1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران ایک ’غیر ذمہ دار ‘ ریاست نہیں، تہران حکومت 

صائمہ حیدر
15 جولائی 2017

ایران نے امریکی صدر کے گزشتہ ہفتے کے اُس بیان کو مسترد کر دیا ہے جس میں اُنہوں نے ایران کو ’سرکش‘ ریاست قرار دیا تھا۔ ایران کا کہنا ہے کہ خود متضاد امریکی پالیسیاں عالمی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

USA gegen Iran
تصویر: Fotolia/le0nmd

 ایرانی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا نے ملکی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی من چاہی اور متضاد پالیسیاں حقیقت میں عالمی سکیورٹی کے لیے خطرہ ہیں۔ جمعرات کے روز ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران، شمالی کوریا اور شام جیسی سر کش ریاستیں اور ان کی مالی معاونت کرنے والے ملک سلامتی کے نئے خطرات کو جنم دے رہے ہیں۔ قاسمی کے مطابق ایران ایک ذمہ دار ریاست ہے اور قطعاً اسے ایک ’غیرذمہ دار، سرکش اور خود سر‘ ریاست کے زمرے میں نہیں لایا جا سکتا۔

امریکا اور ایران کے درمیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار میں آنے کے بعد سے کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ ٹرمپ اکثر و بیشتر ایران پر عسکریت پسند گروپوں کی حمایت کا الزام عائد کرتے ہیں۔ دوسری جانب ایران نے امریکا کے اتحادی ملک سعودی عرب پر خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے اور دہشت گردانہ حملے کرنے کے الزامات لگائے ہیں۔

امریکا اور ایران کے درمیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار میں آنے کے بعد سے کشیدگی بڑھ گئی ہےتصویر: Reuters/G. Fuentes

 ایرانی حکومت گزشتہ ماہ تہران میں ہوئے حملوں کا ذمہ دار بھی سعودی عرب کو ٹھہراتی ہے جن میں اٹھارہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ تاہم سعودی عرب نے ایران کے اس الزام کی تردید کی ہے۔ ایسے میں جبکہ صدر ٹرمپ ایران پر اپنی تنقید جاری رکھے ہوئے ہیں، یہ امر بھی اہم ہے کہ جمعرات تیرہ جولائی کے روز ایک سینئیر امریکی عہدیدار نے کہا تھا کہ  اس بات کا قوی امکان ہے کہ تحفظات کے باوجود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ ہوئے جوہری معاہدے کی دوبارہ تصدیق کر دیں گے۔

 سرکاری اہلکار کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کسی وقت بھی جوہری معاہدے کے حوالے سے اپنا ذہن تبدیل کر سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ امریکی صدر نے گزشتہ برس اپنی انتخابی مہم کے دوران ایرانی جوہری معاہدے پر سخت تنقید کی تھی۔ 

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں