اِرما کے باعث تباہی: سیلاب، ہلاکتیں، لاکھوں گھر بجلی کے بغیر
مقبول ملک روئٹرز
10 ستمبر 2017
سمندری طوفان اِرما کے امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحلوں سے ٹکرانے کے بعد میامی کے کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ کم از کم چار افراد ہلاک ہو چکے ہیں، مادی نقصانات کی مالیت اربوں میں بنتی ہے اور سولہ لاکھ گھر بجلی سے محروم ہیں۔
اشتہار
امریکی ریاست فلوریڈا میں میامی اور فورٹ مائرز سے اتوار 10 ستمبر کی شام ملنے والی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق بحیرہ کریبیین میں وسیع تر تباہی کا باعث بننے کے بعد مقامی وقت کے مطابق اتوار کی صبح اِرما نامی سمندری طوفان میامی کے ساحلی علاقوں سے ٹکرایا، جس کے بعد اس شہر کے کئی علاقے زیر آب آ گئے۔
یہ طوفان اتنا تیز تھا کہ اس کی وجہ سے ہزارہا درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، بجلی کی فراہمی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا اور میامی کی گلیاں زیر آب آ گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق اتوار کو قبل از دوپہر تک اس طوفان کی وجہ سے کم از کم 1.6 ملین گھروں اور کاروباری عمارات کو بجلی کی فراہمی منقطع ہو چکی تھی جبکہ اِرما کے ساتھ آنے والی تیز ہواؤں کی رفتار بھی 130 میل یا 210 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی۔
روئٹرز نے لکھا ہے کہ یہ طوفان اس قدر شدید تھا کہ اس کے فلوریڈا کے ساحلی علاقوں تک پہنچنے سے پہلے ہی سمندر کے قریبی رہائشی علاقوں میں بہت سے درخت اور عمارات طوفانی جھکڑوں کے باعث ہوا میں جھولنے لگے تھے۔ پھر جب یہ طوفان آیا، تو بہت سے گھروں کی چھتیں تک اڑ گئیں۔
اِرما کی وجہ سے امریکا میں عالمی وقت کے مطابق اتوار کی شام چھ بجے تک کم از کم چار افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی تھی۔ اس کے علاوہ ایک حاملہ امریکی خاتون ایسی بھی تھی، جسے ان ہنگامی حالات میں اکیلے اور بغیر کسی بھی طبی امداد کے اپنے بچے کو جنم دینا پڑا۔
اِرما بحر اوقیانوس سے شروع ہو کر مختلف ممالک میں تباہی پھیلانے والے ان طاقت ور ترین سمندری طوفانوں میں سے ایک ثابت ہوا، جو آج تک دیکھنے میں آئے ہیں۔ امریکی سرزمین سے ٹکرانے سے قبل اس طوفان نے کریبیین کے علاقے میں اور خاص کر کیوبا میں بھی بہت زیادہ تباہی مچائی تھی۔
مجموعی طور پر یہ طوفان بہت سے خطوں میں جامع نوعیت کے قبل از وقت حفاظتی اقدامات کے باوجود دو درجن کے قریب انسانی ہلاکتوں کا باعث بن چکا ہے جبکہ کیوبا میں تو اس طوفان کے ساتھ خشکی تک پہنچنے والی سمندری لہروں کی اونچائی اتوار کے روز 36 فٹ یا 11 میٹر تک رہی۔
اس طوفان کے پیش نظر صرف امریکی ریاست فلوریڈا ہی میں حکام نے ریاست کی ایک تہائی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے لیے کہہ دیا تھا۔ جنوبی فلوریڈا میں اِرما کی تباہ کاریوں کی زد میں آنے سے بچنے کے لیے جن شہریوں کو اپنے گھر بار چھوڑنا پڑے، ان کی تعداد 6.5 ملین بنتی ہے۔
سمندری طوفان اِرما فلوریڈا تک پہنچ گیا
طاقتور سمندری طوفان امریکی ریاست فلوریڈا کے جنوب تک پہنچ گیا ہے۔ قبل ازیں حکام نے تریسٹھ لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی تھی۔
تصویر: picture-alliance/NOAA via AP
بحراوقیانوس کا انتہائی طاقتور طوفان اِرما امریکی ریاست فلوریڈا کے چھوٹے چھوٹے جزائر کے سلسلے کے قریب پہچنے والا ہے۔ ان جزائر کا سلسلہ ’فلوریڈا کیز‘ کہلاتا ہے۔
تصویر: picture-alliance/abaca/Dutch Department of Defense
سمندری طوفانوں پر نگاہ رکھنے والے امریکی ادارے کے مطابق اس وقت طوفان کی شدت بہت زیادہ ہے اور یہ کیٹگری چار کا طوفان ہے۔
تصویر: Reuters/A. Meneghini
ہیری کین مرکز نے اِرما کے ساتھ چلنے والی تیز ہواؤں کی رفتار210 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد بتائی ہے۔
تصویر: Reuters/A. Baez
فلوریڈا کیز سے ٹکرانے کے بعد سمندر کی لہروں کی بلندی ساڑھے چار میٹر سے زائد ہو سکتی ہے۔
تصویر: Reuters
اِس امریکی ریاست کا مغربی ساحلی علاقہ سمندری طوفان کے نشانے پر ہے۔ اس طوفان کی آمد سے قبل فلوریڈا میں لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونا پڑا ہے۔
تیز ہواؤں کے ساتھ ساتھ ہونے والی شدید بارش کی وجہ سے بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔ فلوریڈا پاور اینڈ لائٹ کمپنی کے مطابق ساڑھے چار لاکھ گھرانے متاثر ہو چکے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/ZUMA Wire/Xinhua/Y. Bogu
اندازوں کے مطابق یہ سمندری طوفان فلوریڈا کے ساحلی شہر میامی کو بھی شدید متاثر کر سکتا ہے۔ لوگوں نے حفاظتی اقدامات کے تحت اپنی دکانوں اور کھڑکیوں کے سامنے لکڑی کے بڑے بڑے بورڈز لگا دیے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/ZUMAPRESS.com/J. Langston
خلیجی ممالک نے میامی سے اپنے شہریوں کو نکالنے کے لیے خصوصی پروازوں کا بندوبست بھی کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس قدرتی آفت کے آنے سے قبل میامی کے ساحل پر سیاحوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہیں وہاں سے نکالا جا چکا ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/G. Herbert
گزشتہ ایک صدی میں اِرما کو بحر اوقیانوس سے اٹھنے والے انتہائی شدید اور طاقتور ترین طوفانوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ فلوریڈا سے ٹکرانے پر اس ریاست کی ساحلی پٹی پر شدید بارشوں اور تیز رفتار جھکڑوں سے وسیع پیمانے پر نقصانات ہونے کا خطرہ ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/AP/G. Herbert
اس کے ساتھ چلنے والی ہواؤں کی رفتار260 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد ہے اور اسی شدت کے ساتھ اس نے کیوبا کی شمالی ساحل کو جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب میں اپنی لپیٹ میں لیا تھا۔ کیوبا کی شمالی ساحلی پٹی پر ہونے والے نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
تصویر: Reuters/Netherlands Ministry of Defence-Gerben van Es
بحیرہ کریبیین میں واقع کئی جزائر جو اِرما کے راستے میں آئے، وہاں بے پناہ تباہی و بربادی دیکھی گئی ہے۔ اس طوفان کی لپیٹ میں آ کر کریبیین سمندری جزائر میں اب تک 25 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔