1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’اگلی فلم سری دیوی کے ساتھ‘، بونی

امجد علی6 جنوری 2015

بالی وُڈ کے فلمساز بونی کپور نے کہا ہے کہ آئندہ جمعے کو نمائش کے لیے پیش کی جانے والی اور اُن کے بیٹے ارجن کپور کی اداکاری سے سجی فلم ’تیور‘ کے بعد اُن کی اگلی فلم میں اُن کی اداکارہ بیوی سری دیوی جلوہ گر ہوں گی۔

اکیاون سالہ سری دیوی نے ستّر کے عشرے کے وسط سے فلموں میں بالغ عمر کے کردار ادا کرنا شروع کیے تھے
اکیاون سالہ سری دیوی نے ستّر کے عشرے کے وسط سے فلموں میں بالغ عمر کے کردار ادا کرنا شروع کیے تھےتصویر: STR/AFP/Getty Images

سری دیوی 2012ء میں ’انگلش وِنگلش‘ کی صورت میں فلم کی دنیا میں واپس آئی تھیں جبکہ وہ ’مسٹر انڈیا‘، ’روپ کی رانی چوروں کا راجہ‘ اور ’جدائی‘ میں بھی اپنے شوہر کے ساتھ مل کر کام کر چکی ہیں۔

اُنسٹھ سالہ بونی کپور نے بھارتی نیوز ایجنسی پی ٹی آئی سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ جمعے کو سینماؤں میں پیش کی جانے والی فلم ’تیور‘ کے بعد وہ اپنی تمام تر توجہ اُس فلم پر مرکوز کر دیں گے، جس میں سری دیوی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے:’’میری اگلی ہی فلم میری اہلیہ کے ساتھ ہو گی۔ وہ اس فلم میں اداکاری کریں گی۔ اس فلم کا موضوع خواتین سے متعلق ہو گا لیکن یہ ’انگلش وِنگلش‘ سے کافی مختلف ہو گی۔ یہ ذرا مختلف قسم کی ہو گی۔‘‘

اُنتیس سالہ ارجن کپور فلمساز بونی کپور کے صاحبزادے ہیں اور اُنہوں نے اداکار کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز 2012ء میں فلم ’عشق زادے‘ سے کیا تھاتصویر: Getty Images for DIFF

پی ٹی آئی سے باتیں کرتے ہوئے بونی کپور نے کہا کہ وہ اس سال اپنی نئی فلم ’نو انٹری میں انٹری‘ پر بھی کام شروع کریں گے، جو 2005ء میں بننے والی مزاحیہ فلم ’نو انٹری‘ ہی کا تسلسل ہو گی۔

بونی کپور نے مزید بتایا:’’فلم ’نو انٹری میں انٹری‘ کے ساتھ ساتھ مَیں نے ارجن کے ساتھ بھی ایک اور فلم بنانے کا پروگرام بنایا ہے۔ پھر ’مسٹر انڈیا‘ کا اگلا حصہ بنے گا۔ یہ ہیں وہ فلمیں، جو آج کل میرے ذہن میں ہیں۔ اگر کوئی اور چیز آ گئی اور مجھے اچھی لگی تو پھر اُس پر بھی کام ہو سکتا ہے۔‘‘

بونی کپور نے زیادہ تر اپنے خاندان کے ارکان کے ساتھ ہی کام کیا ہے، چاہے وہ اُن کے بھائی انیل کپور اور سنجے کپور ہوں یا پھر بیوی سری دیوی۔ ’تیور‘ وہ پہلی فلم ہے، جس میں اُنہوں نے اپنے بیٹے کے ساتھ کام کیا ہے۔ بونی کپور کا کہنا تھا کہ ارجن کو اس فلم میں کردار صرف اس لیے دیا گیا کہ وہ اُس کی شخصیت سے مطابقت رکھتا تھا۔ اُنہوں نے بتایا کہ اُن کے پاس تین فلموں کے حقوق تھے، جن میں سے ارجن نے اِس فلم کو منتخب کیا۔

اُنہوں نے بتایا کہ فلم ’تیور‘ ہدایتکار امیت رویندر ناتھ شرما کی پہلی فلم ہے اور اُن کے بھائی سنجے کی پہلی پروڈکشن ہے، اس لیے اس فلم کی تیاری کے دوران اُن کی حیثیت ایک پروڈیوسر سے زیادہ ایک سرپرست اور خاندان کے سربراہ کی سی تھی۔

بونی کپور کے مطابق ’تیور‘ میں ہیروئن کے طور پر سوناکشی سنہا کے انتخاب کا فیصلہ بھی ارجن کا اپنا فیصلہ تھا کیونکہ اُس کا خیال تھا کہ اس کردار کے لیے وہی مناسب ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں