ايرانی ايتھليٹ نے ويٹ لفٹنگ کا کافی پرانا ريکارڈ توڑ ديا
25 اگست 2018
جکارتہ ميں جاری ايشين گيمز ميں ايرانی ايتھليٹ سہراب مرادی نے 1999ء سے قائم ايک ريکارڈ توڑ کر نئی تاريخ رقم کر دی ہے۔ مرادی وہی ايتھليٹ ہيں جن پر ممنوعہ ادویات استعمال کرنے پر پانچ برس قبل دو سال کی پابندی لگا دی گئی تھی۔
اشتہار
ايرانی ايتھليٹ سہراب مرادی نے ويٹ لفٹنگ کے کھيل میں آج تک قائم سب سے پرانا عالمی ريکارڈ توڑ ديا ہے۔ مرادی نے انڈونيشيا کے دارالحکومت جکارتہ ميں جاری ايشين گيمز ميں ہفتہ پچيس اگست کے روز 94 کلوگرام کيٹيگری ميں سونے کا تمغہ حاصل کيا۔ اس ايرانی کھلاڑی نے 189 کلوگرام وزن اٹھا کر يونان کے اکاکيوس کاکياسويلس کا ريکارڈ توڑا، جنہوں نے سن 1999 ميں 188 کلوگرام وزن اٹھا کر ويٹ لفٹنگ کا یہ ريکاڈ قائم کيا تھا۔
ايران کے سہراب مرادی نے دو برس قبل برازيل کے شہر ريو ڈی جنيرو ميں ہوئے اولمپک مقابلوں ميں بھی اپنے ملک کے ليے سونے کا تمغہ حاصل کيا تھا۔ پھر پچھلے سال امريکا ميں منعقدہ ويٹ لفٹنگ کی عالمی چيمپئن شپ ميں بھی انہوں نے ’کلين اينڈ جرک‘ 233 کلوگرام وزن اٹھاتے ہوئے اور مجموعی طور پر 417 کلوگرام وزن اٹھا کر ان دونوں شعبوں ميں نئے عالمی ريکارڈ قائم کيے تھے۔
مرادی نے ہفتے کے روز ایشیائی مقابلوں کے دوران پہلے 182 کلوگرام وزن اٹھايا۔ پھر انہوں نے 189 کلوگرام وزن اٹھانے کی کوشش کی، جس ميں وہ شروع میں ناکام رہے۔ تاہم اپنی تيسری کوشش ميں وہ کامیاب رہے اور يوں ايک نيا عالمی ريکارڈ بھی قائم کر دیا۔ مرادی کے بقول اب وہ 96 کلوگرام کيٹيگری ميں کھيلنے کے ليے تياری کريں گے۔
ممنوعہ ادویات کے استعمال پر انتيس سالہ سہراب مرادی پر سن 2013 ميں دو سال کی پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
2016ء : کھیل کی دنیا کے انوکھے واقعات
تیل کی مالش سے چمکتے جسم کے ساتھ اولمپک کا پرچم،خطرناک ہیل پہنے ہوئے مارشل آرٹس کی کھلاڑی، سرفنگ کرنے والا کتا اور ٹارزن بننے کی ناکام کوشش کرنے والا گول کیپر۔ سال رواں کے دوران کھیلوں کی دنیا کے انوکھے واقعات
تصویر: picture-alliance/ZUMAPRESS.com
چمکتا جسم اور اولمپکس
پیٹا ٹاؤفاٹوفوا نے رواں برس ریو ڈی جنیرو اولمپکس کی افتتاحی تقریب اُس وقت لوٹ لی، جب وہ اپنے ملک ٹونگا کی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے ملکی پرچم اٹھائے ہوئے میدان میں داخل ہوئے۔ انہوں نے قمیص پہنی ہوئی نہیں تھی اور ان کا جسم تیل کی مالش کی وجہ سے چمک رہا تھا۔
تصویر: picture-alliance/S. Simon
مہلک ہتھیار
تائی کوانڈو: اکتوبر میں جرمن شہر فرینکفرٹ کے کومرز بینک ایرینا میں ہونے والے ایک مقابلے میں جرمنی کی ہی جیکلن ہاگے من نے ’ہائی ہیل بیلون کِک‘ مقابلے میں ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے نوے سیکنڈ میں اپنے ہائی ہیلز کی مدد سے سینتیس غبارے پھوڑے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/A. Arnold
ایسا بھی ہوتا ہے
ریو ڈی جینیرو اولمپکس میں گھوڑ سواری کے ایک مقابلے میں برازیل کے ایتھلیٹ روئے فونسیکا اس وقت مقابلے سے باہر ہو گئے، جب ان کے گھوڑے نے عین وقت پر ان کا ساتھ دینے سے انکار کر دیا۔ فونسیکا نے جیبسے ہی اپنے گھوڑے کے ساتھ ایک رکاوٹ کو عبور کرنا چاہا، تو ان کا گھوڑا وہیں رک گیا اور وہ زمین پر گر پڑے۔
تصویر: picture-alliance/Fotoagentur Kunz
سرفر ڈوگ
امریکی شہر سان ڈیاگو میں کتوں کی سرفنگ کے ایک مقابلے میں ’کونا کائی‘ نامی اس کتے نے انتہائی پراعتمادی کے ساتھ موجوں کا مقابلہ کیا۔ تاہم اس دوران ’کونا کائی‘ کا تربیت کار اور اس مقابلے میں اس کا ساتھی اپنا توازن بہرحال برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ ماسٹر کے پانی میں گرنے کی وجہ سے بیچارہ کتا ایوارڈ جیتنے سے محروم رہا۔
تصویر: picture-alliance/ZUMAPRESS.com
سائیکل کی سیٹ
ریو ڈی جینیرو اولمپکس کے دوران جرمن سائیکلسٹ کرسٹینا فوگل فائنل جیت تو گئیں تاہم جب انہوں نے فنشنگ لائن کراس کی تو ان کی سائیکل کی سیٹ گر چکی تھی۔ اس واقعے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ایک بے وفا سیٹ بھی کرسٹینا فوگل کی جیت کی راہ میں حائل نہیں ہو سکی۔
تصویر: picture-alliance/Augenklick/rscp
بھاری بوجھ
ایتھوپیا کے تیراک روبل کیروس ہابتے کا جسم مقابلے میں شریک دیگر کھلاڑیوں سے مختلف یعنی تھوڑا بھاری تھا۔ اس وجہ سے اس وقت لوگوں کو کوئی حیرانی نہیں ہوئی جب سو میٹر تیراکی کے مقابلے کو ختم کرنے میں کیروس ہابتے کو تگ و دو کا سامنا کرنا پڑا۔ اس مقابلے میں وہ صرف سب سے آخری نمبر پر ہی نہیں آئے بلکہ انہوں نے ریکارڈ ٹائم میں یہ فاصلہ عبور کیا۔
تصویر: Getty Images/ A. Bello
گلاس کے بجائے جوتا
اگر جوتے کو گلاس بناتے ہوئے اسد میں کچھ پیا جائے توکیا اس کا مزہ بہتر ہو جائے گا؟ بہرحال اس بارے میں تو کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ تاہم سان مارینو کے سائیکلنگ مقابلے میں کامیابی کے بعد والینٹینو روسی نے ریس جیتنے کے بعد شیمپین پینے کے لیے گلاس کے بجائے اپنے جوتے کا انتخاب کیا۔
تصویر: picture-alliance/DPPI Media
میں ٹارزن تو نہیں
اٹلی کی فٹ بال ٹیم کے گول کپیر بفون فرانس میں یورو کپ کے ایک میچ میں بیلجیم کی ٹیم کو شکست دینے کے بعد بہت زیادہ جذباتی ہو گئے۔ جذبات کی رو میں بہہ کر انہوں نے میچ کے اختتام پر مخالف ٹیم کے گول میں جا کر ’کراس بار‘ کو پکڑ کر چھلانگ لگانے کی کوشش کی۔ تاہم ان کی گرفت کمزور پڑی اور وہ گر پڑے۔ پھر انہوں نے گول کے نیٹ کے قریب جا کر چیخنے چلانے پر ہی اکتفا کیا۔
تصویر: picture-alliance/DPPI Media
سخت حفاظتی انتظامات؟ کیا واقعی؟
یورو کپ فٹ بال 2016ء کے مقابلوں میں سخت حفاظتی انتظامات پر بہت زور دیا گیا تھا۔ ایک میچ کے دوران پرتگال ٹیم کا ایک مداح ہر طرح کے حفاظتی حصار کو توڑتا ہوا اس وقت میدان میں آن پہنچا، جب میچ شروع ہونے سے قبل ٹیم کی تصویر کھینچی جا رہی تھی۔ کرسٹیانو رونالڈو بھی اس صورتحال سے محظوظ ہوئے۔
تصویر: picture-alliance/Pressefoto ULMER
نئے درزی کی ضرورت ہے
فرانسیسی فٹ بال زنیڈین زیڈان کا شمار خوش لباس افراد میں ہوتا ہے۔ وہ اب ریئل میڈرڈ کلب کی ٹیم کی کوچ ہیں۔ یہ ریئل میڈرڈ اور جرمن کلب وولفسبرگ کے ایک میچ کی تصویر ہے، اس دوران جیسے ہی زیڈان جذبات میں آ کر کھڑے ہوئے تو ان کی پتلون پھٹ گئی۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کے خلاف ایک میچ میں بھی زیڈان کی پتلون پھٹ گئی تھی۔ زیڈان کے بقول،’’یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے، اس کے لیے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔‘‘
تصویر: picturealliance / Back Page Images
عادت نہیں ہے
جرمن فٹ بال کلب بائرن میونخ کے کھلاڑیوں کو منفی درجہ حرارت پر بینچوں پر بیٹھنے کی عادت نہیں۔ روس میں نومبر میں کھیلے جانے والے ایک میچ میں جرمن کلب کے کھلاڑیوں کو منفی چھ درجہ حرارت پر بینچوں پر بیٹھنا پڑا۔ جرمن کلب یہ میچ تین دو سے ہار گیا تھا۔
تصویر: picture-alliance/dpa/P. Kneffel
یہ بال کہاں پہنچ گئی
فٹ بال کی پریمیئر لیگ کے ایک میچ کے دوران کرسٹل پیلس کے ہوم گراؤنڈ میں فٹ بال پر ایسی کک لگی وہ گراؤنڈ کی چھت پر پہنچ گئی۔ یہ میچ کرسٹل پیلس اور ساؤتھ ہیمپٹن کے مابین کھیلا جا رہا تھا۔ فٹ بال کی واپسی کے بعد کرسٹل پیلس کے کھلاڑیوں نے تین مرتبہ اسی بال کو اپنی مخالف ٹیم کے گول کا راستہ دکھایا۔
تصویر: picture-alliance/Offside/Kieran Clarke
جیب کترا
یہ تصویر ریئل میڈرڈ اور زالگیرس کاؤناس کے مابین باسکٹ بال کے ایک میچ کی ہے۔ یورپیئن لیگ کے اس میچ میں کورٹ کے ایک اہلکار کا ہاتھ غلطی سے ایک ٹیم کے کوچ کی جیب تک پہنچ گیا۔