1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اگر مودی جیت گئے، تو ہمسایہ ملکوں کو سخت رویے کا سامنا ہوگا

امتیاز احمد30 مارچ 2014

بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزارت عظمی کے ليے نامزد اميدوار نریندر مودی کے دو قریبی ساتھیوں کا کہنا ہے کہ اگر مودی اليکشن جیت گئے، تو سرحدی تنازعات میں ہمسایہ ملک چین اور روایتی حریف پاکستان کے ساتھ سخت رویہ اپنایا جائے گا۔

تصویر: Reuters

ابھی تک کے جائزوں سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ بھارت کے آئندہ انتخابات میں سخت گیر موقف رکھنے والے ہندو قوم پرست رہنما نریندر مودی جیت سکتے ہیں۔ مودی نے اپنی انتخابی مہم کے دوران ہمسایہ ملکوں چین اور پاکستان کے خلاف جارحانہ رویہ اختیار کر رکھا ہے۔ وہ اپنی حالیہ تقریروں میں چین کو ’’توسیع پسندانہ ذہنیت‘‘ پر خبردار کر چکے ہیں اور بھارت میں ہونے والے عسکریت پسندوں کے حملوں کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرا چکے ہیں۔

گزشتہ ماہ اروناچل پردیش میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی کا کہنا تھا، ’’مجھے اس مٹی کی قسم، میں اس ملک کی حفاظت کروں گا۔‘‘

بھارت چین اور پاکستان ، تینوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور افغانستان سے بین الاقوامی افواج کا انخلاء بھی نئی دہلی کے لیے تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔ حال ہی میں مودی نے برسر اقتدار کانگریس پارٹی پر، جو گزشتہ 67 برسوں میں 50 برس سے زائد برسر اقتدار رہ چکی ہے، الزام عائد کیا کہ وہ قومی سلامتی کو مضبوط بنانے میں ناکام رہی ہے۔ جبکہ رپورٹوں کے مطابق سن 2007 سے 2011ء کے درميان بھارت دنیا میں سب سے زیادہ اسلحہ خریدنے والا ملک رہا ہے۔

مضبوط خارجہ پالیسی

بھارتیہ جنتا پارٹی کے منشور کی تیاری میں شامل دو مشیروں کا کہنا ہے کہ مودی اپنی خارجہ پالیسی کو مزید مضبوط کریں گے لیکن علاقائی تنازعات کو معیشت پر حاوی نہیں ہونے دیا جائے گا۔ مودی کی طرف سے خارجہ پالیسی پر کبھی بھی اپنا تفصیلی نقطہ نظر واضح نہیں کیا گیا ہے لیکن بی جے پی کے ایک پالیسی ساز کا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہنا تھا وہ ایٹمی دھماکوں کے بڑے حامی رہے ہیں اور شکتی (طاقت) اور شانتی (امن) کی پالیسی کی طرف جھکاؤ رکھتے ہیں۔

نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق بھارتی حکومت پاکستانی بندرگاہ گوادر میں چینی موجودگی سے بھی پریشان ہے اور بھارتیہ جنتا پارٹی جلد از جلد ملکی بحريہ کو مضبوط کرنا چاہتی ہے۔ اس کے علاوہ اس پارٹی کے منشور میں سرحدی علاقوں میں نئی سڑکوں کی تعمیر اور مواصلاتی رابطوں میں اضافہ کرنا بھی شامل ہے۔ اس سکیورٹی ایڈوائزر کے مطابق جلد ہی پارٹی منشور عوام کے سامنے پیش کر دیا جائے گا۔

پاکستان میں سابق بھارتی سفیر راجیو ڈوگرا کا کہنا ہے کہ مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی پاکستان کے خلاف مزید طاقتور پالیسیاں اپنائے گی۔ ان کے مطابق اس کی ایک وجہ تو قومی دباؤ ہوگا اور دوسری وجہ تبدیل ہوتی ہوئی علاقائی صورتحال ہو گی۔ راجیو ڈوگرا کے مطابق ابھی تک بھارتی خارجہ پالیسی تسلسل کے ساتھ چلائی آ رہی ہے لیکن حکومت کے تبادلے سے اس روایتی پالیسی میں تبدیلی آ سکتی ہے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں