1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران پر امریکی پابندیوں میں مزید سختی

13 جولائی 2012

امریکا نے ایران کے متنازعہ جوہری پروگرام کی وجہ سے تہران حکومت پر اضافی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ واشنگٹن حکومت کا کہنا ہے کہ ان پابندیوں کا مقصد ایران کو جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے روکنا ہے۔

USA gegen Iran
تصویر: Fotolia/le0nmd

جمعرات کو امریکی وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی پابندیاں ایران کی ایسی کمپنیوں اور بینکوں پر عائد کی گئی ہیں، جو تہران کے جوہری پروگرام کو آگے بڑھانے میں مدد کر رہی ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے امریکی وزارت خزانہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران کے پچاس سے زائد بینکوں اور کمپنیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ امریکی حکام کے بقول پابندی کی زد میں آنے والے یہ بینک اور کمپنیاں تہران کے جوہری پروگرام پر پہلے سے عائد پابندیوں کی خلاف ورزی کی مرتکب پائی گئی ہیں۔

اے ایف پی نے اعلیٰ امریکی اہلکار ڈیوڈ کوہان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران کے متنازعہ ایٹمی پروگرام پر دباؤ بڑھانے کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ وزارت خزانہ کے بقول ان نئی پابندیوں کا مقصد ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش ہے تاکہ وہ عالمی برادری کے ایسے تمام تر خدشات کو دور کر سکے کہ وہ اپنے جوہری پروگرام سے ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری نہیں چاہتا ہے۔

ایرانی صدر محمود احمدی نژادتصویر: picture alliance / dpa

ان پابندیوں کے نتیجے میں امریکا میں ایرانی بینکوں اور کمپنیوں کے اثاثے منجمد کر دیے جائیں گے جبکہ امریکی ادارے پابندیوں کی زد میں آنے والے افراد اور کمپنیوں سے کوئی تجارت نہیں کر سکیں گے۔

ان نئی پابندیوں کے نتیجے میں چار افراد اور ایران کے بیس مالیاتی اداروں کو بھی بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے۔ جن افراد کو بلیک لسٹ کیا گیا ہے ان میں آسٹریا کے شہری ڈینیئل فروش، پاسدران انقلاب کے نیوی کمانڈر علی فدوای، سوفٹ وئیر انجینئر حامد رضا اور ایرانی جوہری پروگرام میں سپلائر کے طور پر کام کرنے والے حسین تانیدہ شامل ہیں۔

ایران کے متنازعہ ایٹمی پروگرام کی وجہ سے تہران حکومت پر پہلے بھی متعدد بار پابندیاں عائد کی جا چکی ہے۔ امریکا اور یورپی یونین کی کوشش ہے کہ ایرانی حکام جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے حوالے سے ان کے تحفظات کا مؤثر طریقے سے جواب دیں۔ اس سلسلے میں عالمی طاقتوں اور ایرانی حکام کے مابین مذاکرات کے کئی ادوار ہو چکے ہیں تاہم ابھی تک عالمی برادری کے خدشات کو دور نہیں کیا جا سکا ہے۔

مغربی ممالک کو خدشہ ہے کہ ایران اپنے جوہری پروگرام سے ایٹمی ہتھیاروں کا حصول چاہتا ہے جبکہ تہران ایسے الزامات کو ہمیشہ ہی رد کرتا آیا ہے۔

ab/ng (dpa, AFP)

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں