1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشیا: دفاعی اخراجات میں چین سر فہرست

Imtiaz Ahmad16 اکتوبر 2012

گزشتہ ایک دہائی کے دوران ایشیا کی بڑی طاقتوں نے اپنے فوجی اخراجات میں ڈرامائی اضافہ کیا ہے۔ چین اپنے دفاعی بجٹ میں چار گنا اضافے کے ساتھ سر فہرست ہے۔

China erster Flugzeugträger
تصویر: Reuters

ایک امریکی تھنک ٹینک کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دس برسوں میں چین اور ایشیا کے دیگر چار ملک دفاعی اخراجات میں اضافہ کرتے ہوئے یورپ کو بھی پیچھے چھوڑ گئے ہیں۔

واشنگٹن میں قائم سینٹر فار اسٹریٹیجک اینڈ انٹرنیشنل سٹڈیز کے مطابق اس خطے میں اسلحے کی دوڑ کا ابھی آغاز ہوا ہے اور اگر منصوبے کے مطابق امریکا کی اسٹریٹیجک توجہ ایشیا پیسیفک پر مرکوز رہی تو اس دوڑ میں مزید اضافہ ہوگا۔

سی ایس آئی ایس کی جاری کردہ اس رپورٹ کے مطابق چین، بھارت، جنوبی کوریا، جاپان اور تائیوان کے دفاعی اخراجات 224 بلین ڈالر تک پہنچ چکے ہیں اور یہ سن دو ہزار کے مقابلے میں دو گنا زیادہ ہیں۔

سن 2005ء میں چین نے اپنے دفاعی اخراجات میں 13.4 فیصد اضافہ کرتے ہوئے ایشیا میں جاپان کو پہلے نمبر سے پیچھے دھکیل دیا تھا۔ دنیا بھر میں دفاعی اخراجات کے لحاظ سے چین اس وقت دوسرے نمبر پر ہے جبکہ پہلی پوزیشن پر امریکا براجمان ہے۔

ماہرین کے مطابق چین ایک عالمی اقتصادی طاقت کے طور پر ابھر رہا ہے اور بیجنگ حکومت اپنی سرحدوں سے باہر بھی اپنے اثر و رسوخ کو بڑھانا اور اپنے مفادات کی حفاظت کرنا چاہتی ہے۔

تصویر: AP

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سن 2011 میں چین نے نئے ہتھیاروں کی تیاری اور ان سے متعلقہ تحقیق پر 25.8 بلین ڈالر خرچ کیے۔ یہ رقم سن 2000 میں 7.3 بلین ڈالر کے برابر تھی۔

بیجنگ حکومت کے سرکاری اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے اس رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ سن 2000ء میں چین کا دفاعی بجٹ 22.5 بلین تھا جبکہ سن 2011ء میں یہ بڑھ کر 89.9 بلین ڈالر تک پہنچ چکا تھا۔

آزاد ذرائع کے مطابق چین نے سن 2011 میں اپنے دفاعی اخراجات کی مد میں اس سے کہیں زیادہ رقم خرچ کی، جتنی کہ ظاہر کی جا رہی ہے۔ اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق سن دو ہزار گیارہ میں چین کا دفاعی بجٹ 142.2 بلین ڈالر کے قریب تھا۔

گزشتہ ایک عشرے کے دوران بھارت کے دفاعی بجٹ میں 47.6 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سن دو ہزار گیارہ میں بھارت کا دفاعی بجٹ 37 بلین ڈالر رہا جبکہ جاپان کے فوجی اخراجات چالیس بلین ڈالر سے بڑھ کر 58.2 بلین ڈالر ہو چکے ہیں۔ جنوبی کوریا کا دفاعی بجٹ سترہ بلین ڈالر سے بڑھ کر انتیس بلین ڈالر ہو چکا ہے۔ سن دو ہزار میں تائیوان کا دفاعی بجٹ آٹھ بلین ڈالر تھا جو سن 2011ء میں دس بلین ڈالر ہو چکا تھا۔

اس رپورٹ کے مطابق جاپان نے سن دو ہزار گیارہ میں اپنے ہر فوجی پر اوسطاﹰ دو لاکھ اڑتیس ہزار ڈالر خرچ کیے جبکہ دیگر چار ملکوں میں یہی فی کس اخراجات اٹھائیس سے چوالیس ہزار ڈالر کے درمیان رہے۔

ia / mm (AFP)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں