اٹلی کااقتصادی بحران، نئی حکومت کے لیے ایک چیلنج
10 نومبر 2011اطالوی صدر جارجوناپولیتانو کی جانب سےاقتصادی صورتحال کی بہتری کے تمام اقدامات ناکام ہو چکے ہیں اور اٹلی کے قرضے اس حد تک بڑھ چکے ہیں کہ مزید فنڈنگ کا حصول نا ممکن دکھائی دیتا ہے۔ موجودہ بد ترین معاشی صورتحال کے باعث یورو زون کے مستقبل کو بھی خطرات لاحق ہیں۔
اطالوی صدر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اقتصادی مارکیٹ سے متعلق اصلاحات کی پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد متنازعہ وزیراعظم برلسکونی اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت ضائع کیے بغیر یا تو ایک نئی حکومت کا قیام عمل میں لائیں گے یا پھر نئے انتخابات منعقد کرائیں گے۔ اٹلی میں مارکیٹ کی بہتری کے اقدامات پہلے ہی سے شدید تاخیر کا شکار ہیں اور یورپ کی اس تیسری بڑی اقتصادی قوت کے قرضے اس سطح تک بڑھ چکے ہیں جہاں آئرلینڈ اوریونان کو بھی بیل آوٹ پیکج کا سہارا لینے پر مجبور ہو نا پڑا ہے۔
اطالوی صدر جارجوناپولیتانو نے سابق یورپی کمشنر میریو مونٹی کی سینیٹر کی حیثیت سے تقرری کی ہے۔ ان کے اس اقدام سے اطالوی مبصرین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم برلسکونی کی رخصتی کے بعد جلد ہی مونٹی کو ٹیکنوکریٹس پر مشتمل حکومت بنانے کی دعوت دی جائے گی۔ مونٹی کو اٹلی میں ایک قابل احترام ماہر اقتصادیات کا درجہ حاصل ہے اور اس سے پہلے بھی وہ ملک میں اقتصادی صورتحال کی بہتری کے لیے کوشاں رہے ہیں۔ اگر ان کی حکومت برسراقتدارآئی تو یہی امید وابستہ کی جا رہی ہے کہ مارکیٹ فرینڈلی اصلاحات متعارف کروائی جائیں گی۔
اطالوی پارلیمان کے ایوان زیریں کے اسپیکر جین فرینکو فینی Gianfranco Fini نے اس حوالے سے کہا ہے کہ اقتصادی ترقی اور موجودہ صورتحال کی بہتری کے لیے پارلیمنٹ آئندہ اتوار تک اصلاحات کی منظوری دے دے گی۔ ان اصلاحات کا وزیراعظم سلویو برلسکونی نے گزشتہ ماہ وعدہ کیا تھا اور برلسکونی کے حکومت چھوڑنے سے قبل ان کی حکومت کی یہ آخری پارلیمانی کاروائی ہو گی۔ برلسکونی کی برسراقتدار پارٹی کے سیکرٹری اینجیلینو الفانو نے اس حوالے سے بتایا کہ وزیراعظم برلسکونی آئندہ ہفتے اور سوموار کے درمیان کسی بھی دن اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔
یورپی کمیشن نے بھی اٹلی پر زور دیا ہے کہ 2013ء کے بجٹ کو متوازن بنانے کے لیے اٹلی کی جانب سے کیے گیے وعدوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
رپورٹ شاہد افراز خان
ادارت افسر اعوان