’ایرانی جوہری ڈیل عرب مفادات پر کاری ضرب ہے‘
15 جولائی 2015سعودی اخباروں کے کارٹونسٹ ایران کے ایٹمی معاہدے کی عکاسی ’عرب مفادات پر حملے‘ کے طور پر کر رہے ہیں جبکہ کالم نگار علاقائی ملیشیا گروپوں کی ایرانی پشت پناہی کی بجائے تہران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان طے پانے والی نیوکلئیر ڈیل کی مذمت پر تمام تر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔
آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں قریب اٹھارہ دن جاری رہنے والے مذاکراتی عمل کے بعد حتمی ڈیل طے پانے پر ریاض حکومت کی طرف سے ردعمل سامنے آیا تھا۔ سعودی عرب کے شاہ سلیمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ایران کے ساتھ طے کی جانے والی ڈیل سے اقوامِ عالم میں عمومی طور پر اور خطے میں خاص طور پر پائیدار استحکام کو تقویت حاصل ہو گی۔ یہ بیان سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے جاری کیا گیا تھا۔
ریاض حکومت کا کہنا تھا کہ وہ ہر ایسے معاہدے کا خیر مقدم کرتی ہے جو اس امر کو یقینی بنائے کے ایران جوہری ہتھیار سازی نہیں کرے گا تاہم سعودی حکام کی طرف سے غیر معمولی زور ایران کی جوہری تنصیابت کی سخت جانچ اور تہران پر دوبارہ پابندیاں لگانے پر بھی دیا جا رہا ہے۔
ذاتی طور پر سعودی حکام کو یہ خوف ہے کہ ایران پر سے اقتصادی پابندیاں اُٹھانے اور تہران حکومت پرعالمی دباؤ کم یا ختم ہونے کی صورت میں ایران کو زیادہ آزادی اور پیسے مل جائیں گے جس کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے تہران حکومت خطے میں اپنے حامیوں کی مزید پشت پناہی کرنے لگے گی خاص طور سے ایسے مماملک کی جو سعودی عرب کی مخالفت کرتے ہیں۔
سعودی حکمران خاندان کے فرمانروا شاہ سلمان کی شاخ سے قریبی تعلق رکھنے والے ایک پین عرب روزنامے ’ الشرق الاوسط‘ میں چھپنے والے ایک کارٹون میں ایک پامال، کچلا ہوا جسم دکھایا گیا ہے جس پر ’’مشرق وسطیٰ‘‘ نشان لگا ہوا ہے اور اس کے ساتھ ایک پلے کارڈ اس کے سر سے چپکا ہوا ہے جس پر درج ہے’’ نیوکلیئر ڈیل‘‘۔
سعودی اخبار میں چھپنے والے ایک خاکے میں ایک ہیٹ پہنے امریکی ’انکل سیم‘ اور ایک پگڑی باندھے ایرانی عالم کو ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے دکھایا گیا ہے۔ یہ نقش اُس خوف اور تشویش کی عکاسی ہے جو عرب دنیا خاص طور سے سعودی عرب میں اس وقت پائی جاتی ہے یعنی یہ کہ واشنگٹن کی ایران کے ساتھ کسی معاہدے تک پہنچنے کی جدوجہد کا مطلب عرب مفاد کو ضرب لگاتے ہوئے امریکا کا ایران کے ساتھ دوبارہ اتحاد ہے۔
ایک سعودی اہلکار نے منگل کو روئٹرز کو ایک بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ اُسے یہ ڈر ہے کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین طے پانے والا معاہدہ مشرق وسطیٰ کو مزید خطرناک بنا دے گا اور اس سے تہران کو پورے خطے میں شیعہ ملیشیا اور عسکریت پسندوں کی مزید پشت پناہی کا موقع مل جائے گا۔
واضح رہے کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین تہران کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں طے پانے والے معاہدے پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر اعظم کہہ چُکے ہیں کہ فریم ورک پر مکمل ہونے والی اس ڈیل سے اسرائیل کی بقاء کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ نیتن یاہو کا مزید کہنا تھا کہ اِس ڈیل سے کوئی بھی ایران کو بم بنانے سے روک نہیں سکتا۔