ایئر فرانس: طیّارے کی دُم برآمد کر لی گئی
9 جون 2009گزشتہ ہفتے پیر کے روز لاپتہ ہو جانے والے ایئر فرانس کے مسافر بردار تیّارے کے بعض دیگر حصّے، مسافروں کا کچھ سامان اور سترہ کے قریب لاشیں برازیلی حکّام نے برآمد کر لی ہیں۔
مذکورہ طیّارہ گزشتہ ہفتے پیر کے روز برازیل کے دارالحکومت ریو ڈی جینیرو سے فرانسیسی دارلحکومت پیرس کی جانب پرواز کر رہا تھا، جب اس کا کنٹرول روم سے رابطہ چند گھنٹوں بعد منقطع ہو گیا۔ طیّارے پر مسافروں اور عملے کے اراکین سمیت دو سو اٹھائیس افراد سوار تھے اور ان میں سے کسی کے بھی بچ جانے کی امید نہیں ہے۔
دریں اثناء امریکہ نے اپنے ماہرین کی ایک ٹیم جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دی ہے، جو کہ جہاز کے ’’بلیک باکس‘‘ کو تلاش کرنے میں مدد دے گی۔ ’’بلیک باکس‘‘ کے ذریعے طیّارے کے حادثے کا سبب طے کرنے میں مدد ملتی ہے۔
طیّارے کا ملبہ اور لاشیں بحرِ اوقیانوس میں برازیل کے جزیرے فیرنانڈو ڈے نورونہا سے ایک ہزار کلومیٹر شمال مشرق میں ملے ہیں۔
تلاشی کے کام میں مصروف مختلف ٹیموں کا کہنا ہے کہ اگرچہ انہوں نے پانی میں جہاز کے کئی مزید حصے بھی دریافت کئے ہیں تاہم اس وقت سب سے بڑی ترجیح برازیل کے ساحل کے قریب جزائر سے مسافروں کی لاشیں باہر نکالنا ہے۔
ائیر فرانس کا یہ طیارہ حادثے کا شکار کیسے ہوا؟ اس سوال کے بارے میں متضاد دعوے سامنے آتے چلے گئے۔ پہلے یہ کہا گیا کہ یہ جہاز آسمانی بجلی کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوگیا ہے۔ حادثے کے بارے میں یہ بھی کہا گیا کہ جہاز کے سینسر پر اس کی رفتار کے بارے میں متضاد معلومات موصول ہورہی تھیں۔
ایسی معلومات کے بعد ائیر فرانس نے اپنے جہازوں کی رفتار کو ناپنے والے آلات کو بدلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم حکام نے ساتھ ہی میڈیا چینلز اور ماہرین کو خبردار کیا ہےکہ وہ وقت سے پہلے اس حادثے کی وجوہات کے بارے میں رائے دینے سے پرہیز کریں۔