اکثر دکانیں بند، کاروبار ٹھپ
13 جولائی 2019سنیچر کے روز ملک کی بیشتر تاجر تنظیوں کی ہڑتال کے باعث اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد، کوئٹہ، پشاور اورحیدر آباد میں اکثر بازار ویران رہے۔ ملک کےسب سے بڑے اقتصادی مرکز اور ساحلی شہر کراچی میں حکومت کے حامی کچھ تاجر رہنماؤں نے ہڑتال سے لاتعلقی ظاہر کی لیکن پھر بھی بڑے عرصے بعد ایک موثر ہڑتال دیکھنے میں آئی۔
تاجر تنظیموں کی ہڑتال وفاقی بجٹ میں متعدد ٹیکس کے نفاذ، ٹیکس نیٹ میں وسعت اور پچاس ہزار روپے کی خرید وفروخت کے لیے قومی شناختی کارڈ کی شرط لازمی قرار دیے جانے کے خلاف کی گئی۔
کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے ڈوئچے ویلے سے بات چیت میں کہا کہ ہڑتال کا مقصد ٹیکسوں کا خاتمہ اور شناختی کارڈ کی شرط ختم کرانا ہے، ”ہم نے حکومت کے عہدیداروں سے کئی بار بات کرنے کی کوشش کی، بجٹ کے فیصلوں کے خلاف احتجاج کیا، ریلی نکالی، پریس کانفرنس کی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی ۔،،
پی ٹی آئی حکومت کا کہنا ہے کہ معیشت میں اصلاحات نا گزیر ہیں۔ چیئرمین ایف بھی آر شبر زیدی کا کہنا ہے کہ حکومت تمام کاروباری لین دین کو دستاویزی شکل میں لاناچاہتی ہیے۔
تاجروں کے مطابق اگر کراچی ایک روز بند ہوتا ہے تو اس سے ملک کو لگ بھگ ساڑھے تین سے چار ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے۔ عتیق میر نےکہا کہ ”ہم خود بھی ہڑتال اور احتجاج کے حق میں نہیں ہیں لیکن مجبوراً ایسا کرنا پڑا۔،،
آل سندھ صرافہ ایسوسیایشن کے صدر ہارون چاند نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ آج ان کی کال پر کھارادر، طارق روڈ، لیاقت آباد، اور حیدری کے صرافہ بازار بند ہیں اور ان کے علاوہ صوبے میں دیگر مارکیٹں بھی بند رہیں۔
انہوں نےکہا کہ مہنگائی کے باعث خواتین تھوڑی تھوڑی بچت کرکے بچوں کی شادی کے لیے پیسے جمع کرکے زیور خریدتی ہیں لیکن اب پچاس ہزار روپے کی خریداری پر شناختی کارڈ کون دے گا؟ انہوں نے کہا، ”گاہک تو ڈر گئے ہیں ہمارے کاروبار میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پہلے ہی مندی تھی اب مذید کاروبار متاثر ہوگا۔،،
ہڑتال کے باعث شہریوں کو بھی پریشانی کا سامنا رہا۔ ایسے ہی ایک خریدار عبدالرزاق نظر آئے جن کا کہنا تھا،” ہمشیرہ کی شادی نزدیک ہے، آج چھٹی تھی، اس لیے بازار آئے کہ خریداری کرلیں گے لیکن پورا بازار بند پڑا ہے۔،،