1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایتھوپیا کے نئے امراء کا شوق: قیمتی مکان

عابد حسین2 دسمبر 2015

افریقی ملک ایتھوپیا کی اشرافیہ اپنے مکانات پر بے بہا رقوم خرچ کرنے سے گریز نہیں کرتی۔ مکانات کو انتہائی خوبصورت جنگلوں اور قیمتی گھاس سے مزین لانوں سے سجانے کی ایک دوڑ شروع ہے۔

تصویر: Dr. Andreas Wetter

کسی وقت میں بھوک اور قحط کا نشان سمجھے جانے والے افریقی ملک ایتھوپیا میں اب دولت کی ریل پیل سے آسودگی دکھائی دیتی ہے۔ اِس ملک میں ابھرنے والے نو دولتیوں نے نت نئے شوق اپنا لیے ہیں۔ ان میں سے ایک مکانات کے ڈیزائن اور اُن کے آگے تعمیر کیے جانے والے لان ہیں۔ لان اور مکان اپنے تزین میں ایک سے بڑھ کر ایک ہیں۔ ان باغیچوں کے گرد انتہائی خوبصورت جنگلے بھی لگانے کی مسابقت جاری ہے۔ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس آبابا کی ایک نواحی بستی یئرر ویو (Yerrer View) ایک مثال کے طور پر پیش کی جاتی ہے۔

یئررویو نامی بستی ادیس آبابا سے محض بیس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اِس جگہ چند برس قبل تک کھیت ہی کھیت دکھائی دیتے تھے۔ ابھرتی اشرافیہ کی اِس نئی بستی کے لیے تقریباً پندرہ سو ایکڑ کی اراضی مختص کی گئی ہے۔ ایتھوپیا کے نئے امراء کے عالی شان بنگلے یہاں تعیر کیے جانے کا سلسلہ جاری و ساری ہے۔ اِس بستی کا رُخ وہ لوگ خاص طور پر کر رہے ہیں، جو کاروبار میں بھاری کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔ دولت کی فراوانی کے بعد یہ لوگ اپنی آسودہ حالی کے اظہار کے لیے خوشنما ولے یا بنگلے تعمیر کروا رہے ہیں۔

افریقہ کا پہلا لائٹ ریل سسٹم ایتھوپیا میں شروع کیا گیا ہےتصویر: picture-alliance/dpaMarthe van der Wolf

قرن افریقہ کے اِس ملک میں سالانہ شرح ترقی کی رفتار دس فیصد کے لگ بھگ ہے۔ اِس بھاری شرح پیدائش کی تصدیق عالمی بینک نے بھی کی ہے۔ ایتھوپیا میں تعمیر کی انڈسٹری کے علاوہ ٹریڈ اور زراعت کے شعبوں میں روز افزوں ترقی دیکھی گئی ہے۔ براعظم افریقہ کا یہ دوسرا گنجان ترین ملک ہے جہاں ریئل اسٹیٹ کے کاروبار سے مراد خوبصورت مکانات کی تعمیر بنیادی طور پر لی جاتی ہے۔ یئرر ویو نامی بستی کے ایک رہائشی کا کہنا ہے کہ اِس جگہ مکانات کی تعمیر اشتہاربازی کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک گھر کی تعمیر سے دوسرے نے ہمت کی اور خوبصورت گھروں کی بستی وجود میں آ گئی۔

جنوبی افریقہ کے ایک ادارے نیو ورلڈ ویلتھ کی مارکیٹ ریسرچ کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ایتھوپیا میں اِس وقت پونے تین ہزار کے قریب کروڑپتی رہتے ہیں۔ سن 2007 سے سن 2013 کے درمیان ایسے کروڑ پتیوں کی تعداد میں 108 فیصد اضافہ ہوا تھا۔ سارے افریقی براعظم کے مقابلے میں ایتھوپیا میں کروڑپتیوں کے ابھرنے کی یہ رفتار سب سے زیادہ ہے۔ ایتھوپیا کے ریئل اسٹیٹ کے بزنس سے منسلک وُنمی اوشولیک کے مطابق اُن کے کئی گاہک سوا تین لاکھ ڈالر سے زائد کی قیمت کے مکان کو خریدنے کی استطاعت رکھتے ہیں۔ اوشولیک کے مطابق یہ مکان خریدنے کی سب سے کم قیمت ہے اور اوپر کی قیمت کی کوئی حد نہیں ہے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں