1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اکتوبر کے بہترین کرکٹر: ویراٹ کوہلی اور ندا ڈار

شمشیر حیدر سوشل میڈیا کے ساتھ
7 نومبر 2022

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اکتوبر کے مہینے کے بہترین کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ خواتین کے مقابلوں میں پاکستانی کرکٹر ندا ڈار اکتوبر کی بہترین کھلاڑی قرار دی گئیں۔

ندا ڈار آل راؤنڈر ہیں
ندا ڈار آل راؤنڈر ہیںتصویر: SANKA VIDANAGAMA/AFP/Getty Images

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اکتوبر کے مہینے کے بہترین کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ مردوں میں بھارتی بیٹسمن ویراٹ کوہلی اور خواتین میں پاکستانی کھلاڑی ندا ڈار کو اکتوبر کے مہینے کے لیے بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔

ندا ڈار کی بہترین کارکردگی

پاکستانی کرکٹر ندا ڈار آل راؤنڈر ہیں۔ بہترین کھلاڑی قرار دیے جانے کی بڑی وجہ ایشیا کپ کے دوران ان کی بہترین کارکردگی رہی۔

اس ٹائٹل کے لیے بھارتی کھلاڑی دیپتی شرما اور جمیمہ کو بھی نامزد کیا گیا تھا تاہم فیصلہ ندا ڈار کے حق میں رہا۔

آئی سی سی کے مطابق ندا ڈار نے اکتوبر کے مہینے میں ایشیا کپ کے دوران 72 کی اوسط سے 145 رنز سکور کیے۔ اس کے علاوہ انہوں نے قریب 15 کی اوسط کے ساتھ آٹھ وکٹیں بھی حاصل کیں۔

ندا ڈار نے اس مقابلے میں بھارتی ٹیم کو شکست دینے میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس میچ میں انہوں نے ناقابل شکست 56 رنز بنائے اور 23 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو پویلیئن کی راہ بھی دکھائی۔

خواتین کے ایشیا کپ میں ندا ڈار کی مسلسل اچھی کارکردگی کے باعث ہی پاکستانی ٹیم سیمی فائنل تک پہنچ پائی۔ سیمی فائنل میں پاکستانی ٹیم محض ایک رنز سے شکست سے دوچار ہوئی تھی۔

آئی سی سی کی ویب سائٹ کے مطابق ندا ڈار نے ایوارڈ جیتنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ''اس ایوارڈ کے لیے نامزد ہونا اچھا لگا اور اسے جیتنا میرے لیے بہت ہی خاص ہے۔ میری خواہش تھی کہ ہم خواتین کا ایشا کپ جیت جاتے لیکن مجھے خوشی ہے کہ بطور ٹیم ہم اچھا کھیل پیش کر رہے ہیں۔‘‘

ویراٹ کوہلی بہترین فارم میں

اکتوبر کے بہترین کھلاڑی کے لیے کوہلی کے ساتھ ساتھ زمبابوے کے سکندر رضا اور جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر کو بھی نامزد کیا گیا تھا لیکن ایوارڈ کے حقدار کوہلی قرار پائے۔

آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران بھارتی بلے باز  کوہلی طویل عرصے بعد اپنی بہترین فارم میں دکھائی دے رہے ہیں۔

اکتوبر کے مہینے میں انہوں نے صرف چار اننگر ہی کھیلیں لیکن ان میں تین میچوں میں کوہلی نے یادگار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔

ان کی بہترین کارکردگی پاکستان کے خلاف میچ میں کھیلی گئی ان کی یادگار اننگز رہی۔

کوہلی نے ناقابل شکست 82 رنز بنا کر پاکستان کو شکست کے دوچار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا تصویر: William West/AFP

اس میچ میں 160 رنز کے تعاقب میں بھارت کے چار کھلاڑی صرف 31 رنز کے مجموعی سکور آؤٹ ہو چکے تھے اور بھارت کی شکست یقینی دکھائی دے رہی تھی۔

تاہم ویراٹ کوہلی نے ناقابل شکست 82 رنز بنا کر پاکستان کو شکست کے دوچار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

میچ کے بعد دیے گئے ایک انٹرویو میں کوہلی نے اس اننگز کو اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی بہترین اننگز قرار دیا تھا۔

آئی سی سی کی ویب سائٹ کے مطابق کوہلی نے ایوارڈ جیتنے پر مسرت کا اطہار کرتے ہوئے کہا، ''میں نامزد کردہ دیگر کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے بہترین کارکردگی دکھائی اور اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جو مجھے اپنی صلاحیتوں کے مطابق کارکردگی دکھانے میں سپورٹ کرتے ہیں۔‘‘

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں