1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشیا فٹ بال چیمپئن شپ سیمی فائنل مرحلے میں داخل

عابد حسین22 جنوری 2015

ایشیا فٹ بال چیمپئن شپ نو جنوری سے آسٹریلیا میں کھیلی جا رہی ہے۔ اِس ٹورنامنٹ کا فائنل میچ اکتیس جنوری کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ اب یہ ٹورنامنٹ سیمی فائنل مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔

آسٹریلوی ٹیم جیت کے بعدتصویر: Getty Images/Robert Cianflone

ایشیا فٹ بال چیمپیئن شپ میں شریک سولہ ٹیموں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا اور تمام میچوں کو پانچ آسٹریلوی شہروں میں شیڈیول کیا گیا۔ اِس ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم سن 2017 میں روس میں کھیلے جانے والے کنفیڈریشن کپ کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔ ناک آؤٹ اسٹیج سے قبل تمام گروپوں کی ٹیموں نے ایک دوسرے کے ساتھ میچ کھیلے۔ گروپ اے سے اومان اور کویت کی ٹیموں کو خارج ہونا پڑا اور آسٹریلیا اور جنوبی کوریا اگلے مرحلے میں داخل ہو گئیں۔ گروپ بی سے سعودی عرب اور شمالی کوریا باہر ہوئیں تو بقیہ دونوں ٹیمیں یعنی عوامی جمہوریہ چین کے ساتھ ساتھ قزاقستان بھی ناک آؤٹ اسٹیج میں پہنچ گئیں۔

گروپ سی سے بحرین اور قطر کی ٹیمیں اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہیں۔ اِس گروپ سے ایران اور متحدہ عرب امارت کی ٹیموں نے کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ گروپ ڈی سے جاپان اور عراق کو کوارٹر فائنل راؤنڈ کا پروانہ ملا جب کہ فلسطین اور اُردن ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں۔ کوارٹر فائنل مرحلے کے میچ آج جمعرات اور کل جمعے کے روز کھیلے جائیں گے۔ بائیس جنوری کے میچ جنوبی کوریا بمقابلہ قزاقستان اور چین بمقابلہ آسٹریلیا تھے۔ کل جمعے کے روز دوسرے دو کوارٹر فائنل میچوں میں ایران کا مقابلہ عراق کے ساتھ اور جاپان کو متحدہ عرب امارات کا سامنا ہو گا۔

ایشیا فٹ بال چیمپیئن شپ کے ایک میچ کو دیکھنے والی خاتونتصویر: Parks/AFP/Getty Images

پہلا کوارٹر فائنل میچ جنوبی کوریا اور وسطی ایشیائی ریاست قزاقستان کے درمیان کھیلا گیا۔ میچ کو 23 ہزار سے زائد افراد نے میلبورن کے اسٹیڈیم میں دیکھا۔ میچ کے ریفری سعودی عرب کے فہد المرداسی تھے۔ میچ مقررہ نوّے منٹ تک بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ اضافی وقت کے پہلے حصے کے آخری منٹ میں جنوبی کوریا کے مِڈ فیلڈر سون ہیونگ مِن (SON HEUNG MIN) نے گول کر کے اپنی ٹیم کے لیے برتری حاصل کر لی۔ اضافی وقت کے آخری منٹ میں بھی، جو میچ کا 120 واں منٹ تھا، سون ہیونگ مِن نے دوسرا گول کر دیا۔ اِس طرح جنوبی کوریا نے قزاقستان کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرا کر سیمی فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

دوسرا سیمی فائنل میچ میزبان آسٹریلیا اور عوامی جمہوریہ چین کے درمیان کھیلا گیا۔ برسبین کے مرکزی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ کو 46 ہزار سے زائد شائقین نے دیکھا۔ اِس میچ کے ریفری جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے کِم جونگ ہیُوک تھے۔ میچ کے دونوں گول آسٹریلیا کی جانب سے دوسرے ہاف میں کیے گئے۔ دونوں گول آسٹریلیا کے مشہورِ زمانہ فارورڈ کھلاڑی ٹِم کہل نے کیے۔ پہلا گول کہل نے49 ویں منٹ میں اور دوسرا گول 65 ویں منٹ میں کیا۔ اِس طرح آسٹریلیا بھی سیمی فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کر گیا ہے۔ جنوبی کوریا اور آسٹریلیا کل کے کوارٹر فائنل جیتنے والی ٹیموں کے ساتھ کھیلیں گے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں