1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران میں وکلا پر بڑھتا ہوا حکومتی دباؤ

جاوید اختر (آتفہ چھار محالیان)
23 نومبر 2026

ایران میں گزشتہ ایک برس کے دوران کم از کم 135 وکلا کو حکومتی پابندیوں اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ اس صورتحال کے باعث ملزمان کے منصفانہ ٹرائل اور آزاد قانونی نمائندگی کے بنیادی حق کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

محکمۂ انصاف صوبہ تہران (فائل فوٹو)
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین نے ایران میں آزاد وکلا پر عدالتی اور سکیورٹی اداروں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کی نشاندہی کی ہےتصویر: www.hamshahrionline.ir

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین نے ایرانی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ  وکلا کے خلاف کارروائیاں بند کریں۔ ماہرین کے مطابق وکلا تک رسائی محدود کرنے سے من مانے انداز میں گرفتاریوں، دباؤ کے تحت اعترافِ جرم اور غیر منصفانہ عدالتی کارروائیوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

ماہرین نے نومبر کے وسط میں جاری ایک بیان میں کہا، ''انڈپینڈنٹ وکلا کو ان کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں اور انسانی حقوق کے دفاع کے باعث تیزی سے مقدمات، دھمکیوں اور ہراسانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔‘‘

ان کے مطابق ستمبر 2025 سے ستمبر 2026 کے درمیان کم از کم 135 وکلا کو طلبی کے نوٹس جاری کیے گئے، گرفتار یا حراست میں لیا گیا، معطل کیا گیا، ملازمت سے برطرف کیا گیا یا بیرون ملک سفر سے روک دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق جنوری اور فروری 2026 میں ملک گیر مظاہروں کے بعد 23 وکلا کو گرفتار کیا گیا، جن میں پانچ خواتین بھی شامل تھیں۔

انسانی حقوق کے ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑے پیمانے پر گرفتاریاں نہ بھی ہوں تو محدود تعداد میں وکلا کے خلاف کارروائیاں بھی دوسرے وکلا کو خوفزدہ کرنے اور ان کی پیشہ ورانہ سرگرمیاں محدود کرنے کے لیے کافی ہوتی ہیںتصویر: dpa/picture alliance

اپنی مرضی کا وکیل منتخب کرنے کے حق پر پابندیاں

41 سالہ وکیل اور انسانی حقوق کے کارکن سینا یوسفی نے جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں وکلا کو نشانہ بنانے اور ان کے خلاف جبری اقدامات کی ایک طویل تاریخ ہے۔

یوسفی نے خبردار کیا کہ ایران میں اپنی پسند کا وکیل منتخب کرنے کے حق پر بھی پابندیاں سخت کی جا رہی ہیں۔

ایران کے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 48 کے مطابق بعض الزامات کے تحت گرفتار افراد کو تفتیش کے ابتدائی مرحلے میں اپنی مرضی کا وکیل مقرر کرنے کی اجازت محدود ہے۔ ایسے ملزمان کو عدلیہ کے سربراہ کی منظوری سے فہرست میں شامل وکلا میں سے کسی کو منتخب کرنا پڑتا ہے۔ بعض معاملات میں ان منظور شدہ وکلا کو بھی مقدمے کی تمام دستاویزات اور شواہد تک مکمل رسائی نہیں دی جاتی۔

یوسفی کے مطابق مظاہرین کے خلاف دائر کیے گئے متعدد مقدمات میں وکلا کو مقدمے کی فائلوں تک رسائی اس وقت دی گئی، جب ابتدائی تحقیقات مکمل ہو چکی تھیں اور استغاثہ اپنے شواہد جمع کر چکا تھا، جن میں دورانِ حراست لیے گئے اعترافات بھی شامل تھے۔

برطانیہ میں قائم سینٹر فار سپورٹرز آف ہیومن رائٹس (سی ایس ایچ آر) کی پروگرام ڈائریکٹر شبنم معینی پور بھی وکلا کی آزادی کو شہریوں کے مؤثر قانونی دفاع کے لیے بنیادی شرط قرار دیتی ہیں۔

یہ تنظیم ایران میں وکلا کی صورت حال پر نظر رکھتی ہے، ان کے حقوق کی خلاف ورزیوں کو دستاویزی شکل دیتی ہے اور بین الاقوامی سطح پر ان معاملات کی پیروی کرتی ہے۔

معینی پور نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''ایک وکیل کو اس خوف کے بغیر استغاثہ کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات اور سکیورٹی اداروں کی رپورٹس کی ساکھ پر سوال اٹھانے کے قابل ہونا چاہیے کہ اسے فوجداری مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ کیونکہ جب کسی وکیل کی آزادی اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں کو خطرہ لاحق ہو تو اس کے موکل کا حقِ دفاع بھی متاثر ہوتا ہے۔‘‘

ایران میں سزائے موت کے قیدی، انصاف کے منتظر

03:08

This browser does not support the video element.

وکلا میں خوف اور سیلف سینسر شپ کا رجحان

معینی پور کے خیال میں وکلا کی منظوری کا اختیار جب اسی عدالتی نظام کے اعلیٰ ترین عہدیدار کے پاس ہو، جس کے تحت مقدمات چلائے جاتے ہیں تو اس سے وکلا کی خودمختاری پر سنگین سوالات پیدا ہوتے ہیں۔

انہوں نے زور دیا، ’’اس پابندی کے قانونی ہی نہیں بلکہ نفسیاتی اثرات بھی مرتب ہوتے ہیں۔ ملزمان خود کو بے سہارا محسوس کر سکتے ہیں اور ان میں خوف اور عدم اعتماد بڑھ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ وہ دھمکیوں، تشدد اور غیر قانونی اقدامات کی تفصیلات بتانے سے بھی گریز کر سکتے ہیں۔‘‘

تہران میں قائم ڈیفنڈرز آف ہیومن رائٹس سینٹر اور انٹرنیشنل بار ایسوسی ایشن کے ہیومن رائٹس انسٹی ٹیوٹ (آئی بی اے ایچ آر آئی) کی مشترکہ رپورٹ اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین کے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے معینی پور نے کہا، ''بڑے پیمانے پر گرفتاریاں نہ بھی ہوں تو محدود تعداد میں وکلا کے خلاف کارروائیاں بھی دوسرے وکلا کو خوفزدہ کرنے اور ان کی پیشہ ورانہ سرگرمیاں محدود کرنے کے لیے کافی ہوتی ہیں۔‘‘

ادارت: عاطف بلوچ

جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں