1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشز سیریز میں آسٹریلیا کی شاندار کامیابی

عاطف بلوچ، روئٹرز
8 جنوری 2018

ایشز سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو ہزیمت آمیز شکست دیتے ہوئے یہ سیریز چار صفر سے اپنے نام کر لی ہے۔

Cricket Testspiel Österreich vs. England
تصویر: Reuters/D. Gray

آسٹریلوی شہر سڈنی میں کھیلے گئے ایشز سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز انگلینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 180 رنز پر ہی آؤٹ ہو گئی۔ یوں آسٹریلیا نے یہ میچ ایک اننگز اور 123 رنز سے جیت لیا۔ قبل ازیں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 649 رنز سات کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی تھی۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 346 رنز بنائے تھے۔

اس میچ میں کامیابی کے بعد آسٹریلوی کپتان اسٹیو سمتھ نے کہا، ’’گزشتہ دو مہینے زبردست رہے۔ اس دوران ہم نے غیر معمولی کرکٹ کھیلی۔‘‘ بہترین کارکردگی کی بنیاد پر سمتھ کو اس سیریز کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سیریز میں ان کی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے اہم مقامات پر زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کوئی بھی موقع ضائع نہیں ہونے دیا۔

سمتھ کے بقول اس سیریز میں کامیابی میں فاسٹ بولرز نے اہم کردار ادا کیا، ’’میرے خیال میں تمام بولرز نے غیر معمولی کارکردگی دکھائی۔ تمام بولرز نے ایک یونٹ کے طور پر کام کیا۔ ہمیں ان میچوں میں کامیابی کی خاطر وکٹیں ہی حاصل کرنا تھیں۔‘‘

اسٹیو سمتھ کو اس سیریز کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیاتصویر: imago/Action Plus

سڈنی ٹیسٹ کے بہترین کھلاڑی آسٹریلوی بولر پیٹ کامینز رہے، جنہوں نے اپنی تیز رفتار بولنگ کی مدد سے اس ٹیسٹ میچ میں آسٹریلوی ٹیم کو کامیابی دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے اس پانچ میچوں کی سیریز میں مجموعی طور پر تئیس وکٹیں حاصل کیں۔ کامینز نے اس کامیابی پر کہا، ’’میں اس سے زیادہ توقع نہیں کر سکتا تھا۔‘‘

ناسازی طبیعت کے باعث انگلش کپتان جو روٹ نے اس میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو نہ کی۔ تاہم نائب کپتان جمی اینڈرسن نے ان کی جگہ میڈیا سے گفتگو میں اعتراف کیا کہ آسٹریلوی ٹیم نے انتہائی اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ’’ایمانداری کی بات ہے کہ ان تمام میچوں میں اہم مقامات پر آسٹریلیا نے ہم پر سبقت حاصل کی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا نے اس سیریز میں انتہائی عمدہ کارکردگی دکھائی۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں