1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ايران نئی امریکی پابنديوں کی زد ميں

1 اگست 2012

امريکی صدر باراک اوباما نے تيل کی تجارت ميں ايران کی معاونت کرنے والے بينکوں کے خلاف نئی پابنديوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے اس اقدام سے تہران حکومت پر دباؤ مزيد بڑھے گا۔

Iran / Öl / Raffinerie / Teheran / Ölstreit / Atomstreit
تصویر: dapd

ايران کے خلاف تازہ ترين پابنديوں کی سرکاری طور پر منظوری ديتے ہوئے باراک اوباما کا کہنا تھا کہ امريکا، ايران کے متنازعہ جوہری پروگرام کے مسئلے کا سفارتی حل چاہتا ہے ليکن اسی دوران وہ تہران پر مزيد دباؤ بھی ڈالتا رہے گا۔ انہوں نے اپنے بيان ميں کہا، ’اگر ايرانی حکومت نے اپنا غیر لچکدار رویہ جاری رکھا تو کوئی شک نہيں کہ امريکا اور اس کے ساتھی ممالک مزيد اقدامات اٹھائيں گے‘۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امريکا کی جانب سے عائد کردہ ان تازہ ترين پابنديوں کا نشانہ ان بين الاقوامی بينکوں کو بنايا گيا ہے جو ايران کی نيشنل آئل کمپنی اور نفتيران انٹر ٹريڈ کمپنی کے ساتھ کاروبار جاری رکھے ہوئے ہيں۔ يہ دونوں کمپنياں ايرانی خام تيل کی صنعت ميں کافی اہميت کی حامل ہيں۔ پابنديوں سے متاثر ہونے والے بينکوں ميں چين کا بينک آف کن لون اور عراق کا الاف اسلامک بينک شامل ہيں۔

نيوز ايجنسی روئٹرز کے مطابق جن ممالک کو گزشتہ سال دسمبر ميں عائد کردہ پابنديوں سے بعد ميں مستثنیٰ قرار ديا گيا تھا، انہیں ان نئی پابنديوں سے بھی چھوٹ حاصل ہو گی۔

واضح رہے کہ امريکی صدر کی جانب سے يہ اقدام اس وقت سامنے آيا ہے جب ريپبلکن پارٹی کے صدارتی اميدوار اور آنے والے صدارتی انتخابات ميں اوباما کے حريف مٹ رومنی نے انہيں تنقيد کا نشانہ بنايا۔ رومنی کے مطابق واشنگٹن انتظاميہ ايران کے معاملے پر ناکام ہوتی چلی جا رہی ہے۔

دوسری جانب چين نے فوری طور پر امريکا کی جانب سے عائد کردہ ان نئی پابنديوں کو غلط قرار ديا ہے اور خبردار کيا ہے کہ ان پابنديوں کے منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہيں۔ اس سلسلے ميں چين کی وزارت خارجہ کے ترجمان کوئن گانگ نے اپنے ايک بيان ميں کہا ہے کہ چينی مالياتی اداروں پر پابندی چين کے اندونی معاملات ميں دخل اندازی ہے اور يہ چين کے مفاد ميں نہيں۔ انہوں نے مزيد کہا کہ اس سے چين اور امريکا کے تعلقات منفی انداز ميں متاثر ہو سکتے ہیں۔

امريکی صدر نے نئی پابنديوں کی منظوری منگل کے روز دی تھیتصویر: Reuters

واضح رہے کہ امريکا، اسرائيل اور يورپی ممالک کا دعویٰ ہے کہ ايران اپنے جوہری پرگرام کی آڑ ميں ایٹمی ہتھيار تيار کرنے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ تہران حکومت ان الزامات کو رد کرتی چلی آئی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ ايران کا ايٹمی پروگرام ملک کی توانائی کی ضروريات پوری کرنے ليے ہے۔

as / aa / Reuters

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں