ایران کو سو ایئربس طیاروں کی ترسیل کا آغاز ’امن کا روشن دن‘
11 جنوری 2017فرانسیسی دارالحکومت پیرس سے بدھ گیارہ جنوری کی شام ملنے والی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق یورپی طیارہ ساز کنسورشیم ایئربس کے تیار کردہ ایسے 100 مسافر ہوائی جہازوں میں سے پہلا طیارہ آج ایران کی قومی فضائی کمپنی ایران ایئر کے حوالے کر دیا گیا۔
روئٹرز کے مطابق ایران کے متنازعہ ایٹمی پروگرام سے متعلق عالمی طاقتوں کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے نتیجے میں تہران کے خلاف عائد بین الاقوامی پابندیاں اٹھائے جانے کے بعد بدھ کے روز ایران ایئر کے حوالے کیا گیا یہ ایئر بس طیارہ وہ پہلی مغربی ٹیکنالوجی ہے، جس تک تہران کو دوبارہ عملی رسائی حاصل ہو گئی ہے۔
اس موقع پر ایران ایئر کے چیئرمین فرہاد پرورش نے کہا، ’’ان طیاروں کی فراہمی کا آغاز ایران اور یورپ کے درمیان امن اور دوستی کے لیے ایک روشن دن کی طرح ہے، جو 80 ملین کی آبادی والے ایران کے لیے شہری ہوا بازی کے شعبے میں قومی سطح پر بھی ایک یادگار دن ہے۔‘‘
آج بدھ کو ایران ایئر کے حوالے کیے گئے اس طیارے کو اس ایئر لائن کے رنگوں کی نسبت سے پینٹ کیا گیا ہے اور ساتھ ہی اس فضائی کمپنی کے سربراہ فرہاد پرورش نے ایئربس کے طیارہ سازی کے شعبے کے سربراہ کو بھی یہ درخواست کی کہ وہ اسی ہوائی جہاز میں سوار ہو کر ایران آئیں۔
A321 طرز کے اس مسافر طیارے کے ایران ایئر کے تجارتی بیڑے میں باقاعدہ طور پر شامل کیے جانے کے حوالے سے ایک باقاعدہ تقریب کل جمعرات بارہ جنوری کو تہران میں اس وقت منعقد کی جائے گی، جب یہ طیارہ ایرانی دارالحکومت کے ہوائی اڈے پر اترے گا۔
اس مسافر طیارے میں 189 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور یہ ان 100 ایئر بس طیاروں میں سے پہلا ہوائی جہاز ہے، جن کی خریداری کے لیے ایئر بس اور ایران ایئر کے مابین ایک معاہدہ 2015ء میں طے پایا تھا۔ اس معاہدے کی مجموعی مالیت بیسیوں ارب ڈالر بنتی ہے۔
ایران ایئر ایک ایسی ایرانی فضائی کمپنی ہے، جس نے امریکی طیارہ ساز ادارے بوئنگ کو بھی 80 مسافر طیاروں کی خریداری کا آرڈر دے رکھا ہے۔ اس کے علاوہ یہی ایرانی ایئر لائن متوقع طور پر ایک اور یورپی طیارہ ساز ادارے اے ٹی آر (ATR) کے ساتھ بھی 20 مسافر ہوائی جہازوں کی خریداری کا معاہدہ کرنے والی ہے۔