1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایرانی حملے: کیا اردن اور سعودی عرب نے اسرائیل کی مدد کی؟

16 اپریل 2024

اردن کی حکومت کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر ایرانی حملے کے دوران اس نے جو اقدامات کیے، ان کا مقصد اپنے عوام کی حفاظت کرنا تھا۔ ادھر سعودی حکومتی ذرائع نے اسرائیل پر ایرانی حملوں کو روکنے میں سعودی عرب کی شرکت کی تردید کی ہے۔

ایران نے گزشتہ دنوں اسرائیل پر تین سو سے زیادہ ڈرونز اور میزائل داغے
ایران نے گزشتہ دنوں اسرائیل پر تین سو سے زیادہ ڈرونز اور میزائل داغےتصویر: Mostafa Alkharouf /picture alliance/Anadolu

 

ایران نے گزشتہ دنوں اسرائیل پر تین سو سے زیادہ ڈرونز اور میزائل داغے۔ اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ ان میں سے 90 فیصد سے زیادہ ناکام بنا دیے گئے۔ ان حملوں کے فوراً بعد یہ خبر گرم ہو گئی کہ میزائلوں کو مار گرانے اور ایرانی حملوں کو ناکام بنانے میں اردن کے شاہ عبداللہ ثانی کی حکومت نے بھی اہم کردار ادا کیا۔

ایرانی حملے پر ردعمل کے لیے اسرائیل میں مشاورتی سلسلہ جاری

اردن میں کئی مقامات پر حکومت کے خلاف مظاہرے بھی ہوئے ہیں۔ سوشل میڈیا خاص طور پر ایکس پر بڑے پیمانے پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں کہا گیا، ''اردن کے بادشاہ نے اسرائیل کو بچانے کے لیے اپنے ہی شہریوں پر میزائل گرا دیے۔‘‘ اس پوسٹ کے ساتھ ایک تصویر بھی شائع کی گئی ہے، جس میں اسرائیلی سرحد کے قریب ہی واقع اردن کے شہر کرک میں ایک ڈرون کے ملبے کو دیکھا جا سکتا ہے۔

ایران اسرائیل تنازع: مشرق وسطیٰ تباہی کے دہانے پر ہے، اقوام متحدہ

ایک اور شخص نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا، ''اردن ہمیشہ کی طرح پیسے کے پیچھے بھاگ رہا ہے۔‘‘ ایک دوسرے سوشل میڈیا صارف نے لکھا، ''اپنے ہی شہریوں پر میزائل برسانا غیر ذمہ دارانہ حرکت ہے۔‘‘

اردن کی حکومت نے ایک بیان جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اس نے اپنے دفاع میں یہ اقدامات کیےتصویر: Hannibal Hanschke/AFP/Getty Images

جھوٹے الزامات اور افواہوں کا سلسلہ بھی جاری

اس ساری صورتحال میں بہت سی غلط معلومات بھی پھیلائی جا رہی ہیں۔ مثلاً یہ کہ ان کارروائیوں میں اردن کے شاہ اور ان کی بیٹی نے، جو پائلٹ بھی ہیں، ذاتی طور پر شمولیت کی۔ بعض لوگوں نے کہا کہ ایکس پر جس ملبے کی تصویریں شائع کی گئی ہیں وہ کسی ڈرون کا نہیں بلکہ کئی ہفتے قبل آتش زدگی میں تباہ ہو جانے والے آئل ٹینکروں کا ہے۔

کیا ایران اور اسرائیل ہمیشہ سے دشمن رہے ہیں؟

یہ الزامات بھی لگائے جا رہے ہیں کہ اردن کی حکومت نے اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ ایک خفیہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت انہیں اردن کے فضائی حدود کو استعمال کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

اردن میں ہر پانچ میں سے ایک فرد، بشمول ملکہ، فلسطینی نژاد ہے اور بیشتر کی فلسطینی معاملے سے دلی وابستگی ہے۔ ایسے لوگ اردن کے ایسے اقدامات کو غداری کے طور پر دیکھتے ہیں۔

ننانوے فیصد ایرانی ڈرون اور میزائل تباہ کر دیے، اسرائیل

حکومت کے عتاب کا نشانہ بننے کے خوف سے صرف اپنا پہلا نام بتانے والے ایک سیاسی کارکن حسین کا کہنا تھا، ''میں بہت پریشان ہوں کہ اردن نے اسرائیل کا دفا ع کیوں کیا۔ یہاں بہت سے لوگوں کو یہ منظور نہیں ہے۔ ہم ایران کی حمایت نہیں کرتے لیکن ہم غزہ میں اسرائیل کو روکنے والے کسی بھی اقدام کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘

اردن حکومت کے اقدامات کے خلاف مظاہرے بھی ہوئےتصویر: Alaal Al Sukhni/REUTERS

یہ اپنے دفاع کے لیے تھا، اردن کی حکومت

اردن کی حکومت نے ایک بیان جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اس نے اپنے دفاع میں یہ اقدامات کیے۔ اس نے اردن کے فضائی حدود میں داخل ہونے والی اشیاء کو روکا، ''کیونکہ وہ ہمارے شہریوں اور آبادی والے علاقوں کے لیے خطرہ تھیں۔‘‘

اردن کے دارالحکومت عمان میں مقیم ایک سابق سینیئر افسر اور فوجی امور کے ماہر محمود ردسات نے ڈی ڈبلیو سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ اختتام ہفتہ پر جو کچھ ہوا، اسے ''اسرائیل کے دفاع کے طورپر نہیں دیکھا جا سکتا بلکہ اس کا مقصد اردن کی خود مختاری اور قومی فضائی حدود کا دفاع کرنا تھا۔‘‘ انہوں نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا، ''آپ کو یہ پتہ نہیں ہوتا کہ ڈرون یا میزائل کہاں گرنے والا ہے۔‘‘

اسرائیلی میڈیا میں شائع ان خبروں کے متعلق کہ اسرائیلوں نے اردن کے فوجی تعاون پر حکومت کا شکریہ ادا کیا اور جشن منایا، محمود ردسات کہتے ہیں، ''یہ اسرائیلی پراپیگنڈا سے زیادہ کچھ بھی نہیں ہے۔‘‘

برسلز میں قائم تھنک ٹینک انٹرنیشنل کرائسز گروپ کے سینیئر فلسطینی تجزیہ کار تہانی مصطفیٰ کا کہنا ہے کہ اردنی معاشرہ اس مسئلے پر منقسم ہے، اور اس کی وجہ قابل فہم ہے کیونکہ ''لوگ امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ اردن کے اقتصادی، سفارتی اور سکیورٹی تعلقات سے زیادہ واقف نہیں ہیں کیونکہ اس طرح کی چیزوں کے متعلق ملکی میڈیا میں رپورٹیں عام طور پر نظر نہیں آتیں۔‘‘

مصطفیٰ کے مطابق اردنی حکومت کے اقدام کومختلف فریق مختلف طریقوں سے پیش کر رہے ہیں، لیکن ''اردنی حکام اپنے اقدامات کا یہ جواز پیش کر سکتے ہیں کہ ڈرون اور میزائل ان کی فضائی حدود سے گزر رہے تھے اور اس کے ردعمل کا مقصد اسرائیل کے ساتھ کسی اسٹریٹیجک اتحاد کو مضبوط کرنے سے زیادہ علاقائی کشیدگی کو روکنا تھا۔‘‘

دریں اثنا سعودی نیوز ویب سائٹ العربیہ نے حکومتی ذرائع کے حوالے سے اس بات کی تردید کی ہے کہ ہفتے کے روز اسرائیل پر ایرانی حملوں کو روکنے میں سعودی عرب نے حصہ لیا تھا۔

قبل ازیں اسرائیلی نیوز ویب سائٹس نے سعودی عرب کی ایک سرکاری ویب سائٹ سے منسوب کر کے ایسے بیانات شائع کیے تھے کہ ''(سعودی) مملکت نے ایرانی حملوں کا سامنا کرنے والے حالیہ دفاعی اتحاد میں حصہ لیا۔‘‘

کیتھرین شائر، عماد حسن، حمزہ الشوابکے (ج ا/ا ب ا، م م)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں