ایشیائی ’ایل چاپو‘ ایمسٹرڈیم ایئر پورٹ پر گرفتار
25 جنوری 2021ارب پتی سی چی لوپ کی عمر چھپن برس ہے اور انہیں ہفتے کی رات ہالینڈ کے شہر ایمسٹرڈیم کے بین الاقوامی ہوائی اڈے شیپول سے اس وقت گرفتار کیا گیا، جب وہ کینیڈا جانے والی ایک پرواز پر سوار ہونے والے تھے۔
ان کی گرفتاری انٹرنیشنل وارنٹ پر کی گئی جو آسٹریلین فیڈرل پولیس کی درخواست پر جاری کیا گیا تھا۔ وہ تائیوان سے کینیڈا جانے والی اس پرواز پر سوار تھے، جو براستہ شیپول ایئر پورٹ کیںیڈا جانے والی تھی۔بدنام چینی جرائم پیشہ شخص پر امریکی پابندیاں عائد
ایشیائی ایل چاپو
سی چی لوپ براعظم ایشیا اور آسٹریلیا میں امریکی براعظم میں منشیات کی اسمگلنگ کے سرغنہ 'ایل چاپو‘ کی عرفیت رکھتے ہیں۔ میکسیکو سے تعلق رکھنے والے اسمگلر خواکین گُزمان عُرف ایل چاپو اب گرفتاری کے بعد امریکا کی انتہائی سخت سکیورٹی والی جیل میں مقید ہیں۔ انہیں میکسیکو پولیس نے گرفتار کر کے امریکا کے حوالے کیا تھا۔ ایمسٹرڈیم میں گرفتار ہونے والے ایشیائی ایل چاپو اس وقت ڈچ پولیس کی گرفت میں ہیں ور ان کی آسٹریلیا منتقلی کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔
حکومتی اہلکاروں سے روابط
چین میں پیدا ہونے والے سی چی لوپ اب کینیڈین شہریت حاصل کر چکے ہیں۔وہ کینیڈا کے بڑے شہر ٹورانٹو میں رہا کرتے تھے، حالیہ کچھ برسوں سے وہ مکاؤ، ہانگ کانگ اور تائیوان کے درمیان ہی وقت گزارتے تھے۔
لوپ جوا بھی بہت شوق سے کھیلتے ہیں اور مکاؤ کے ایک جوئے خانے میں صرف ایک رات میں چھیاسٹھ ملین ڈالر ہار گئے تھے۔ وہ تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والے کک باکسرز کی حفاظت میں ہوتے تھے۔ وہ آسٹریلین فیڈرل پولیس کا پرائم ٹارگٹ قرار دیے گئے تھے۔ ان کی گرفتاری کے لیے ایشیا، شمالی امریکا اور یورپ کی بیس پولیس ایجنسیاں متحرک تھیں اور اسے اب تک کا سب سے بڑا انٹرنیشنل آپریشن قرار دیا گیا ہے۔انسانوں کی اسمگلنگ: اٹلی میں پاکستانیوں سمیت 19 ملزم گرفتار
اربوں ڈالر کی اسمگلنگ
سی چی لوپ کے منظم جرائم پیشہ گروہ کی اسمگلنگ اور دوسری مجرمانہ سرگرمیوں کا دائرہ ایشیا اور آسٹریلیا تک پھیلا ہوا ہے۔ ان کی منشیات اسمگلنگ کا حجم ستر ارب امریکی ڈالر (ستاون بلین یورو) سے کہیں زیادہ خیال کیا جاتا ہے۔ یہ صرف ایشیا پیسیفک کی ڈرگ ٹریڈ کا حجم ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ اس کاروبار میں نشہ آور اشیا میں ہیروئن، کیٹامین اور میتھامفٹامین خاص طور پر نمایاں ہیں۔ ان کا جرائم پیشہ گروہ کی سرگرمیوں میں منشیات کی غیر قانونی ترسیل کے ساتھ ساتھ قتل، اغوا، اداروں میں مالی غبن اور بھتہ وصول کرنا بھی شامل ہے۔ ان کے گروہ میں شامل افراد کی تعداد بھی ہزاروں میں بتائی جاتی ہے۔
ڈارک نیٹ پر منشیات اسمگلنگ: بین الاقوامی کارروائی
ٹی بیگز میں منشیات
ایسا بتایا گیا ہے کہ سی چی لوپ کے گروہ کے افراد ٹی بیگز میں منشیات ڈال کر اسمگلنگ کرنے میں شہرت رکھتے تھے۔ آسٹریلین فیڈرل پولیس کا کہنا ہے کہ ان کے ملک میں ستر فیصد اسمگلنگ چوپ کا گروہ کرتا ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے منشیات اور جرائم (UNODC) کا کہنا ہے کہ سن 2018 میں سی چی لوپ کے گروہ نے صرف میتھامفٹامین کی ترسیل کر کے کم سے کم آٹھ بلین ڈالر کمائے تھے لیکن یہ مالیت قریب اٹھارہ بلین ڈالر بھی ہو سکتی ہے۔
ع ح، ع ا (روئٹرز، اے ایف پی)