1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
آفاتبھارت

ایئر انڈیا طیارہ حادثہ: عالمی رہنماؤں کی طرف سے اظہار تعزیت

12 جون 2025

جمعرات کو بھارتی شہر احمد آباد سے لندن جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز، جس پر 242 افراد سوار تھے، ٹیک آف کے چند منٹ بعد گر کر تباہ ہو گئی۔ پاکستان اور متعدد عالمی رہنماؤں نے اس سانحے پر گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

احمد آباد میں مسافر جہاز کا ملبہ
جمعرات کو بھارتی شہر احمد آباد سے لندن جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز، جس پر 242 افراد سوار تھے، ٹیک آف کے چند منٹ بعد گر کر تباہ ہو گئیتصویر: Amit Dave/REUTERS

بھارت کے شہر احمد آباد کے پولیس کمشنر جی ایس ملک نے نیوز ایجنسی اے پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایئر انڈیا کے طیارے کے حادثے میں بظاہر کوئی بھی مسافر زندہ نہیں بچا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جائے حادثہ سے کم از کم 204 لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔

اس حادثے کے بعد متعدد عالمی رہنماؤں کی طرف سے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی

''احمد آباد کا سانحہ ہمیں ہلا کر رکھ اور انتہائی غمگین کر دینے والا ہے۔ یہ دکھ الفاظ سے باہر ہے۔ میری ہمدردیاں اس مشکل گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہیں۔ میں وزرا اور حکام کے ساتھ رابطے میں ہوں، جو متاثرین کی مدد کے لیے کام کر رہے ہیں۔‘‘

پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار

''اس المناک واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت پیش کرتا ہوں۔ اس غم کی گھڑی میں ہماری ہمدردیاں متاثرین کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔‘‘

احمد آباد کے پولیس کمشنر جی ایس ملک نے نیوز ایجنسی اے پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایئر انڈیا کے طیارے کے حادثے میں بظاہر کوئی بھی مسافر زندہ نہیں بچاتصویر: Handout/Xinhua/SpotNews/IMAGO

برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر

''لندن جانے والے طیارے کے، جس میں متعدد برطانوی شہری سوار تھے، احمد آباد میں گرنے کی مناظر تباہ کن ہیں۔ میں صورتحال پر مسلسل اپ ڈیٹس لے رہا ہوں۔ میری ہمدردیاں مسافروں اور ان کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔‘‘

برطانوی بادشاہ چارلس

 ''میری اہلیہ اور میں احمد آباد کے خوفناک واقعے سے شدید صدمے میں ہیں۔ ہماری خصوصی دعائیں اور گہری ہمدردیاں اس سانحے سے متاثرہ تمام خاندانوں اور دوستوں کے ساتھ ہیں، جو اپنے پیاروں کے بارے میں خبروں کے منتظر ہیں۔‘‘ 

بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس

''ہم اس المناک حادثے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے گہری تعزیت کرتے ہیں۔ ہم بھارت کے عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ہر ممکن تعاون کی پیشکش کرتے ہیں۔‘‘ 

یورپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈیر لاین

''اس خوفناک نقصان پر متاثرہ خاندانوں سے میری گہری تعزیت۔ ڈیئر نریندر مودی! یورپ اس غم کی گھڑی میں آپ اور بھارت کے عوام کے ساتھ ہے۔‘‘

جائے حادثہ سے کم از کم 204 لاشیں برآمد کر لی گئی ہیںتصویر: Amit Dave/REUTERS

روسی صدر ولادیمیر پوٹن

''احمد آباد ایئرپورٹ پر طیارہ حادثے کے تباہ کن نتائج پر گہری تعزیت قبول کریں۔ براہ کرم متاثرین کے خاندانوں اور دوستوں تک میری مخلص ہمدردی اور حمایت کے الفاظ پہنچائیں اور زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کریں۔‘‘

فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں

''ہم نے احمد آباد میں طیارہ حادثے کی المناک خبر گہری رنجیدگی سے سنی۔ اس غم کے وقت میں، میں متاثرین کے پیاروں اور وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔‘‘ 

آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانیز

''احمد آباد میں مسافر طیارے کے حادثے کی خبر انتہائی تباہ کن ہے۔ اس سانحے کے وقت، آسٹریلیا کی ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔ ہماری حکومت مسلسل اپ ڈیٹس حاصل کر رہی ہے اور صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔‘‘

آئرش وزیر اعظم مائیکل مارٹن

''احمد آباد میں طیارہ حادثے کے بعد میری دعائیں بھارتی عوام کے ساتھ ہیں۔ میں طیارے پر سوار تمام افراد کے خاندانوں اور موقع پر موجود ایمرجنسی سروسز کے لیے سوچ رہا ہوں۔‘‘ 

برٹش ایئر لائن پائلٹس ایسوسی ایشن

''اس خبر سے پوری دنیا کے پائلٹس گہرے صدمے میں ہیں۔ برٹش ایئر لائن پائلٹس ایسوسی ایشن متاثرین کے لیے تعزیت پیش کرتی ہے۔ اب مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات ضروری ہیں تاکہ اس کی وجوہات جان کر مستقبل کے سانحات سے بچا جا سکے۔‘‘

ادارت: افسر اعوان

ایئر انڈیا کے مسافر طیارے کی تباہی، امدادی کارروائیاں جاری

01:12

This browser does not support the video element.

نیوز ایجنسیاں اس رپورٹ کا زیادہ تر مواد مختلف نیوز ایجنسیوں سے حاصل کیا گیا ہے۔
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں