ایران نے خلیج میں آئل ٹینکر قبضے میں لینے کی تصدیق کر دی
15 نومبر 2025
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے ہفتے کے روز تصدیق کر دی کہ ملک کے ساحل کے قریب خلیج میں ایک آئل ٹینکر کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ یہ پیش رفت سکیورٹی کمپنیوں کی جانب سے یہ امکان ظاہر کیے جانے کے ایک دن بعد سامنے آئی ہے کہ اس ٹینکر پر قبضے کے پیچھے ایران ہی ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، ''کل صبح 7 بج کر 30 منٹ پر عدالتی حکم کے بعد 'ٹالارا‘ کے تجارتی نام اور مارشل آئی لینڈز کے پرچم بردار آئل ٹینکر کے کارگو کو ضبط کرنے کے لیے پاسدارانِ انقلاب کی بحری فورسز کے ریپڈ ری ایکشن یونٹس نے اس کی نقل و حرکت کی نگرانی کی، اسے روکا اور قبضے میں لے لیا۔‘‘
بیان میں کہا گیا کہ یہ ٹینکر ' غیر مجاز کارگو لے جا کر قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا‘۔ مزید بتایا گیا کہ جہاز '30 ہزار ٹن پیٹرو کیمیکل کارگو لے کر سنگاپور جا رہا تھا‘۔
میرین سکیورٹی کمپنی ایمبری کے مطابق اس بحری جہاز نے متحدہ عرب امارات کی بندرگاہ امارت عجمان سے روانہ ہو کر آبنائے ہرمز کے ذریعے جنوب کا رخ کیا تھا اور اس دوران تین چھوٹی کشتیاں اس کے نزدیک گئیں، جس کے بعد اس نے ''اچانک اپنا راستہ تبدیل‘‘ کر لیا۔
امریکی بحریہ نے کہا کہ وہ 'صورتحال پر فعال طور پر نظر رکھے ہوئے‘ ہے۔ امریکی پانچویں بحری بیڑے کی قیادت کے مطابق، 'تجارتی جہازوں کو کھلے سمندر میں زیادہ تر بلا روک ٹوک آمدورفت اور تجارت کا حق حاصل ہے‘۔
آبنائے ہرمز عالمی تیل اور مائع قدرتی گیس کی ترسیل کا اہم راستہ ہے اور یہاں ماضی میں بھی ایسے واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ ایران نے گزشتہ برس بھی یہاں ایک کنٹینر شپ یہ کہتے ہوئے قبضے میں لے لیا تھاکہ اس کے اسرائیل سے روابط ہیں، جب کہ اس سے قبل ایران کے شام میں قونصل خانے پر ہونے والے مہلک حملے کا الزام اسرائیل پر عائد کیا گیا تھا۔
ادارت: عاطف بلوچ