1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اٹلی خسارے کو کم کرنے کے لیے اقدامات کرے: یورپی مرکزی بینک

2 ستمبر 2011

یورپی ممالک میں بجٹ خسارے اور قرضوں کا بحران مجموعی طور پر خاصا گھمبیر ہے۔ پرتگال، آئرلینڈ، یونان اور اسپین کے بعد اب اٹلی کی اقتصادیات میں پیدا شدہ مسائل بھی سامنے آ چکے ہیں۔

یورپی مرکزی بینک کی عمارت

یورپی مرکزی بینک کے صدر ژاں کلوڈ ترشے (Jean-Claude Trichet) نے اطالوی اقتصادیات کے مسائل کے تناظر میں بیرلسکونی حکومت پر واضح کیا ہے کہ وہ ملکی اقتصادیات کے بنیادی ڈھانچے میں واضح اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھائے اور بجٹ خسارے کو کم کرنے کے لیے اُس عزم کو بھی عمل میں لائے، جس کا اظہار اس نے گزشتہ ماہ کیا تھا۔ یورپی سینٹرل بینک کے سربراہ نے مزید کہا کہ ان تبدیلیوں سے ہی اطالوی اقتصایات میں لچک پیدا ہوگی۔

اطالوی اقتصادیات کے مسائل کو کم کرنے کے لیے اٹلی کے وزیر اعظم سلویو بیرلسکونی نے گزشتہ ماہ اگست کی پانچ تاریخ کو اس کا اعلان کیا تھا کہ سن 2013 کا بجٹ متوازن بنانے کے لیے اہم اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ان اقدامات کو بیرلسکونی نے اپنے ملک اور ملکی اقتصادیات کے لیے انتہائی اہم قرار دیا تھا۔ اطالوی پارلیمنٹ میں اس مناسبت سے بحث و تمحیث کا سلسلہ جاری ہے۔

یورپی مرکزی بینک کے سربراہ ژاں کلوڈ ترشےتصویر: AP

یورپی مرکزی بینک کے صدر ترشے نے اٹلی کے تجارتی روزنامہ Il Sole 24 Ore کو انٹرویو دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ یہ بہت اہم ہے کہ روم حکومت مقصدیت سے بھرپور اصلاحاتی عمل کو متعارف کروائے اور سرکاری خزانے کی صورت حال کو بہتر کرنے کے لیے اپنے فیصلوں پر عمل پیرا بھی ہو۔ اپنے بیان میں ژاں کلوڈ ترشے نے اٹلی کی پارلیمنٹ میں 45 ارب یورو سے زائد کے مالیاتی اصلاحاتی پیکیج پر کوئی بات نہیں کی۔ ترشے کے خیال میں روم حکومت اپنے مالیاتی اصلاحات کے ایجنڈے پر پوری طرح عمل پیرا ہو کر ہی اپنے وسطی اور طویل مدتی اکنامک پروگرام کے فوائد حاصل کر سکے گی۔

معتبر اطالوی تجارتی روزنامے سے گفتگو کرتے ہوئے یورپی مرکزی بینک کے سربراہ نے یورو زون میں شامل  ممالک کی حکومتوں کو ایک بار پھر مشورہ دیا کہ وہ اپنی اقتصادیات میں پیدا شدہ کمزوریوں کو ختم کرنے پر بھرپور توجہ مرکوز کرتے ہوئے اقتصادی گورنس میں مزید بہتری پیدا کریں۔ ترشے نے یورو زون کی 17 حکومتوں کو اقتصادی معاملات میں مشترکہ نگرانی کے عمل  کو مزید فعال بنانے کا بھی مشورہ دیا۔

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:  عاطف توقیر

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں