1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران کے پاس زیادہ وقت نہیں، جرمن وزیر خارجہ

30 جولائی 2021

جرمن وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران سن دو ہزار پندرہ کی عالمی جوہری ڈیل کو بچانے کی کوششوں کو ٹال رہا ہے۔ ہائیکو ماس نے خبردار کیا ہے کہ اس ڈیل کی بحالی کا آپشن زیادہ دیر تک موجود نہیں رہے گا۔

New York | UN-Sicherheitsrat zu Krieg in Syrien | Heiko Mass, deutscher Außenminister
تصویر: Getty Images/AFP/T.A. Clary

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے جمعے کے دن کہا کہ تہران حکومت عالمی جوہری ڈیل کی بحالی کی کوششوں کو سنجیدہ نہیں لے رہا۔ انہوں نے کہا کہ سن دو ہزار پندرہ میں طے پانی والی اس تاریخی ڈیل کو بچانے کی کوششوں میں تاخیر سے معاملات مزید الجھ سکتے ہیں۔

ماس نے خبردار کیا کہ اگر ایران اس حوالے سے تاخیر کرتا ہے تو ہو سکتا ہے کہ مسقتبل میں اس کے پاس اس ڈیل کی بحالی کا آپشن نہ رہے۔

یہ بھی پڑھیے:  یورینیم کی افزودگی کے لیے ایران پر نکتہ چینی

کثیر الاشاعتی مؤقر جرمن ہفت روزہ ڈیئر اشپیگل سے گفتگو میں ماس نے مزید کہا، ''مجھے یہ دیکھ کر بے چینی ہو رہی ہے کہ ایک طرف سے ایران ویانا میں اس حوالے سے بحال ہونے والے مذاکراتی عمل کو مؤخر کر رہا ہے اور دوسری طرف اس ڈیل کے بنیادی نکات سے مزید دوری اختیار کرتا جا رہا ہے۔‘‘

ایران نے اس عالمی جوہری ڈیل کو بچانے کی خاطر اپریل میں مذاکرات کو عمل شروع کیا تھا۔ اس ڈیل کے تحت ایران نے اپنی جوہری سرگرمیوں میں کمی لانا تھی، جس کے بدلے عالمی طاقتوں نے اس پر عائد پابندیوں کو مرحلہ وار کم کرنا تھا۔

امریکا کی واپسی

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سن دو ہزار اٹھارہ میں 'جوائنٹ کمپری ہینسَو پلان آف ایکشن‘ JCPOA نامی اس ڈیل سے یک طرفہ طور پر علیحدگی اختیار کرلی تھی جبکہ ان کی انتظامیہ نے ایران پر پہلے سے عائد پابندیوں کو بھی بحال کر دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: واضح نہیں کہ ایران ایٹمی معاہدے کی بحالی چاہتا ہے یا نہیں، امریکا

تاہم امریکی انتظامیہ میں تبدیلی کے بعد صدر جو بائیڈن نے ایران کے ساتھ سفارتکاری کا عندیہ دے رکھا ہے۔ ویانا میں ہونے والے نئے مذکرات میں امریکا بالواسطہ طور پر شامل بھی ہے۔   جمعرات کے دن امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے بھی کہا تھا کہ مذاکرات کا یہ راستہ زیادہ دیر کھلا نہیں رہے گا۔ 

ایران میں اقتدار کی منتقلی

تاہم تہران حکومت حسن روحانی کی سبکدوشی اور نئے صدرابراہیم رئیسی کے اقتدار سنبھالنے کے انتظار میں ہے۔ ایران میں ہونے والے حالیہ صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے رئیسی اگست کے آغاز میں صدر کے عہدے کا حلف اٹھا لیں گے۔

ہائیکو ماس کے مطابق وہ ایران میں سیاسی تبدیلی کے بعد اس کے مذاکرات عمل میں شامل ہونے کے منتظر رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ  وہ اس مذاکراتی عمل کی بحالی چاہتے ہیں اور پختہ یقین رکھتے ہیں کہ یہ عمل تمام فریقین کے مفاد میں ہے۔

یہ بھی پڑھیے: یورینیم افزودہ کرنے کے ایرانی اعلان پر اقوام متحدہ کا اظہار تشویش

ہائیکو ماس نے البتہ ساتھ ہی کہا، ''ایک بات واضح ہے کہ یہ آپشن ہمارے پاس ہمیشہ موجود نہیں رہے گا۔‘‘  

امریکی وزیر خارجہ انٹونی  بلنکن کے مطابق اس وقت بال ایران کی کورٹ میں ہے اور امریکا ویانا مذاکرات کی طرف لوٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ ایران پر عائد امریکی پابندیوں کی وجہ سے مشرق وسطیٰ کے اس ملک کو شدید اقتصادی مسائل کا سامنا ہے۔

ع ب / ع ت (خبر رساں ادارے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں