1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ايران پر مغربی ممالک کی اقتصادی پابندياں اور زيادہ سخت

5 جنوری 2012

امريکہ اور دوسرے مغربی ممالک يہ سمجھتے ہيں کہ ايران اپنے انکار کے باوجود ايٹم بم بنانے ميں مصروف ہے اور وہ اسے روکنے کے ليے ہر ممکن کوشش کر رہے ہيں۔ اب وہ ايران پر اقتصادی پابندياں مزيد سخت کررہے ہيں۔

تصویر: AP

برسلز ميں سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ يورپی يونين کی طرف سے ايرانی تيل کی درآمد پر بھی پابندی لگانے کا ايک ابتدائی سمجھوتہ طے پا گيا ہے۔ امريکہ نے اس معاہدے کی تعريف کی ہےاوراعلان کيا ہے کہ امريکی وزير خزانہ ٹموتھی گائتھنر ايران کے مرکزی بينک پر نئی امريکی پابنديوں کے سلسلے ميں بات چيت کے ليے اگلے ہفتے چين جا رہے ہيں۔ امريکی وزارت خارجہ کی ترجمن نولينڈ نے کہا: ’’ ہم نہ صرف يورپ ميں اپنے قريبی اتحاديوں بلکہ دنيا بھر کے ممالک کی طرف سے اسی قسم کے اقدامات ديکھنا چاہتے ہيں۔‘‘

ايران پر اُس کے ايٹمی پروگرام کی وجہ سے پہلے ہی سے مغربی ممالک کی پابندياں عائد ہيں اور اب نئی پابنديوں سے تيل کی برآمد پر انحصار کرنے والی ايرانی معيشت مزيد غير مستحکم ہو جائے گی۔ اپنے خلاف اٹھائے جانے والے اقدامات پر ايران کی برہمی بہت واضح ہو چکی ہے۔ ايران کے فوجی اور سياسی رہنما خليج ميں امريکی موجودگی کی سخت مخالفت کر رہے ہيں اور انہوں نے يہ کہہ ديا ہے کہ اگر امريکی طيارہ بردار جہاز نے آبنائے ہرمز ميں داخل ہونے کی کوشش کی تو اُسے ايرانی بحريہ کی بھر پور طاقت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ايران اپنے اوپر حملے يا ايرانی تيل کی برآمدات روکنے کی صورت ميں عالمی ضروريات کے 20 فيصد تيل کی گذر گاہ آبنائے ہر مز کو بند کر دينے کی دھمکی بھی دے چکا ہے۔ يہ دھمکی خليج ميں ايران کی دس روزہ بحری مشق کے دوران دی گئی، جس ميں ايران نے خاص طورپر تين قسموں کے ميزائلوں کا تجربہ کيا جو بحری جہازوں کو غرق کر دينے کی صلاحيت رکھتے ہيں۔ امريکہ نے اپنی بحريہ کے خلاف ايرانی دھمکيوں کو رد کر ديا ہے اورکہا ہے کہ وہ خليج ميں اپنے جہازوں کا گشت معمول کے مطابق جاری رکھے گا۔

ايران: شاہين ميزائل کا تجربہتصویر: picture-alliance/dpa

سعودی عرب کے بعد اوپيک کے سب سے زيادہ تيل برآمد کرنے والے ملک ايران پر دباؤ اور اُس کے اور امريکہ کے درميان فوجی کشيدگی کے امکان کی وجہ سے تيل کی قيمت ميں تيزی سے اضافہ ہوگيا ہے۔ ايران پہلے ہی مغربی ممالک اور اقوام متحدہ کی لگائی ہوئی اقتصادی پابنديوں کے مقابلے کے طريقے تلاش کرنے ميں مصروف ہے جن کی وجہ سے ملک ميں غير ملکی سرمايہ کاری کم ہو گئی ہے اور ايرانی تيل کی قيمت کی وصولی بہت پيچيدہ ہو گئی ہے۔ امريکہ اور دوسرے مغربی ملکوں نے ايران پر يہ پابندياں اس ليے لگائی ہيں کيونکہ وہ يہ سمجھتے ہيں کہ ايران اپنی ايٹمی سرگرميوں کو ايٹم بم بنانے کے ليے استعمال کر رہا ہے جبکہ ايران کا کہنا ہے کہ اُس کا جوہری پروگرام صرف پرامن مقاصد کے ليے ہے۔

بُشير ميں ايرانی ايٹمی پلانٹتصویر: Fars

مغربی مالک ايرانی تيل کے ايک بڑے حصے کی برآمد روکنے اور دوسرے ممالک کو ايران کے مرکزی بينک سے لين دين سے روکنے کی کوشش کر رہے ہيں۔ وہ خاص طور پر چين، بھارت اور دوسرے ايشيائی ممالک کو ايرانی تيل کی برآمد زيادہ پُرخطر بنانے اور اُس کی قيمت کو کم سے کم کر دينے کی کوشش کر رہے ہيں۔

رپورٹ: شہاب احمد صديقی / خبر رساں ادارے

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں