کے بارے میں ان کی سوچ جارحانہ ہے اور ایران سے متعلق ان کی رائے میں عملیت پسندی اور بلوغت کی کمی ہے۔ ان حالات میں یہ بات یقینی ہے کہ سینیٹ سے چک ہیگل کی تقرری کی منظوری کا عمل طویل اور مشکل ہو گا۔
امریکی سینیٹ کے ایک سرکردہ رپبلکن رکن لنڈسے گراہم نے امریکی ٹیلی وژن ادارے سی این این کے ساتھ گفتگو میں تو یہاں تک کہہ دیا کہ اگر چک ہیگل کو نیا وزیر دفاع بنایا گیا تو وہ امریکا کی تاریخ کے ایسے وزیر دفاع ہوں گے، جو اسرائیلی ریاست کے بارے میں سب سے زیادہ مخالفانہ سوچ رکھتے ہیں۔
سینیٹر لنڈسے گراہم کے مطابق چک ہیگل کہہ چکے ہیں کہ ایران کے خلاف پابندیاں کام نہیں کریں گی اور امریکا کو ایران کے ساتھ براہ راست بات چیت کرنا چاہیے۔ وہ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ اسرائیل کو بھی حماس کے ساتھ مکالمت شروع کرنا چاہیے۔
خبر ایجنسی اے ایف پی نے اپنی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ چک ہیگل ان 12 امریکی سینیٹروں میں شامل تھے جنہوں نے یورپی یونین کو لکھے گئے ایک ایسے خط پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا تھا، جس میں امریکی سینیٹ کے ارکان نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا تھا کہ حماس کو ایک دہشت گرد گروپ قرار دے دینا چاہیے۔
واضح رہے کہ صدر اوباما کی جانب سے بطور وزیر دفاع نامزدگی کو امریکی سینیٹ کی توثیق کی ضرورت ہے، تاہم متعدد قانون ساز ہیگل پر تنقید کرتے نظر آ رہے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے این بی سی کے پروگرام ’میٹ دی پریس‘ میں انٹرویو کے دوران امریکی صدر باراک اوباما کا کہنا تھا، ’میں چک ہیگل کے ساتھ کام کر چکا ہوں۔ میں انہیں جانتا ہوں۔ وہ ایک محب وطن شخص ہیں۔ وہ ایک ایسے شخص ہیں، جنہوں نے امریکی سینیٹ میں بطور قانون ساز اور ویت نام جنگ کے دوران بطور امریکی فوجی غیرمعمولی خدمات سرانجام دی ہیں۔‘
ia/ab(AFP, dpa, Reuters)