1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
جرائمایران

ایران میں یہودی شہری کو قتل کے جرم میں سزائے موت دے دی گئی

4 نومبر 2024

ایران میں مقامی یہودی مذہبی اقلیت کے ایک رکن کو قتل کے جرم میں سنائی گئی سزائے موت پر عمل درآمد کر دیا گیا۔ اس ایرانی یہودی شہری کو سزائے موت ایک ایسے وقت پر دی گئی جب ایران اور اسرائیل کے مابین کشیدگی عروج پر ہے۔

ایرانی دارالحکومت تہران میں قتل کے ایک مجرم کو سرعام پھانسی دیے جانے کی تیاری، فائل فوٹو
ایرانی دارالحکومت تہران میں قتل کے ایک مجرم کو سرعام پھانسی دیے جانے کی تیاری، فائل فوٹوتصویر: Abedin Taherkenareh/EPA/picture-alliance/dpa

ایران میں تہران اور فرانس میں پیرس سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق ناروے میں قائم غیر سرکاری تنظیم ایران ہیومن رائٹس (IHR) نامی گروپ نے بتایا کہ 20 سالہ مجرم اروین قہرمانی کو پیر چار نومبر کے روز مغربی ایرانی شہر کرمان شاہ کی ایک جیل میں پھانسی دے دی گئی۔

دوہری شہریت رکھنے والے جرمن شہری شارمہد کو ایران میں پھانسی دے دی گئی

آئی ایچ آر نامی تنظیم کے مطابق مجرم پر 2022ء میں ایک گلی میں ہونے والی لڑائی کے دوران ایک شخص کو قتل کر دینے کا جرم ثابت ہو گیا تھا اور ایک ایرانی عدالت نے اسے سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔

دنیا بھر میں پھانسی دینے کے واقعات میں ریکارڈ اضافہ، ایمنسٹی

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ایران میں مجرموں کو دی جانے والی موت کی سزاؤں کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرے میں شریک ایک خاتونتصویر: Allison Bailey/NurPhoto/picture alliance

ایران ہیومن رائٹس نامی تنظیم کے سربراہ کا الزام

ایران ہیومن رائٹس نامی تنظیم کے ڈائریکٹر محمود امیری مقدم نے بتایا، ''اسرائیل کے ساتھ جنگ کی دھمکیوں کے تناظر میں، اسلامی جمہوریہ ایران میں اروین قہرمانی نامی ایک یہودی شہری کو سزائے موت دے دی گئی‘‘ اور ان کے خلاف چلائے گئے مقدمے میں ''قانونی جھول‘‘ بھی تھے۔

محمود امیری مقدم نے اپنے ایک بیان میں مزید کہا کہ اروین قہرمانی ایران کے یہودی مذہبی اقلیت سے تعلق رکھنے والے شہری تھے اور ان کو سنائی گئی سزائے موت پر عمل درآمد میں ''ایران میں ملکی اداروں کی سطح پر پائی جانے والی سامیت دشمنی نے بھی بلاشبہ اہم کردار ادا کیا۔‘‘

شیعہ مسلم اکثریتی آبادی والے ملک ایران میں ماضی میں یہودیوں کی آبادی کافی زیادہ تھی۔ لیکن 1979ء کے اسلامی انقلاب کے بعد سے یہ آبادی مسلسل کم ہوتی گئی۔ تاہم آج بھی مشرق وسطیٰ کے پورے خطے میں مگر اسرائیل سے باہر ایران میں یہودیوں کی آبادی سب سے زیادہ ہے۔

کینیڈا میں ایرانی نژاد کینیڈین شہریوں کی طرف سے ایران میں سزائے موت دیے جانے کے خلاف احتجاج میں شریک چند خواتینتصویر: Artur Widak/NurPhoto/picture alliance

حالیہ برسوں میں شاذ و نادر نظر آنے والا واقعہ

ایران میں اسلامی انقلاب کے فوری بعد کے عرصے میں اگرچہ کئی مقامی یہودی مارے گئے تھے، تاہم حالیہ برسوں میں کسی ایرانی یہودی شہری کو سزائے موت دیے جانے کا واقعہ کبھی دیکھنے میں نہیں آیا تھا۔

ایران میں دو ڈاکوؤں کو سرعام پھانسی دے دی گئی

اروین قہرمانی کو سنائی گئی سزائے موت کے بعد ان کی والدہ سونیا ساداتی نے ایرانی حکام سے اپیل کی تھی کہ ان کے بیٹے کی جان بخشی کر دی جائے۔ تاہم ان کی یہ اپیل مسترد کر دی گئی اور پیر چار نومبر کو قہرمانی کو کرمان شاہ کی جیل میں پھانسی دے دی گئی۔

اطالوی دارالحکومت روم میں ایرانی سفارت خانے کے باہر ایران میں سزائے موت دیے جانے کے خلاف احتجاج، ایرانی پرچم اور پھانسی کا پھندہتصویر: Mauro Scrobogna/LaPresse via ZUMA Press/picture alliance

اروین قہرمانی کی خاندان نے اروین کے ہاتھوں قتل ہونے والے ایرانی شہری کے لواحقین کو خون بہا ادا کرنے کی پیش کش بھی کی تھی، جو ایران میں نافذ اسلامی قوانین کے تحت ممکن بھی تھا، تاہم مقتول کے خاندان نے خون بہا قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

ایران: رواں سال اب تک چار سو سے زائد افراد کو پھانسی دے دی گئی

ایرانی عدلیہ کی ویب سائٹ میزان آن لائن نے تصدیق کر دی ہے کہ مقتول کے لواحقین نے ''خون بہا قبول کرنے سے انکار‘‘ کر دیا تھا، جس کے بعد مجرم کو پھانسی دے دی گئی۔

فلسطینی علاقے غزہ پٹی کی جنگ کے تناظر میں اور لبنان کی ایران نواز حزب اللہ ملیشیا اور اسرائیلی افواج کے ایک دوسرے پر شدید حملوں کے پس منظر میں گزشتہ چند ماہ سے ایران اور اسرائیل کے مابین کشیدگی انتہائی زیادہ ہو چکی ہے۔

م م / ع ا  (اے پی، اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں